دینی مدارس کو نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے؟

* آر ایس ایس اور اس کی حکومتوں نے ملک کی ہندو اکثریت کو اپنا ہم نوا بنانے میں ناکام ہوکر اب پٹے پٹائے موضوعات کو دہرانا شروع کردیا ہے جس کا ثبوت حکومت راجستھان کے دینی مدارس کے خلاف تازہ اقدام سے ملتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ مدارسِ دینیہ ہندوستان کے مسلم معاشرہ میں ایک کلیدی حیثیت کے حامل ہیں بلکہ انہیں اسلام قلعوں سے تعبیر کیا جائے تو غلط نہ ہوگا، جو ملت کے نونہالوں کو ذہنی، فکری، علمی اور عملی ہر طرح کی غذا فراہم کرتے ہیں، ان کو اپنی حقیقت سے آگاہ کرکے ان کے اندر اسلام کے ولولہ انگیز ماضی سے سبق لینے اور دنیا کو امن واخوت سے ہمکنار کرنے کا نہ صرف جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ اسلام کی حقیقت اور روح سے واقف کراکر فکری وروحانی قیادت وسیادت کیلئے بھی انہیں تیار کرتے ہیں، ساتھ ہی ساتھ ان دینی مدارس نے تاریخ کے مختلف ادوار میں ہر قسم کی ملی، سیاسی اور سماجی کاموں میں آگے بڑھ کر حصہ لیا ہے، اور آج بھی ان کی کوششوں کے اثرات کو یہاں دیکھا و پرکھا جاسکتا ہے، خاص طور پرمسلم طبقہ میں خواندگی پر جو شرح ہے وہ اتنی بھی نہیں ہوتی اگر یہ مدارس ان کو علم سے فیض یاب نہیں کرتے۔
ہندوستان کے یہ دینی مدارس اس لحاظ سے بھی دنیا کی دوسری درسگاہوں سے مختلف وممتاز ہیں کہ ان میں حب الوطنی کا سبق دیا جاتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ملک میں مدارسِ اسلامیہ کا وجود ہی دستوری سیکولرازم کا ثبوت ہے جس کا پورے عالم اسلام میں اعتراف کیاجاتا ہے، ان مدارس سے فارغ ہونے والے وہ علماء ہی تھے جنہوں نے 1857ء کے انقلاب سے قبل انگریزوں سے مقابلہ میں مسلمانوں کی پیشوائی کی اور اس کے بعد بھی ہر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور اپنے تلامذہ کی ایک ایسی جماعت تیار کی جس کے رگ وریشہ میں حب الوطنی کا جذبہ موجزن تھا، علماء کی اس جماعت نے دو قومی نظریہ کا دندان شکن جواب دیا اور آخر تک تقسیم ملک کی مخالفت کرتے رہے۔
ہندوستان کے یہ دینی مدارس ومکاتیب زبوں حالی کا شکار ہونے کے باوجود سرکاری خزانہ پر کبھی بوجھ نہیں بنے خود کنواں کھودنا اور خود پانی پینا مدارس کا شعار رہاہے ان کا سیاست سے براہ راست کچھ لینا دینا نہیں ہے پھر بھی یہ ہندوستانی مسلمانوں کو عملی، فکری اور تہذیبی انحطاط سے بچانے کیلئے آج تک کارآمد ثابت ہوتے رہے ہیں اور ان پر کسی طرف سے حملہ گویا پورے ملک کے مسلمانوں کے وقار، تشخص، تہذیب اور شناخت پر وار ہے اور شک کی نظر پورے مسلمانوں پر شبہ کے مترادف ہے۔
ہندوستان کے طول وعرض میں پھیلے ہوئے یہ مدارس عرصہ سے فرقہ پرست تنظیموں کی آنکھ کا کانٹا بنے ہوئے ہیں کیونکہ وہ اس حقیقت کو سمجھتی ہیں کہ اسلام کی توسیع، مسلمانوں کا وجود، اسلامی شعائر، تحفظِ دین اور اردو زبان کی بقاء وترقی نیز ملک میں مسلم تہذیب کے آثار علائم ان مدارس کی وجہ سے ہی قائم ہیں لہذا وقتاً فوقتاً ان پر انگلی اٹھانے یا ان کی شکل وصورت مسخ کرنے کی سازشیں کی جاتی ہیں، جو اب تک ناکام ونامراد ثابت ہوئی ہیں، پھر بھی دینی مدارس کو نشانہ بنانے کا عمل جاری ہے(یو این این)

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔