نوجوانوں میں نشہ آوراشیاءکا بڑھتا رجحان !

محمد آصف ا قبال، نئی دہلی

        انسان کو لگنے والی کسی بھی طرح کی لت اچھی نہیں سمجھی جاتی۔ عموماً یہ لفظ استعمال بھی منفی معنوں میں ہی ہوتا ہے۔ اس کے باوجود مختلف افراد اپنے ذوق کے لحاظ سے مختلف طرح کی لتوں میں ملوث ہوتے ہیں اور توجہ دلانے کے باوجود ان کے لیے اپنی مخصوص لتوں سے چھٹکارا ایک اہم مسئلہ بن سامنے آتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اوقات مذہبی امور میں بھی انسان نہ جانے کون کون سی لتوں میں ملوث ہوجاتا ہے۔ نتیجہ میں مذہب کے اُس آفاقی تصور سے وہ نالاں رہتا ہے جومطلوب ہے۔ لتوں سے چھٹکارے کی خواہش اورسعی و جہد کے با وجود اگر فرد یا گروہ کی صحیح رہنمائی نہ کی جائے تو عین ممکن ہے کہ ایک لت سے نکل کر دوسری اور دوسری سے نکل کر تیسری لت میں وہ مبتلا یہاں تک کہ وقت ضائع ہوتا رہے لیکن منزل مقصود ہاتھ نہ آئے۔ دیکھا جائے تو منزل مقصود تک نہ پہنچنے کے عموماً دواسباب بیان کیے جا سکتے ہیں؛ ایک:صحیح رہنماکی عدم موجودگی اور دو:جذبہء عزیمت کافقدان۔ پھر ان اسباب کے پس پشت بھی دو بڑے اسباب کارفرما ہیں؛ ایک: خلوص نیت کی کم یابی اور دوسری: مثالی رہنما کا نہ پایا جانا یعنی کسی بھی طرح کی لت میں مبتلا ہے ہر  وہ شخص جو اُس سے چھٹکارا چاہتا ہے نیز وہ تمام نجات دہندہ، ہر دو سطح پر ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں۔ اور چونکہ مریض اور شفاداں،ایک دوسرے کی مخالف سمت میں گامزن ہیں لہذا تمام طرح کی خواہشات اور مختلف سطح پر کی جانے والی ظاہری کوششوں کے باوجود، نتائج کے اعتبار سے ناکامی ہی ہاتھ آتی ہے۔ کچھ یہی حال ہمارے معاشرتی و مذہبی مسائل واموراور ان میں حائل افراد و گروہوں کا بھی ہے کہ اگر ایک فرد یا گروہ سنجیدگی کے ساتھ سعی وجہدکرتا نظر بھی آتا ہے تو اس کے مخالفین کی بھی ایک بڑی تعداد فوراً ہی سامنے آجاتی ہے۔جس کے نتیجہ میں مسائل کا حل دیر پا نہیں رہ پاتا۔ اس سب کے باوجود اگر عزائم بلند ہوں اور خلوص نیت بھی کسی حد تک پائی جاتی ہو، تو کامیابی طے شدہ ہے۔ بس چاہیے تو  شوق،تمنا،ارمان اورطلب۔

        ہندوستان میں نشہ کی لت عام ہے۔ نشہ کی ایک شکل گانجہ، چرس، بھانگ، ہیروئن اورافیون ہے جس کے عادی بڑی تعداد میں چہار جانب موجود ہے۔ وہیں دوسری شکلوں میں بیڑی، سگریٹ اور شراب نوشی میں مبتلا افراد کی تعداد بھی کچھ کم نہیں۔ نشہ کی ایک اورشکل گٹکہ ہے۔ گزشتہ دودہائیوں میں ہر عام و خاص کے درمیان گٹکہ کی وبا عام ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ یہ ایک مکمل انڈسٹری بن چکی ہے۔ ہندوستانی معاشرہ میں نشہ آور اشیاء کا ستعمال قابل گرفت نہیں ہے۔ ہندو معاشرہ میں خوشی کے مختلف مواقع پر نشہ آور اشیاء کا کھلے عام استعمال ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ بعض تہواروں کی ادائیگی مراسم میں نشہ شامل ہے اور اگر ایسے مواقع پر نشہ نہ کیا جائے تو وہ تہوار ہی نامکمل کہلائے گا۔ مثلاً ہولی کے موقعہ پر دیسی شراب کا استعمال عام بات ہے۔ پھر اگر فرد صاحب حیثیت ہے تو انگریزی شراب اس کے اسٹیٹس کوبڑھانے کا ذریعہ بنتی ہے۔ ایسے مواقع پر بچے، بڑے، مرد، خواتین، خاندان کے سرپرست حضرات، تمام ہی نشہ کا استعمال کرنے سے نہیں ہچکچاتے۔ پھر اگر شراب اور نشہ آور اشیاء کا زبان کو مزہ مل جائے تو کیوں کر وہ دوبارہ استعمال نہیں کریں گے؟ اس کے باوجود کہ نہ معاشرتی سطح پر اور نہ ہی مذہبی بنیادوں پر شراب یا نشہ آور اشیاء کا استعمال معیوب سمجھا جاتا ہے۔ ہندو معاشرہ کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں کے سادھو اور بھکت نشہ کرتے ہیں اور غالباً وہ اس کو عبادت کی انجام دہی میں معاون سمجھتے ہیں۔ ویدوں میں چند نشہ آور پودوں کے نام بھی آتے ہیں جن کا استعمال ان کے مخصوص دیوتاکرتے تھے۔ لہذامخصوص مواقع پر نشہ کو بھی عبادت کا حصہ مان لیا گیا ہے۔ اس پس منظر میں یہ کیسے ممکن ہے کہ نشہ کو ہندو یا ہندوستانی معاشرہ سے مکمل طور پر الگ کیا جاسکے اور یہ بات طبی ریسرچ ثابت کر چکی ہے کہ نشہ دراصل کہتے ہیں اس عادت کو ہیں، جس میں کوئی بھی کھانے پینے کی کوئی بھی شے فرد کو اس قدر عادی بنا دے جس سے چھٹکارا حاصل کرنا ،حددرجہ مشکل ہو۔ پھر یہ نشہ آور اشیاء نہ صرف انسان کے دماغ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ اس کے دل، گردے اور پھیپڑوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچاتی ہیں۔ نشہ کے عادی افراد کو کینسر ہونا عام بات ہے، وہیں نشہ کے عادی افراد کی 2.4 ملین تعداد ایسی ہے جو HIV Positive سے متاثر ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہندوستان فی الوقت دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں ایچ آئی وی پازیٹیو انفیکشن ان افراد کے ذریعہ پھیل رہا ہے جو نشہ کی لت میں مبتلا ہیں۔ قانونی اعتبار سے ہیروئن کا استعمال کرنے والوں میں ہندوستان بھی، ایران، پاکستان اور چین کے ساتھ سرفہرست ہے۔ وہیں جغرافیائی اعتبار سے دنیا میں ہیروئن فراہم کرنے والے سب سے بڑے ملک برما اور افغانستان ہیں جو ہندوستان سے بالکل قریب ترین ہیں۔ اس اعتبار سے ہیروئن کا ہندوستان میں غیر قانونی طریقہ سے داخل ہونا اور کاروباری شکل اختیار کرنا بہ نسبت دوسرے ملکوں کے زیادہ آسان ہے۔ نشہ آور اشیاءمیں ہیروئن ہندوستان میں سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے۔ مختلف طبقات جن میں دس سے لے کر تیرہ سال کے بچے، جن میں کمزور طبقات کے بچے بھی شامل ہیں تو وہیں اشرافیہ کے بچے بھی، طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں تو وہیں مرد و خواتین بھی، جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے بھی شامل ہیں تو اعلیٰ ترین مکانات میں رہنے والے بھی، کاروباری بھی شامل ہیں تو وہیں عامیانہ زندگی گزارنے والے افراد بھی۔ پھر یہی معاملہ شراب نوشی کا بھی ہے اور دیگر نشہ آور اشیاء کا بھی۔

        ہندوستان میں نشہ کی لت میں مبتلا افراد میں سب سے زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے۔ موجودہ حکومت کا جہاں ایک جانب یہ خواب ہے کہ 2020ء تک ہندوستان نوجوانوں کی موجودگی کے بل پر، دنیا کا طاقتورملک بنے گا، وہیں اس خواب کی حقیقت یہ ہے کہ یہاں ہندوستان میں سب سے زیادہ بے روزگاری اگر کہیں ہے تو وہ اسی طبقہ نوجوانوں میں ہے۔ نتیجہ میں ذہنی تناﺅ میں مبتلا افراد کی تعداد روزبروز بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ ایسے نوجوان ہیں جو بے روزگار بھی ہیں اور ذہنی تناﺅ اور دباﺅ کا شکار بھی۔ آج نشہ صرف مزہ حاصل کرنا اور تناﺅ دور کرنے ہی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ نوجوانوں کی ایک ضرورت بن چکی ہے۔ نشہ کے بغیر وہ اپنی روز مرہ کی زندگی کے کام ٹھیک اور پڑھائی ٹھیک طرح سے نہیں کرپاتے۔ ایک رپورٹ کے مطابق دہلی، این سی آر کے ساتھ پنجاب، نارتھ ایسٹ، ممبئی اور بنگلور نشہ کے ہب بن چکے ہیں۔ خطرناک بات یہ ہے کہ نشہ آور اشیاء ہوٹلوں، عام دکانوں  اورتعلیمی اداروں کے قرب و جوار میں بہت آسانی سے دست یاب ہیں۔ حیرت اور افسوس کی بات یہ بھی ہے کہ آن لائن خریداری کی ویب سائٹس پر نشہ آوراشیاء مختلف کوڈورڈس میں دست یاب ہیں جنہیں بہت آسانی کے ساتھ بغیر کسی رسک کے ہوم ڈلیوری کے ذریعہ گھر بیٹھے منگایا جا سکتا ہے اور یہ جاری ہے۔ جانے مانے ماہر نفسیات ڈاکٹر نوین گرور کہتے ہیں کہ نوجوانوں کے درمیان نشہ کے بڑھتے چلن کے پیچھے بدلتی طرز زندگی،غیر اخلاقی دوستوں کا ساتھ، خاندانی دباﺅ،ماں باپ کے جھگڑے، انٹرنیٹ پر گھنٹوں وقت صرف کرنا اور خاندانی تضادات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی، نوئیڈا، گروگاﺅں، فریدآباد اورغازی آباد، یہ وہ تمام علاقے ہیں جو دہلی سے ملے ہوئے ہیں اور جہاں بڑی تعداد میں نوجوان معاشی ضرورتوں کے پیش نظر موجود ہیں۔ ان تمام علاقوں کے کارپوریٹ ہاﺅس میں کام کرنے والے 27% فیصد نوجوان کسی نہ کسی نشہ کی لت میں مبتلا ہیں۔

        گفتگو کے پس منظر میں یہ بات پوری طرح عیاں ہوجاتی ہے کہ آج ملک کا نوجوان نشہ آور اشیاء کا استعمال بڑے پیمانہ پر کررہا ہے۔ نتیجہ میں جہاں ایک جانب وہ مختلف طرح کی نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا ہے وہیں معاشرتی ،خاندانی اور مذہبی امور میں اس کو سرے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان حالات میں اہل اقتدار کو چاہیے کہ خواب دکھانے کی بجائے یکساں لائحہ عمل کے ساتھ، پورے ملک میں عملی اقدامات کریں، نہیں تو بہت جلد وہ خواب چکنا چور ہو جائے گا جو نوجوانوں کی بڑی تعداد کے پس پشت دیکھا اور دکھایاجارہا ہے!

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔