جشنِ معراج النبیﷺ 

احمد علی برقیؔ اعظمی

اللہ کا ہے فضل و کرم سرورِ دیں ﷺ پر
نازل ہوئیں قرآن کی آیات اُنہیں پر

معراج کی شب کتنی حسیں تھی یہ ملاقات
’’محبوب و مُحِب دونوں ملے عرشِ بریں پر‘‘

جو اوجِ شرف رحمت عالم کو ہے حاصل
کونین میں ایسا نہیں کوئی بھی کہیں پر

شَل ہوگئی اُن کے پرِ پَرواز کی قوت
تھی تنگ فضا عرش کی جبریلِ امیں پر

حاصل نہ ہوا فیضان جسے اُن کے کرم کا
ذی روح نہیں ایسا کوئی فرشِ زمیں پر

دشنام بھی سن کر تھی دعا اُن کے لبوں پر
آئی نہ شکن سرورِ عالم کی جبیں پر

مانے کہ نہ مانے کوئی برقیؔ ہے تصدق
سیٹ لایٹ و سائنس کی ایجاد اُنہیں پر

تبصرے بند ہیں۔