نہ نو من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی!

حفیظ نعمانی

یہی ٹھہری جو شرطِ وصل ِ لیلیٰ

تو استعفیٰ مرا باحسرت و یاس

اُترپردیش کی حکومت کو ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ وہ گوشت کی دُکانوں کے لائسنس جاری کرے اور مذبح بنائے۔ جہاں جانور ذبح ہوسکیں ۔ حکومت کے سامنے ایک راستہ تو یہ تھا کہ وہ کان دباکر بیٹھ جاتی۔ لیکن اس کے بعد پھر ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں فریادی جاکر فریاد کرتے۔ ہندو حکومت نے وہ طریقہ اختیار کیا کہ رادھا کو نچانا ہے تو نومن تیل لائو۔

دُکان کھولنا ہے تو کم از کم دس لاکھ روپئے کا انتظام کیا جائے اور گوشت کی دُکان کے بجائے تاج محل بنایا جائے۔ اخباروں میں وہ 32  پابندیاں آگئی ہیں اور آپ نے پڑھ لی ہوں گی انہیں لکھتے ہوئے شرم آرہی ہے کہ جس نے یہ پابندیاں لگائی ہیں وہ دماغی اعتبار سے کیا اس قابل ہے کہ اسے سرکار نوکر رکھے۔ اچھا تو یہ ہے کہ پہلے کسی دماغ کے اسپتال میں رکھ کر اس کا علاج کرایا جائے۔

سور کے گوشت کے علاوہ ہر قسم کے گوشت کا کاروبار مسلمان کرتے ہیں اور 19  مارچ 2017 ء سے پہلے تک سیکڑوں برس سے وہی کرتے آئے ہیں ۔ اسی میں وہ سو سال بھی ہیں جب ان انگریزوں کی حکومت رہی جن سے ہندوئوں نے کوٹ پتلون پہننا اور چھری کانٹے سے کھانا سیکھا اور غلام بن کر اتنی انگریزی پڑھی کہ اب نریندر مودی بھی گردن کو جھٹکے دے دے کر بولنے لگے۔ اس وقت پورے ہندوستان میں جتنے بھی گوشت کی مارکیٹ ہیں وہ انگریزوں کی بنائی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس کا خیال رکھا ہے کہ کھانے کی تمام چیزیں آس پاس مل جائیں اسی لئے جہاں سبزی منڈی ہے، مسالوں کی اور گھی تیل کی دُکانیں ہیں وہیں چھوٹے اور بڑے گوشت کی مارکیٹ بنائی ہے تاکہ خریدنے والا مالک خود ہو یا کوئی ملازم اس کا وقت خراب نہ ہو۔

ہندو حکومت کی شرط یہ ہے کہ جہاں کھانے پینے کا سامان بکتا ہو وہاں سے گوشت کی دُکان اتنی دور ہو کہ اس کے چھواچھوت کے دھرم پر اثر نہ پڑے وہ بھنڈی اور گھوئیاں خریدنے جائے تو اس کی نظر سرخ رنگ کے تازہ تازہ گوشت پر نہ پڑے۔ وہ مذہبی مقام یعنی مندر سے 50  میٹر اور اس کے صدر دروازہ سے 100  میٹر دور ہو۔ اور یہ اس بھارت کا ذکر ہے جہاں 70  سال میں ہر فٹ پاتھ، ہر سڑک کے کنارے، ہر چھوٹے بڑے پارک، ہر پولیس اسٹیشن اور ہر سرکاری دفتر کے اندر اور باہر کچھ ہے یا نہیں ہے مندر ضرور ہے۔ اور اگر جگہ قسمت سے کسی کو اتنی مل گئی تو وہ ایک بڑے ہال کی برابر جگہ ہو گوشت کا کاروبار کرنے والے کی پوشاک کیسی ہو اس کے ناخن کتنے بڑے ہوں وہ دُکان میں کیسے بیٹھے کیسے کھڑا ہو اور اسے بھوک لگے تو کھانے کے لئے کسی بھوج نالیہ میں جائے، نیند آئے تو پانچ ستارہ ہوٹل میں جاکر آرام کرے۔ دُکان کا رقبہ کتنا ہو، اونچائی کتنی ہو، دروازے خودکار ہوں کالے شیشے لگے ہوں دُکان کے اندر واش بیسن ہوں جن میں گوشت دُھلے۔ جس کسی نے یہ قانون بنائے ہیں شاید اس نے زندگی میں کبھی گوشت نہیں خریدا۔ اس لئے کہ گوشت بیچنے والا گوشت کو دھوتا نہیں ہے اور ہاتھ کپڑے سے صاف کرتا ہے یہی اس کی شان ہے۔

ہمارا مشورہ ہے کہ اس میں اور بڑھا دیا جائے کہ خوبصورت لڑکیاں نوکر رکھی جائیں جو خریداروں سے ہر زبان میں بات کرسکیں اور پکانے کی ترکیب بھی بتائیں اور حساب کتاب سب ان کے ہاتھ میں ہو) اور دُکان پر بورڈ لگا ہو جس پر لکھا ہو کہ کاہے کا گوشت ہے۔ جب بکرے کے علاوہ کسی جانور کے گوشت کی اجازت ہی نہیں ہے اور بھینس کو گئو رکشکوں نے خالہ اور اونٹ کو تائو بنا لیا ہے تو کس جانور کا گوشت دُکان پر بکے گا؟ حکومت نے جتنی پابندیاں لگائی ہیں اگر وہ پوری کرکے کوئی دُکان کھولے گا تو وہ ایک ہزار روپئے کلو سے کم کوئی گوشت نہیں بیچ سکتا جسے صرف شوقین ہندو خرید سکتے ہیں ۔

اب وقت آگیا ہے کہ علماء کرام سنجیدگی سے فیصلہ کریں کہ کیا اب بھی کم از کم اُترپردیش دارالحرب نہیں ہے؟ نیپال میں جب ہندو راجائوں کی حکومت تھی تو وہاں جانور کاٹنا منع تھا۔ مقبول لاری صاحب کے پاس پورے نیپال کے جانوروں کی کھال کا ٹھیکہ تھا۔ ہم نے معلوم کیا تھا کہ جب ذبح نہیں ہوتے تو کھال کہاں سے آتی ہے؟ انہوں نے کہا تھا کہ مرتے بہت ہیں ۔ ان کی کھال ہمارے پاس آجاتی ہے۔

اب ہندوستان کا ایک صوبہ تو نیپال ہوگیا ہے عیدالاضحی سے پہلے علماء کرام کو کوئی فیصلہ کردینا چاہئے۔ ندوہ تو ایسے معاملات سے دور دور رہتا ہے دیوبند کو جلد سے جلد دہلی میں ہر مسلک کے علماء کو بلاکر فیصلہ کرنا چاہئے کہ جس پر بھی قربانی فرض ہے وہ بکرے کا نہیں کرسکتا اور بڑے جانور کی قربانی سے خون خرابہ کا خطرہ ہے تو… جب فریج میں گائے کا گوشت ہندو باہر سے سونگھ لیتا ہے اور سامان کے تھیلے کو گائے کا گوشت کا تھیلا اور بھینس کے گوشت کو گائے کا گوشت بتاکر مارنے مرنے پر ہر جگہ اور ہر وقت آمادہ رہتا ہے تو بقرعید میں تو قربانی کے گوشت کی تقسیم ہر گھر سے ہوتی ہے اور بچے بچیاں لے جاتی ہیں ان کی جان کون خطرہ میں ڈالے گا؟

جس کے عزیز یوروپ یا سعودی عرب میں ہیں وہ اپنی قربانی ہندوستان میں اپنے عزیزوں سے کراتا ہے۔ ہم خود لندن اور سعودی عرب میں رہنے والے عزیزوں کی طرف سے قربانی لکھنؤ یا سنبھل میں کراتے ہیں ۔ اب ہمیں اپنی اور اپنے ساتھ رہنے والے بچوں کی طرف سے قربانی کی فکر ہے کہ کیسے کریں گے؟ علماء کرام ہی فیصلہ کرکے اعلان کردیں کہ مسلمانوں کو کیا کرنا چاہئے؟ حکومت الگ ہے عدالت الگ ہے 70  برس سے اقتدار کی بھوک میں تڑپنے والی پارٹیاں ، سینائیں اقتدار کے نشہ میں چور ہیں اور حکومت کی ہمت نہیں ہے کہ ان کو لگام دے کیونکہ حکومت ان کی ہی وجہ سے ملی ہے۔ اور عدالت پولیس کی محتاج ہے اور پولیس باوردی ہندو سینا ہے۔ اس لئے بہت سنجیدگی سے فیصلہ کرکے مشترکہ اعلانیہ جاری ہونا چاہئے اور سب کو اس کی پابندی کرنا چاہئے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔