روح پر جھلکیوں کا حج کی یہ نذرانہ ہے!

رحمت الہی برقؔی اعظمی مرحوم

میرے والدِ مرحوم حضرت رحمت الہی برق اعظمی ایک باکمال اور صاحب طرز استاد سخن تھے جنھیں جانشین داغ دہلوی حضرت نوح ناروی سے شرف تلمذ حاصل تھا جو اپنی خوئے بے نیازی اور زمانے کی ناقدر شناسی کی وجہہ سے پردۂ گمنامی سے باہر نہ آسکے۔حجِ بیت اللہ کی مناسبت سے ان کی ایک نظم پیش خدمت ہے.( احمد علی برقیؔ اعظمی)

روح پرور جھلکیوں کا حج کی یہ نذرانہ ہے

آج کا دن یادگار ہمتِ مردانہ ہے

جمع ہیں مکہ میں دنیا بھر کے پروانہ صفت

ضوفگن کعبہ میں شمعِ جلوۂ جانانہ ہے

پی رہے ہیں باندھ کر احرام رندان ولا

مے براہیمی ہے لیکن احمدی پیمانہ ہے

ہے لبوں پر نعرۂ تکبیر کی دلکش صدا

شوق میں ہر ہر قدم پر سجدۂ شکرانہ ہے

اِذن ہے پیاسا نہ جائے کوئی رندِ معرفت

جوش پر دریا دلیٔ ساقیٔ میخانہ ہے

صف بصف مستوں کی ٹولی ہے پرا باندھے ہوئے

نعرۂ تکبیر سے گونجا ہوا میخانہ ہے

کیوں نہ ان بندوں کی قسمت پر فلک کو رشک ہو

رحمتِ حق جن کے شانوں سے ملائے شانہ ہے

ہوشیار اے مُرغِ شاخِ نخلِ طوبیٰ ہوشیار

حُبِ دنیا دام ہے حِرص زمانہ دانہ ہے

حُسنِ اخلاق و مروت پر ہے سب کچھ مُنحصر

کوئی اپنا ہے نہ دنیا میں کوئی بیگانہ ہے

بوئے اُلفت گر نہیں تجھ میں تو ہے ننگِ چمن

دیکھ سبزہ جُزوِ گلشن ہوکے بھی بیگانہ ہے

غور سے سن برقؔ کے اشعار اور دل سے سمجھ

کام کی باتیں ہیں گو انداز گُستاخانہ ہے

تبصرے بند ہیں۔