نیرَو مودی کے نام رويش کمار کا کھلا خط

رويش کمار

مترجم: محمد اسعد فلاحی

پیارے نیرَو مودی!

خط کے لئے شکریہ. آج جانچ ایجنسیوں میں سموسے بٹیں گے کہ جس نیرَو  مودی تک وہ نہیں پہنچ سکے، اس نیرَو مودی کا خط عوام تک پہنچ گیا. آپ نے واقعی جانچ ایجنسیوں کا برانڈ اونچا کر دیا ہے. حکومت کے یاروں کو نہ پکڑنے کا ان کا ریکارڈ یوں ہی نہیں بنا ہے. آپ کا خط دیکھ کر سکون ملا کہ اتنا سب ہونے کے بعد بھی آپ پریشان نہیں ہیں، خط وغیرہ لکھ رہے ہیں. ہم آپ کی اس جرأت کو سلام کرتے ہیں. یہ جو آپ نے 10-20 ہزار کروڑ کے لئے بھارت چھوڑ دیا ہے، وہ اِس زمانے میں کوئی اور نہیں کر پائے گا. کہیں آپ بھی تو ماضی میں کچھ نہیں بیچتے تھے، اگر ایسا ہے تو بتا دیجئے. ہم فخر کریں گے کہ نیرَو مودی  ہیروں سے پہلے حلوہ بیچتا تھا. سچ میں ہم فخر کریں گے.

آپ کے برانڈ کو نقصان ہوا ہے. بات بات میں جذبات اور عقائد کے مجروح ہو جانے والے ملک میں یہ والا نقصان کچھ نیا ہے. آپ کے ساتھ غلط ہوا ہے. پنجاب نیشنل بینک کا برانڈ تو جیسے مٹی کا ڈھیر ہے. بینک کو آنکھ موند کر 10-20 ہزار کروڑ اور لے جانے دینا چاہئے تھا. جیسے کہ آپ بینک کو بتا کر گئے تھے کہ ہم بھارت چھوڑنے کا پلان بنا رہے ہیں۔ آپ فکر نہ کریں، لون چکا دیا جائے گا. بینک سہ لیتا تو آج آپ کا برانڈ اور اونچا ہو گیا ہوتا. ویسے آپ کے خط سے آپ کا برانڈ اونچا ہی ہوا ہے. نیرَو مودی بھلے ہی نریندر مودی نہ ہو، مگر وہ نریندر مودی کی جانچ ایجنسیوں سے ڈرتا نہیں ہے، انہیں خط لکھتا ہے. پتہ نہیں، اس کیس سے پنجاب نیشنل بینک کے برانڈ کو صدمہ پہنچا ہے یا کچھ اور۔

آپ حکومت کے یار نہیں ہوتے تو کوئی بھی داروغہ ایک منٹ میں آپ کو سیدھا کر دیتا. آپ کی قسمت اچھی ہے کہ آپ کے پاس لکھنے کے لئے اب بھی بہت سے نام ہیں. ان ناموں کو ابھی نہ لکھیں. ہم خبروں میں پڑھ کر آپ پر فخر کر رہے ہیں کہ آپ بینک سے پیسہ لیتے ہیں، کوئی اور آپ کا پیسہ لے کر مینج کرتا ہے. بیکار میں آف ریکارڈ باتوں کو آن ریکارڈ کیوں کرنا. آپ بے فکر رہیں، مجھے پورا بھروسہ ہے کہ آپ کا کچھ نہیں ہوگا. آپ کا ہوگا تو حکومت میں بہتوں کا بہت کچھ ہو جائے گا. آپ نے لیٹر آف انڈرٹیكنگ سے ہزاروں کروڑ روپے اڑانے کے بعد لیٹر لکھ کر اچھا کیا ہے. اس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کے دل میں لیٹر کے لئے کتنی جگہ ہے. یہ کام آپ کے لیول کا کوئی بھارت چھوڑنے والا ہی کر سکتا ہے. چند پیسوں کے لئے آپ نے صحیح موقع پر بھارت کو چھوڑ دیا ہے، وہ اسی روایت میں ہے جو چلی آرہی ہے.

آپ کے خط نے ہمارے یقین کو پختہ کر دیا ہے. ہم جانتے تھے کہ آپ پیسہ نہیں لوٹائیں گے. آپ نے اور آپ کے ماما جی نے پنجاب نیشنل بینک کے منیجر سے یاری دوستی میں دس پانچ کی ادھاری نہیں لی ہے،000 11 کروڑ کا گول مال کیا ہے. اس جرم پر آپ نے ایک لفظ نہیں لکھا. ہم جانتے ہیں، آپ نے کیوں نہیں لکھا، کیونکہ آپ کے پاس وہ نام ہیں جو آپ کی جیب میں رکھے ہیں. وہ غلطی سے بھی باہر آ گئے، تو پریس کانفرنس کے لئے کوئی وزیر باہر نہیں آپائے گا. اگر آپ نے بول دیا تو ہیروں کی طرح چمکنے والے نیتاؤں کو ریلی میں جانے کے لئے سائیکل بھی نہیں ملے گی.

نیرَو مودی جی، آپ بھارت آنے سے نہ ڈریں. آپ کی رشتہ داری ہی کمال کی ہے کہ ہاتھ لگانے میں حضور کے ہاتھ کانپ جائیں گے. ہمارے مےهل بھائی تو یہیں ہیں، ان کا بھی کچھ نہیں ہوا ہے. یہ نہ سمجھیں کہ وزیر دفاع، قانون منتري اور انسانی وسائل کے وزیر کے بعد وزیر نہیں بچے ہیں.ابھی بہت وزیر ہیں آپ کے لئے. وزیر زراعت ہیں، کیمیکل اور کھاد وزیر ہیں، وزیر اطلاعات ہیں. آپ کہیں گے تو پریس کانفرنس کے لئے وزیروں کے عملے بھی بھیج دیئے جائیں گے. یہ گھوٹالہ یو پی اے کے وقت کا ہے، پتہ نہیں، آپ کس وقت کے ہیں.

آپ لوٹ کا  مال لوٹانے کی بات اس طرح کر رہے ہیں، جیسے مال لوٹا دینے سے کوئی بری ہو جاتا ہے. اگر ایسا ہے تو یہ چھوٹ تمام ڈاکوؤں اور لٹیروں کو ملنی چاہیے، تاکہ وہ مال لوٹاكر اپنے گھروں کو لوٹ جائیں. آپ کے خط سے لگ رہا ہے کہ پنجاب نیشنل بینک نے شوق کے لئے آپ پر مقدمہ کیا اور سی بی آئی نے یوں ہی تفریح کے لیے چھاپے ڈالے ہیں. ویسے بھی انہیں کچھ کام تو ہے نہیں. بہار میں سرمن گھوٹالہ ہوا ہے،500 1، کروڑ کا. اسی کے اہم ملزم کو یہ آج تک نہیں پکڑ پائے ہیں اور نہ پکڑیں گے. تو آپ کو کون پکڑ لے گا.

نیرَو مودی جی، آپ بہت کِیوٹ ہیں. آپ اپنے آپ میں ہیرا ہیں ہیرا. ہیرا ہیں ہمیشہ کے لئے. نیرَو ہے بینکوں کی املاک کے لئے. غلط کہتے ہیں لوگ کہ کوئلے سے ہیرا بنتا ہے. کوئلے سے ہم جیسے لوگ بنتے ہیں، جنہیں ہندی میں بیوقوف کہا جاتا ہے. آپ کی برانڈ کو جو نقصان ہوا ہے، اس کے لئے میں پنجاب نیشنل بینک کی جانب سے معذرت چاہتا ہوں. آپ بینکوں سے ہیرے نکالتے رہیں، خط لکھتے رہیں.

سب کا

رويش کمار

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔