طلبۂ مدارس: مہمان رسول  یامہتمم و اساتذہ کے بندھوا مزدور؟

حافظ محمد ہاشم قادری مصباحی

   مدارس اسلامیہ اور دینی تعلیم لازم و ملزوم ہیں مدرسہ کا نا م سنتے ہی ذہن و دماغ میں ایک خوشبو سی محسوس ہو تی ہے اور دل بھی خوشی محسوس کرتا ہے دینی تعلیم ہی ایک ایسی تعلیم ہے جو انسان کو انسان بنا تی ہے، ہر زمانے اور ہر معا شرے میں تعلیم(Education) کا حصول ایک جزولاینفک ہے تعلیم کو ایک منفرد بنیادی مقام حاصل ہے۔ تعلیم کی اہمیت شاید مسلمانوں کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے؟ جس کی مذہبی کتاب کلام الٰہی قرآن کریم کی شروعات ہی اِقْرَاْ بِا سْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ۔ ( القرآن، سورہ علق96، آیت 1) تر جمہ:پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے ہر چیز کو پیدا کیا،قر آن کریم کی با اعتبار نزول سب سے پہلی آیت کریمہ یہی ہے اور سب سے پہلی نعمت بھی جو اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب  ﷺ اور اپنے بندوں پر انعام کی اور یہی وہ پہلی رحمت ہے جوارحم الر احمین نے اپنے رحم وکرم سے ہمیں (بندوں ) دی تعلیم کی اہمیت و فر ضیت کا اندازہ سورہ ر حمٰن کی ابتدا ئی آیات سے آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔

 سورہ کا آغاز:’’الرحمٰن‘‘ سے کیا گیا۔ معاً بعد ہی اپنی بے شمار نعمتوں اور نواز شوں کا ذکر کیا گیا۔ ان میں سب سے پہلی نعمت’’علم القر آن‘‘ یعنی تعلیم قرآن کو کہا۔ پھر انسان کی تخلیق وپیدائش کے ذکر کے بعد تعلیم القرآن کا دور آتا ہے، تعلیم کے بغیر انسان کی تخلیق(پیدائش) بے معنیٰ وبے مقصد ہے۔ رب العالمین نے غار حرا کے تیرہ وتا ریک گو شوں میں سب سے پہلے علم کا درس دیا۔ چنانچہ نبی کریم  ﷺ نے جب علم کا درس حضرت جبر ائیل امین سے حاصل کرلیا اور وحی الٰہی سے ربط ہو گیا، تو فرائض اور امر با المعر وف ونہی عن المنکرو احیائے شریعت کی دعوت دینا شروع فر مایا۔ تعلیم کے بہت سے شعبے ہیں جس میں تعلیم قرآن وسنت کا شعبہ بہت اہم ہے کیونکہ یہ وحی الٰہی اور مصطفٰے  ﷺ کے فر مان سے مر بوط ہے۔

 یہی سبب ہے کہ مغربی دنیا سے لیکر دوسرے مذاہب کے لوگ اسی میں لگے ہیں کہ مسلمانوں کو کیسے قرآن سے دور کیا جائے چنانچہ بدنام زمانہ صہیونی صموئیل زویمر(Samuel zweimer) نے1924 میں عیسائی مبلغین کی چوٹی کی کانفرنس میں اپنی رپورٹ پیش کر کے کہا تھا:’’ ہماری کامیابی کا راز اس بات میں پنہاں ہے کہ ہم مسلمانوں کو دین اسلام اور قرآن سے دور کردیں، تا کہ اس امت کا اللہ سے رشتہ ختم ہو جائے،اس طرح وہ ذرائع و وسائل بھی ختم ہو جائیں گے جن پر قومیں اپنی زندگی میں بھروسہ کر تی ہیں ‘‘۔ ایک مشہور یہودی مبلغ گلاڈ سٹونGlad Stone)) نے پارلیمنٹ آف بر طانیہ میں قرآن کو ہاتھوں میں لے کر لہراتے ہو ئے کہا تھا’’ جب تک یہ کتاب اس روئے زمین پر باقی ہے ہم مسلمانوں کوسر نگوں نہیں کر سکتے‘‘ ڈاکٹر واٹسنWatson)) یوں زہر افشانی کر تا ہے: ’’ ہماری نگا ہیں دینی مدارس میں قرآنی تعلیمات کے نتائج پر ٹکی ہوئی ہیں، چنانچہ ہمیں سب سے بڑا خطرہ مدارس اسلامیہ سے ہے جہاں علوم قرآن کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس لئے کہ قرآن اور اسلامی تاریخ یہ دو ایسے عظیم خطرے ہیں جن سے عیسائی لرزاں ہیں۔ ‘‘

 مدارس اسلامیہ میں قرآن واحادیث طیبہ کے ساتھ جو علوم پڑھائے جا تے ہیں، یہی علوم دینی ودنیا وی اعتبار سے صحیح مسلمان پیدا کرتی ہیں۔ دشمنان اسلام اس راز سے واقف ہیں اسی وجہ کر آج چاروں طرف سے مدارس اسلامیہ پر یلغار ہے دشمن اس راز کو جانتا ہے کہ جب تک یہ سیدھا سادہ بوریا پر بیٹھ کرپڑھنے پڑھانے  والا مولوی اس معاشرے میں موجود ہے، مسلمانوں کے دلوں سے ایمان نکالا نہیں جاسکتا، لہذا دشمنان اسلام مدرسوں کے خلاف پوری تشہیری مہم چلائے ہوئے ہیں اور با قاعدہ اپنی پوری مشینری(Machinery) لگائے ہوئے ہیں مسلمانوں خاصکر اہل علم ودانش وعلمائے کرام کو اس پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مدارس اسلامیہ کی اہمیت پر ڈاکٹر علامہ اقبال کا یہ تاثر مطالعہ فر مائیں۔ آپ نے لکھا ہے:

’’ ان مکتبوں اور مدرسوں کو اسی حالت میں رہنے دو، غریب مسلمانوں کے بچوں کو انہیں مدر سوں میں پڑھنے دو۔ اگر یہ ملا درویش نہ رہے تو جانتے ہو کیا ہوگا؟ جو کچھ ہو گا میں اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا ہوں۔ اگر ہندوستانی مسلمان ان مدرسوں کے اثر سے محروم ہو گئے تو بالکل اسی طرح ہو گا جس طرح اندلس(اسپین) میں مسلمانوں  کی آٹھ8سو برس کی حکو مت کے با وجود آج غرناطہ اور قرطبہ کے کھنڈرات اور الحمراء کے نشانات کے سوا اسلام کے پیروئوں اور اسلامی تہذیب کے آثار کا کوئی نقش نہیں ملتا۔ہندوستان میں بھی آگرہ کے تاج محل اور دہلی کےلال قلعہ وغیرہ کے سوا مسلمانوں کی آٹھ8سو سا لہ حکو مت اور ان کی تہذیب کا کوئی نشان نہیں ملے گا‘‘۔

آج ہندوستان میں بھی آہستہ آہستہ حالات اسی کی طرف گامزن ہیں اللہ خیر فر مائے آمین،آج اگر مسلما نوں میں دین و ایمان کی روشنی،کچھ دینی مزاج اور اسلامی تعلیمات کی رمق ہی سہی باقی ہے وہ ان مدرسوں کی بدولت ہی قائم ہیں، ورنہ مغربی کلچر نے تمدن( شہری بودوباس)، آزادی ٔخیا لات کے نام پر دین کا جس طرح جنازہ نکا لا ہے اور دین کو جس طرح کنارے لگایا ہے اس کا مشاہدہ عائلی (خاندانی)،خانہ جنگی، کاروباری اور عوامی زندگی میں ہر انسان کررہاہے اور اگر اس پر کچھ کہا جاتا ہے تو دولت اور تعیش پرستی کے ماحول میں غریب دین کی آواز کون سنتا ہے؟

مدرسوں کی زبوں حالی ذمہ دار کون؟:مدارس اسلامیہ کے انحطاط، خرابیوں و کمزوریوں کے بہت سے اسباب ہیں جہاں سنٹرل حکومتوں سے لیکر صوبائی حکو متوں کی پا لیسیاں ذمہ دار ہیں، وہیں مسلمان اور خاصکروہ مہتمم اور مدرس جو کھانے کمانے کے لیے مدرسوں کو قائم کئے ہیں وہ بھی اسکے برابر کے ذمہ دار ہیں۔ مغربی بنگال میں کمیو نسٹوں (Communist) کی حکو مت تین دہائی سے زیادہ رہی صرف اورصرف 9 مدارس کا الحاق کیا اور جو مدارس اسلامیہ گورنمنٹ سے الحاق چل رہے تھے ان کے ریٹائرڈ اساتذہ کی جگہوں کو خالی رکھا ایک سازش کے تحت مدرسوں کی کمر توڑ کر رکھ دی جس میں انٹر نیشنل لیبل کا مدرسہ ’’ عا لیہ‘‘ بھی شا مل ہے یہی حال ابھی جموں وکشمیر کا ہے مدرسوں کی بات تو دور اردو اسکولوں کی تین ہزا سے زیادہ جگہ خا لی ہیں لیکن ایک سازش(خفیہ تدبیر) کے تحت مسلما نوں کو جاہل بنا یا جا رہا ہے، کانگریسی حکو متوں نے کیا کم سازشیں کی کہ اب بی جے پی حکومت جس کو آ رایس ایس اپنی آئیڈیا لوجی کے تحت چلا رہی ہے حکو متیں خواہ سنٹرل میں ہوں یا صوبائی یا یوپی میں یوگی کی ہو یا مودی کی سب کھلے عام مدرسوں کو دفن کر نے میں لگے ہیں ابھی 2018   کے مدرسہ بورڈ کے رزلٹ کو دیکھیں 30%سے زیادہ بچوں کو فیل کردیا گیا ہندوستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔

؎ وہی قاتل وہی شاہد وہی منصف ٹھہرے

 اقربا میرے کریں قتل کا دعویٰ کس پر

روز بروز نت نئے قوانین لگا کر مدرسوں کے اسلامی تشخص( پہچان )کو ختم کر نے میں لگے ہیں۔ فہرست بہت لمبی ہے اہل علم سے مخفی نہیں ہے اور اس مقالہ میں سب کی نشاندہی ممکن نہیں سچ اور حق تو یہ ہے ان ظالموں سے زیادہ بڑے ظالم مدارس اسلامیہ کی دوکان چلانے والے پیٹ پرست مہتمم ہیں، تلخ نوائی معاف جہاں انہوں نے مدرسوں کے معیار کو گراکر سب سے نیچے پوائنٹ پر لادیا ہے وہیں انہیں کی دکا نوں (مکتبہ نما مدرسوں ) کی وجہ کر پرانے اور بڑے مدارس بھی بہت متاثر ہوئے اور ہو رہے ہیں جہاں انکی آمدنی کم ہوئی ہے وہیں مدارس کی کثرت سے علم حاصل کرنے والے طلبا ئے کرام کا دھیان بھی بٹ گیا ہے۔ بچے گھوم گھوم کر پڑھنے کے عادی ہو گئے ہیں اور ایک طالب علم کئی کئی جگہ بار بار دستار بندی لیکر اپنے زعم میں عالم فاضل اور نہ جانے کیا کیا بنا پھر رہاہے اور جب کہیں پناہ نہیں ملتی تو پھر وہ بھی مدرسوں کی مارکیٹ میں ایک دوکان کا اضافہ کرکے نیا( دارالعلوم، بحر العلوم وغیرہ وغیرہ)مدرسہ کھولکر بیٹھ جا تا ہے۔ اور پھر اس کے وارے نیا رے،یعنی لاٹری لگ جاتی ہے،نظر اٹھاکر دیکھئے اس کے کتنے مضر اثرات اچھے اور بڑے مدارس وعلوم دینیہ سیکھنے والوں پر ہو رہے ہیں۔ خون کے آنسو روئیں تو بھی کم ہے اس کاذمہ دار مسلم معاشرہ ہے دوسرا نہیں، بہت سی خرابیاں ہیں ایک ہو تو بتائی جائے دو چار ہوں تو گنوائی جائیں، میں ایک اہم خرابی(ناسور) کی طرف چند سطریں تحریر کررہا ہوں، کھا ئو،پکائومہتمموں سے معذرت کے ساتھ۔

مہمانِ رسول! کے ساتھ بندھو امزدور سے بد تر سلوک: مدرسے کی بنیاد تعلیم حاصل کر نے والے مہمان رسول! طالب علم ہو تے ہیں طالب علم کی بے شمار فضیلتیں قرآن واحادیث میں موجود ہیں، تعلیم و تر بیت کا عمل مہتم باالشان اور اخلاص ومحبت وصلا حیت ولیا قت کا متقاضی ہے، اسی لیے اس کی ذمہ داری اللہ جل شانہ کی طرف سے انبیائِ کرام علیہم السلام پر ڈالی گئی اورعلمائے کرام کو ورثۃالانبیاء ہونے کا شرف حاصل ہوا،آج بھی کثیر تعداد میں نیک علما اس نیک عمل کو انجام دے رہے ہیں۔ جہاں اللہ نے علما کو وارث انبیاء کا جلیل القدر مقام عطا فر مایا،وہیں علوم دینیہ کے طالب علم کو عزت،مقام ورتبہ سے سر فراز فر مایا، جب طالب علم گھر سے اللہ کی رضا کی خاطر محض حصول علم کے لیے نکلتے ہیں تو فرشتے ان کے لیے اپنے مقدس پر بچھا تے ہیں، سمندر کی مچھلیاں ان کے لیے استغفار کر تی ہیں، اور چیونٹیاں اپنے بلوں میں طالب علم کے لیے دعائیں کر تی ہیں۔ علماء اورعلم سیکھنے والوں کی فضیلت قرآن میں جا بجا آئی ہے۔(القرآن،سورہ آل عمران 3،آیت18 )تر جمہ: اور للہ نے گواہی دی کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور فرشتوں نے اور عالموں نے انصاف سے قا ئم ہو کر اس کے سوا کسی کی عبادت نہیں عزت والا حکمت والا،۔(کنزالایمان)

اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنے ساتھ فرشتوں اور پھر اہل علم کا ذکر فر مایا۔ امام قرطبی فر ماتے ہیں کہ اس آیت میں علم کی فضیلت اور علماء کی عظمت کا ذکر ہے۔اگر علما سے زیادہ کوئی معزز ہوتا تو اس کانام بھی فرشتوں کے ساتھ لیا جاتا۔قرآن واحادیث میں علم اور علم دین سیکھنے والوں کی فضیلت واہمیت مسلم ہے کسی کو اس سے انکار کی کیا مجال، یہ ساری فضیلتیں (پیٹ بھر تو)مہتمم کو اس وقت خوب یاد رہتی ہیں جب مدرسہ کے لیے چندہ لینا رہتا ہے، دوسرے مدرسے کے بھاگے یا بھگائے طالب علم کی دستار کے وقت بھی یاد رہتی ہے،جب تین طالب علم کی دستار(پگڑی) کے لیے 30 پگڑی کا چندہ کر نا ہوتا ہے تب خوب خوب طلبہ کی فضیلت بتائی جاتی ہے۔ لیکن افسوس صد افسوس! جب انکی تعلیم و تر بیت اور ان کے رہنے، کھانے پینے کی بات ہوتی ہے انتظام کی بات ہوتی تو اسوقت کوئی فضیلت یاد نہیں رہتی ہے، نسیان کی بیماری میں مبتلا ہو جاتے ہیں، ہر دن ابالا چاول، آلو کا بھرتہ، ابالا چاول، آلو کا بھرتہ، ابالا چاول، آلو کا بھرتہ کبھی 15 یا20دنوں میں چٹکی بھر سبزی۔ طالب علم کے لیے گوشت بھی غذا ہے مہتمم کو معلوم ہی نہیں، اللہ کے فضل سے گیا رہویں اور بارہویں شریف کی نیاز میں طالب علم کو گوشت سے ملاقات ہو جاتی ہے یا پھر مرے لوگوں کا تیجہ، دسواں، چالیسواں، برسی کے فاتحہ میں مل جاتاہے۔ یہ ایک سچی اور ناقابل انکار حقیقت ہے جو مسلم قوم کے لیے المیہ ہے،ولیمہ کی دعوت تو امیروں کے لیے ہوتی ہے شاذو نادر ہی کوئی اللہ کا نیک بندہ ولیمہ کی دعوت د ے د یتا ہے اللہ اس کابھلاکرے،حالات بہت ابتر ہیں کیا کیا لکھوں۔

زکوٰۃ خور  مدارس، پیٹ بھر تو مہتمم ذ مہ دار کون؟ علوم دینیہ کا طالب علم اساتذ ہ کے پاس قوم کی امانت ہے۔ہونا یہ چاہیے تھا کی امانتدار بچوں کو دین سکھائیں دین کا محافظ بنائیں نہ کہ اپنے رزق کا ذریعہ؟ قوم کی زکوٰۃ تو بلا حساب آرہی ہے۔ لیکن دینے والے بھی (انجانے میں ) اس گھوٹالہ میں شامل ہیں، لوکل تعا ون دینے والوں کو چاہیے کہ وہ دیکھ بھال کر بات چیت کرکے اپنی زکوٰۃ،صدقات، عطیات دیں ممبئی،چنئی باہر والے تو آکر دیکھیں گے نہیں، لوکل تعاون دینے والوں پر ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دیکھ بھال کر یں مدرسے میں کتنے اسٹاف ہیں کتنے بچے ہیں ان کے رہنے کی جگہ دیکھیں کھانا جو روز ملتا ہے وہ دیکھیں تب آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی خون کے آنسو رونے لگیں گے مدرس صرف ایک دو، پڑھائی ندارد، قرآن خوانی کا دھندا عروج پر، طالب علم کو فجر کی نماز میں نہیں جگایا جاتا، کوئی سختی نہیں کی جاتی طالب علم بھاگ جائے گا، لیکن گھنٹہ بھر بعد قرآن خوانی کے لئے ڈنڈا لیکرجگایا جاتا ہے اسوقت سختی جائز ہو جاتی ہے کیونکہ مال (روپیے) آتے ہیں، نماز کے وقت رعایت یہ حال ہے جب کھانا جیسی اہم  چیز کا یہ حال ہے تو رہنے سہنے کی باتیں کیا لکھوں آپ پڑ ھیں گے تو رونگٹیں کھڑے ہوجائیں گے، قوم کو جاگنا ہو گا مسلم قوم مدرسے کے نام پر اپنے صدقات، زکوٰۃ وعطیات دے رہی ہے اس کے ساتھ بھی ظلم عظیم ہے اس پہ توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے جو لوگ تعاون پیش کریں، وہ بات کر کے تعاون دیں کہ پڑھا ئی لکھائی کا صحیح نظم کریں اور بچوں کے کھانے پینے کا بھی حتی المقدور مناسب انتظام کریں ور نہ آئندہ میرا تعاون جاری نہیں رہ سکے گا یہ تنبیہ بہت ضروری ہے۔

زکوٰۃ خور، پیٹ بھر تو مہتمم کی شا ہانہ زندگی کاراز:مہتمم جنکی نہ کوئی نوکری نہ کوئی کاروبار نہ جاگیریں پھر یہ کیسے اتنی فا ئیو اسٹار زندگی گزار رہے ہیں، انکی تعیش والی زند گی دیکھیں بڑے بڑے کر کٹر،فٹبالر، دولت مند رئیس ہیچ ہیں کہاں سے انہیں من و سلوی (خوان نعمت) اتر رہا ہے انکے بچے بہترین انگلش اسکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ( اپنے بچوں کو پڑ ھاتے وقت علوم دینیہ کی فضیلت بھول جاتے ہیں ) جن کے ذریعہ یہ تعیش، ٹھاٹھ، آسائش،شان وشوکت، مہنگی کار، خوبصور ت لگژری مکان وغیرہ وغیرہ  استعمال کر رہے ہیں انھیں طالب علموں کو بندھوا مزدور سے زیادہ بد تر زندگی گزار نے پر مجبور کئے ہوئے ہیں، گھر کے تمام کام کاج یہاں تک کہ  چھوٹے بچوں کے ڈائیپرز(Diaper ) پا خا نہ تک پھینکو ا نے میں ذرا برابر شر م و عار نہیں محسوس کرتے بلکہ خوف خدا بھی نہیں رکھتے کہ یہ مہمان رسول ہیں الامان والحفیظ تو بہ استغفر اللہ توبہ استغفر اللہ۔ ایک عبرت ناک اور دلچسپ چھوٹاسا  واقعہ ملاحظہ فر مائیں ( ان شاء اللہ عنقریب میرا کتابچہ اسی سلگتے ہوئے موضوع پر آپ کو ملے گا) سخت سردی کے موسم میں تیز بارش میں ایک دنیا دارظالم استاذنے تقریباً آٹھ8سال کے طالب علم کو چائے لانے ہوٹل بھیج دیا،بیچارہ طالب علم مرتا کیانہ کرتا بغیر چھا تا بھیگ کر چا ئے لانے چلا گیا اور چائے لانے میں وہ پوری طرح بھیگ گیا ٹھنڈ سے وہ کانپ رہا تھا میں نے کہا جائو جلد کپڑے بدلو (ظالم) استاد کا حکم ہوا پہلے چائے تقسیم کرو، وہ پو لی تھین(Polythene) سے کپ میں چائے ڈالنے لگا اسی بیچ سردی کی تھر تھراہٹ کی وجہ کر چائے گر گئی بس کیا تھا (ظالم) استاد اٹھا اور چھڑی سے لگا تڑ تڑانے جب ظلم کی حد بڑھ گئی تو میں کھڑا ہو گیا اور کہا کہ اب ایک چھڑی بھی آپ نے ماری تو بہت برا ہوگا،آنجناب ہم سے الجھ پڑے ہا تھا پائی کر نے لگے، سوچا یہ55سال کا بڈھا میں 30سال کا نوجوان میرے سامنے کیسے آگیا، ( الحمدللہ!) بچپن میں کھیل کھیل میں پہلوانی اکھاڑا میں کھیلا وہ اب کبھی کبھی کام آتا ہے) لیا جھپٹا اور مارا دھوبی پاٹا(دائوں ) دھڑام،آنجناب کھڑے ہوئے پھر لپا جھپی کرنے لگے، لیابغلی قینچی پٹخنی پھر دھڑام میں نے کہا مفتی صاحب اگر اب کی بار آگے بڑھے تو اٹھا کر سیڑھی پر پٹخوں گا کمر کی ہڈی ٹوٹ جائے گی،لوگ چھڑا دیئے آج تک ان کی جھینپ نہیں ختم ہوئی اورمیری شر مندگی بھی آج تک نہیں گئی۔ کئی عبرت آموز واقعات ہیں کیالکھوں، ایسے مدارس میں تعاون کر نے والے عوام اہل ثروت حضرات اس گناہ میں برا بر کے شریک ہیں غور کریں جن مدارس میں پڑھائی اور خاصکر بچوں کے کھانے پینے کا نظام انتہائی گرا ہواہو وہاں تعاون کرتے وقت  چتائونی(Warning) دے دیں اگر سدھار نہیں ہوا تو ضرورآگے میراتعاون بند ہو جائے گا۔ان کی آمدنی بند کریں تاکہ آپ کے پیسوں سے جو یہ شاہا نا ٹھاٹھ باٹ والی زندگی گزار رہے ہیں ان کو سمجھ میں آئے،اللہ ہم سب کو طالب علموں کی عزت، احترام واکرام کر نے کی توفیق عطا فر مائے اور خاصکر پیٹ بھر تو مہتمم حضرات کو بھی توفیق دے اوراپنا خوف عطا فر مائے آمین۔

تبصرے بند ہیں۔