لقما ن حکیم (چھٹی قسط)

دوست

بیٹا !جاہل سے دوستی نہ کروکہ وہ سمجھنے لگے کہ تجھ کو اس کی جاہلانہ باتیں پسند ہیں اور دانا کے غصہ کو لاپرواہی میں نہ ٹال دینا کہ کہیں وہ تم سے جدائی اختیار نہ کرلے ۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد 3اور4 صفحہ 48 طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)

بیٹا !اپنے دوست اور والد کے دوست کومحبوب رکھو۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد 3 اور4 صفحہ 48 طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)

بیٹا !دوست کومصیبت کے وقت آزمائو۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ۶۹مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )

بیٹا !نفع اور نقصان دونو ں میں دوست کوپرکھو۔(مذکورہ حوالہ )

بیٹا !زیر ک اوردانا کو دوست بنائو ۔(مذکورہ حوالہ )

بیٹا !دوستوں کو عزیز جانو ۔(مذکورہ حوالہ )

بیٹا !دوست اوردشمن سب سے خندہ پیشانی سے ملو۔(مذکورہ حوالہ )

بیٹا !اپنے مال کودوست اوردشمن سب کودکھاتے مت پھرو۔(مذکورہ حوالہ )

بیٹا !اپنے دوستوں کی تعداد بڑھائو اور دشمنوں سے بے فکر مت رہو ۔اس لئے کہ ان کے دلوں میں کینہ اس طرح پوشیدہ رہتاہے جس طرح راکھ کے نیچے پانی ۔(اختصاص مفید صفحہ 333)

بیٹا !اچھے دوسر گوشہ نشینی اور تنہائی سے بہتر ہیں ۔۔۔۔(بحارالانوار جلد 13صفحہ 414)

بیٹا !اپنے لئے ہزار دوست منتخب کرلو اور یہ جان لو کہ وہ ایک ہزار دوست بھی کم ہیں او رکسی کوبھی دشمن نہ بنائو اس لئے کہ وہ ایک بھی بہت ہے ۔(امالی شیخ صدوق صفحہ 597)

’’یابنی !الوحدۃ خیر من صاحب السوء ‘‘

بیٹا !برے ہمنشین ااوردوست سے بہتر تنہائی ہے ۔(حقوق اولاد اورہدایات اہل بیت صفحہ 146،ناشر ،تنظیم المکاتب،لکھنو ،انڈیا)

بیٹا !لوہے کو ادھر سے ادھر منتقل کرنا برے دوست سے بہتر ہے ۔میرے فرزند! میں نے پتھروں کومنتقل کیاہے لیکن اسے برے دوستوں سے سنگین نہیں پایا ۔(حقوق اولاد اورہدایات اہل بیت صفحہ 146،ناشر ،تنظیم المکاتب،لکھنو ،انڈیا)

بیٹا !فاسق سے دوستی کرنے سے بہتر مومن سے دشمنی کرنا ہے ۔اے میرے لاڈلے ! اگر تو مومن پر ظلم کرے گا تو وہ اس کے بدلے تم پر ظلم نہیں کرے گا اور اگر اس کے خلاف کوئی کام کروگے تو وہ اسے درگزر کردے گااور راضی بھی رہے گا۔لیکن فاسق خدا کے حق کی رعایت نہیں کرتا تو تمہارے حق کی کیا رعایت کرے گا!(اختصاص شیخ مفید صفحہ 333)

بیٹا !جب تم دیکھو کہ تمہارے دوست ایک راہ پر چل رہے ہیں اور سعی و کوشش میں مصروف ہیں تو تم بھی کوشش میں لگ جائو ۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ۔۔۔ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ 433ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )

بیٹا !فاسقوں اوربدکاروں کے ہم نشین نہ بنو کہ وہ کتوں کے مانند ہیں ۔اگرتمہارے پاس کوئی چیز پائیں گے تو کھالیں گے اوراگر کچھ نہ پائیں گے تو تمہاری مذمت و برائی کریں گے او ر تمہاری رسوائی کے در پے ہوں گے ۔ان کی محبت بس تھوڑی ہی دیر کی ہوتی ہے ۔(اختصاص شیخ مفید صفحہ ؍ 333)

دعا

بیٹا !اپنی حاجتوں کے قبو ل ہونے کے لئے دعا سے تھک نہ جائو ۔اس لئے کہ حاجتوں کا پورا ہونا صرف خدا کے ہاتھ میں ہے ۔جو خاص زمانہ اور خاص وقت رکھتا ہے ۔مگر اس کی بارگا ہ میں میلان اور رغبت کے ساتھ متوجہ رہو۔اپنی حاجتوں کو اس سے طلب کرو اور وقت دعا اپنی انگلیوں کو اس کی طرف حرکت دو ۔(بحارالانوار جلد 13صفحہ ؍420)

روزہ

بیٹا !روزہ اس طرح رکھو کہ وہ تمہارے خواہشا ت کی جڑیں کاٹ دے ۔روزہ اس طرح نہ رکھو کہ وہ تم کو نماز پڑھنے سے روک دے ۔اس لئے اللہ کے نزدیک نماز ،روزہ سے بھی افضل عمل ہے ۔(مستدرک الوسائل جلد 3 صفحہ 143)

ذلت

بیٹا !خودکومعاشرہ میں ذلیل نہ کرو ۔ورنہ بے عزت ہوجائو گے ۔(اختصاص مفید ؍332)

زبان

بیٹا !جو شخص اپنی زبان کی حفاظت نہیں کرتاوہ پشیمان ہو تا ہے ۔(اختصاص شیخ مفید ؍ 332)

بیٹا !تم کبھی بھی بد زبان شخص سے فریب نہ کھانا ۔اس لئے کہ نافرمانی کی وجہ سے اس کے دل پر مہر لگادی گئی ہے ،اس کے اعضاء بالتے ہیں لیکن اسی کے خلاف۔(اختصاص شیخ مفید ؍ 336)

بیٹا !زبان کوقابو میں رکھو ۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد 5 صفحہ 69مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )

بیٹا !جان لو کہ داناکی زبان میں خدا کی طاقت ہوتی ہے ۔ان میں سے کوئی کچھ نہیں بولتا مگر یہ کہ اس بات کواللہ اس طرح کہنا چاہتا ہو۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)

سفر

بیٹا !جب تم سفرکروتو اپنے ساتھ اسلحہ ،لبا س ،خیمہ ،پانی اور سینہ پرونے کے وسائل اور ضروری دوائیں کہ جس سے تم اورتمہارے ساتھی استفادہ کرسکتے ہیں ،لے لیا کرو ۔اپنے ہم سفر کے ساتھ اللہ کی نافرمانی کے علاوہ تمام امور میں ہاتھ بٹائو ۔

بیٹا !جب کسی گروہ کے ساتھ سفر کرو تو اپنے کاموں میں ان سے مشورہ کرلیا کرو۔ان سے خندہ پیشانی سے پیش آئو ۔جو کچھ زاد راہ تمہارے پاس ہو اس میں سخاوت سے کیا کرو ۔تمہارے ساتھی جب بھی تمہیں بلائیں فورا جواب دیا کرو اور اگر تمہاری مدد کے طالب ہیں تو فورا ان کی مدد کیاکرو ۔جتناہو سکے سکوت اختیار کرو۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ۔۔۔ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ 423ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )

سواری

بیٹا !اگرممکن ہوتو سواری اورتیر اندازی سیکھ لو۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ؍۷۰مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )

بیٹا !سواری اورآب و غذ اجو کہ تمہارے پاس ہے اس میں سخاوت سے کام لیا کرو ۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ۔۔۔ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ ۴۲۳ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )

تبصرے بند ہیں۔