رمضان المبارک یا رمضان کریم؟

مفتی شکیل منصور القاسمی

"کریم ” عربی زبان میں داتا اور ایسے سخی کو کہتے ہیں جس کا جود وکرم کبھی ختم نہ ہو۔ یہ لفظ اللہ سبحانہ وتعالی کے اسماء حسنی میں ہے۔ ذات باری کے ساتھ خاص ہے۔

لسان العرب میں ہے :

الكريم : من صفات الله وأسمائه، وهو الكثير الخير الجواد المعطي الذي لا ينفد عطاؤه، وهو الكريم المطلق . والكريم : الجامع لأنواع الخير والشرف والفضائل . والكريم . اسم جامع لكل ما يحمد فالله عز وجل كريم حميد الفعال، ورب العرش الكريم العظيم۔

الكريم : اسم من أسماء الله الحسنى، ومعناه : الشّريف الطّاهر الرّفيع المنزلة، الذي لا يمنُّ إذا أعطى، والذي تكثر منافعه وفوائده، والصّفوح عن الذّنوب :- { مَا غَرَّكَ بِرَبِّكَ الْكَرِيمِ }

المعجم الوسيط:

الكَريمُ : من صَفات الله تعالى وأَسمائه، وهو الكثيرُ الخير الجوادُ المُعطِي الذي لا ينفَذُ عطاؤه۔

رمضان کا مہینہ وہ عظیم اور بابرکت مہینہ ہے جس کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف کی گئی ہے،نبی کریمﷺ نے رمضان المُبارک کو اللہ تعالیٰ کا مہینہ قرار دیا ہے، چنانچہ اِرشاد فرمایا :

”شَعْبَانُ شَهْرِيْ وَ رَمَضَانُ شَهْرُ اللهِ“

شعبان میرا مہینہ اور رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔ (کنز العمّال عن الدّیلمی :35172)

”نِعْمَ الشَّهْرُ شَهْرُ رَمَضَانَ“

رمضان کا مہینہ کیا ہی بہترین مہینہ ہے!!۔ (کنز العمّال :23701)

”سَيِّدُ الشُّهُورِ شَهْرُ رَمَضَانَ وَأَعْظَمُهَا حُرْمَةً ذُو الْحِجَّةِ“

رمضان المُبارک کا مہینہ تمام مہینوں کا سردار ہے اور حرمت کے اعتبار سے ذوالحجہ سب سےزیادہ عظمت والا ہے۔ (شعب الایمان :3479)

اس مہینہ کو خود زبان رسالت مآب نے "عظیم ” اور ” مبارک ” قرار دیا ہے

”يَاأَيُّهَا النَّاسُ قَدْ أَظَلَّكُمْ شَهْرٌ عَظِيمٌ، "شَهْرٌ مُبَارَكٌ“

اے لوگو!تم پر ایک عظیم مہینہ سایہ فگن ہورہا ہے، جو بڑا بابرکت مہینہ ہے۔ (شعب الایمان:3336)

ایک روایت میں ہے آپ ﷺنے اِرشاد فرمایا:”أَتَاكُمْ رَمَضَانُ شَهْرٌ مُبَارَكٌ“ تمہارے پاس رمضان آیا ہے جو ایک مُبارک مہینہ ہے۔ (نسائی :2106)

شارع علیہ السلام کی اس واضح تعلیم وہدایت کے باوجود بعض متجددین اس ماہ مبارک کو ” کریم ” کہنے پہ مصر ہیں، جس کی صراحت کسی حدیث میں نہیں۔

رمضان کا مہینہ یقینا منبع رشد وہدایت ہے۔ لیکن رمضان بذات خود کسی کو کچھ نہیں دے سکتا۔ اس لحاظ سے رمضان کے لئے لفظ کریم کا استعمال بہتر نہیں۔

اللہ امت کو جدت بیجا سے محفوظ فرمائے۔

تبصرے بند ہیں۔