سہ ماہی ادب سلسلہ کے تازہ شمارہ کی رونمائی

ڈاکٹر عزیز سہیل

محمد سلیم(علیگ) کی ادارت میں شائع ہونے والا عالمی طرز کا سہ ماہی ادبی رسالہ ’’ادب سلسلہ‘‘کا تازہ شمارہ کی رسم ور نمائی کراؤن فنکشن ہال محبوب نگر میں اردو ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی جانب سے ایک ادبی محفل میں ڈاکٹر شیخ سیات علی اور حلیم بابر ؔ کے ہاتھوں انجام پائی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عزیز سہیل نے ادب سلسلہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادب سلسلہ ایک میعاری ادبی رسالہ ہے جو تجربہ کار صحافی و ادیب محمد ( سلیم علیگ )مدیر، تبسم فاطمہ معاون مدیر کی ادارت میں 2016ء سے مسلسل شائع ہورہا ہے مختصر عرصہ میں ہی اس رسالہ نے عالمی شہرت حاصل کرلی جس کی وجہہ اس کے خصوصی شمارے ہیں جو ایک دستاویزکی اہمیت رکھتے ہیں۔

اس رسالہ کے خصوصی شماروں میں ’’افسانہ نمبر،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا اقلیتی کرداراور مسلمان، اگر سرسید نہ ہوتے ؟، نندا کشور وکرم، انتظار حسین، آزاد خیالی،باغی اور بااختیار خواتین و دیگرشامل ہیں تازہ شمارہ جنوری تا مارچ 2018ء ’’ترقی پسندی اور حقیقت نگاری کا دوسرا دور، سلگتے شہر کی کہانیاں ‘‘ کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔ اس شمارے میں ترقی پسند تحریک کے عنوان سے، کتابیں بولتی ہیں ۔ تبسم فاطمہ، روشنائی پہلی کل ہند کانفرنس،سجاد ظہیر،سلسلہ غزلیں ،یادرفتگاں میں ، داستانی غزل گو:اسعد بدایونی، مبین صدیقی کا مضمون،ترقی پسندتحریک کچھ یادیں کچھ باتیں کے تحت اعجاز حسین،ڈاکٹر رضوان احمد مجاہد،ڈاکٹر وسیم انور،منصور آفاق،ڈاکٹر عزیز سہیل کے مضامین شامل ہیں ، ترقی پسند تحریک کے75سالہ سفر پر پروفیسر علی احمد فاطمی کی تحریر بھی شامل ہے۔

مشرف عالم ذوقی کی کہانیاں اور دیگر احباب کے افسانے،نظمیں اور خطوط شامل ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ادب سلسلہ کا آئند شمارہ’’ عورت ہزار رنگ‘‘کے عنوان سے شائع ہوگا۔ ڈاکٹر شیخ سیادت علی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اکیسویں صدی میں چند شخصیتیں اردو کے فروغ میں انفرادی طور پر کوشاں ہیں اور محنت کررہی ہیں ان میں محمد سلیم بھی شامل ہیں اردو کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے اردو اخبارات،رسائل خرید کر مطالعہ کرنا چاہئے اور دیگر احباب کو اس کا خریدار بنانا چاہئے جس کے سبب ان رسائل کی اشاعت ممکن ہوپائی گی۔ حلیم بابر ؔنے اپنے خطاب میں کہاکہ انٹرنیٹ اور سوشیل میڈیا کے فروغ کے سبب پرنٹ میڈیا پر توجہ کم دی جارہی ہے اردو کا فروغ عصری ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ پرنٹ میڈیا پر بھی ہونا چاہئے انہوں نے مزید کہا کہ محمد سلیم علیگ نے عالمی سطح کا رسالہ شائع کیا ہے جس کی وجہ وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ضرورت ہے کہ محمد سلیم کی ہمت افزائی کی جائے اور اردو اخبارات ورسائل کی خریداری کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے۔

اس موقع پرمحمد تقی حسین صدر اردو ڈیولپمنٹ سوسائٹی، جناب سلیم اقبال، ڈاکٹر حمیرہ سعید، حافظ محمد ادریس، شیخ شجاعت علی، مرزا قدوس بیگ، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ،شیخ نیاز الدین صابری و دیگر شامل تھے۔

تبصرے بند ہیں۔