دیا ادبی فورم کے 172ویں آن لائن فی البدیہہ مشاعرے کے لئے میری کاوش

احمد علی برقی اعظمی

رسول ِ پاک ﷺ نے مُژدے سنائے ہیں کیا کیا
ہمارے واسطے سوغات لائے ہیں کیا کیا
تمام عالمِ امکاں ہے ضوفشاں جن سے
چراغ ر‘شد و ہدایت جلائے ہیں کیا کیا
جہاں میں رشد و ہدایت کا ہیں جو سرچشمہ
پیامِ عدل و مساوات لائے ہیں کیا کیا
رہا نہ عربی و عجمی میں امتیاز کوئی
وہ رنگ و نسل کے فتنے مٹائے ہیں کیا کیا
بنا کے محرمَ اسرار اہلِ صفہ کو
حجاب تھے جو دلوں پر اٹھائے ہیں کیا کیا
جو جانتے نہ تھے آداب زندگی کیا ہیں
طریقے جینے کے ان کو بتائے ہیں کیا کیا
دعا جو دیتے تھے دشنام سن کے بھی برقی
جہادِ نفس کے جوہر دکھائے ہیں کیا کیا

تبصرے بند ہیں۔