چند سوالات اور ان کے مختصر جوابات

شیخ مقبول احمدسلفی

(1) جنات کی مدد سے جادو کا علاج کیسا ہے ؟

جواب : جادو کے اثرات زائل کرنے کے لئے جنات کی مدد لینا جائز نہیں ہے بلکہ جادو کا علاج کتاب وسنت کے اذکار اور ادعیہ ماثورہ سے کیا جائے گا۔

(2)شادی کے بعد بیوی کا اپنے شوہر سے الگ گھر کا مطالبہ کرنا کیسا ہے اور جوائنٹ فیملی میں رہنا ضروری ہے؟

جواب: اگر رہائش کی پریشانی ہو تو بیوی کا اپنے شوہر سے نئے مکان یا الگ گھر کا مطالبہ کرنا درست ہے،  شوہر طاقت رکھتا ہو الگ گھر کا انتظام کرے یا اچھی رہائش کا بندوبست کرے تاکہ بیوی کی رہائشی پریشانی دور ہو اور جوائنٹ فیملی ہوکر رہنا ضروری نہیں ہے شادی کے بعد اولاد الگ الگ رہ سکتی ہے۔

(3) کیا عورتوں کی نماز کا طریقہ مردوں کے طریقہ سے مختلف ہے؟

جواب: عورت اور مرد کی نماز کی کیفیت میں کوئی فرق نہیں ہے،  جس طرح مردوں کا قیام،  رکوع اور سجود ہے اسی طرح عورتوں کے لئے بھی ہے البتہ بعض احکام نماز میں فرق ہے۔  مسائل واحکام میں فرق مرد مرد کے درمیان بھی ہے اور عورت عورت کے درمیان بھی ہے جیسے مردوں کی امامت میں کون سا مرد امامت کے لائق ہے اور حیض والی عورت نماز وروزہ سے پرہیز کرے اور غیرحیض والی کے لئے یہ پرہیز نہیں ہے۔  ان باتوں کی وجہ سے کیا ہم یہ کہیں گے کہ مردوں کی نماز مردوں سے مختلف ہے یا عورتوں کی نماز عورتوں سے الگ ہے،  نہیں بالکل نہیں۔

(4) کیا یہ حدیث صحیح ہے کہ جمعہ کے دن جمعہ کے بعد سو مرتبہ”سبحان اللہ العظیم و بحمدہ” کوئی پڑھ لے تو پڑھنے والے کے ایک لاکھ گناہ معاف کردیتا ہے،  اس کے باپ کے بارہ ہزار اور اس کی ماں کے بارہ ہزار گناہ معاف ہوتے ہیں ؟

جواب : ابن السنی نے عمل الیوم واللیلۃ میں ابن عباس کے واسطہ سے ذکر کیا ہے :

مَنْ قَالَ بَعْدَ مَا يَقْضِي الْجُمُعَةَ : سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ وَبِحَمْدِهِ مِائَةَ مَرَّةٍ،  غَفَرَ اللَّهُ لَهُ أَلْفَ ذَنْبٍ،  وَلِوَالِدَيْهِ أَرْبَعَةً وَعِشْرِينَ أَلْفَ ذَنْبٍ۔(عمل اليوم والليلة لابن السني» بَابُ : مَا يَقُولُ بَعْدَ صَلاةِ الْجُمُعَةِ)

ترجمہ: جس نے جمعہ کے بعد ایک سو مرتبہ”سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ وَبِحَمْدِهِ ” کہا تو اس کے ایک لاکھ گناہ معاف ہوجاتے ہیں اور اس کے والدین کے چوبیس ہزار گناہ معاف ہوتے ہیں۔

٭ یہاں حدیث میں الف ذنب آیا ہے جبکہ دوسری جگہ مائۃ الف آیا ہے اس وجہ سے ایک لاکھ کا ترجمہ کیا ہوں۔

شیخ البانی نے اس حدیث پر منکرکا حکم لگایا ہے۔  (السلسلة الضعيفة:6493)

(5)کیا چیکن بوائلر کھانا حرام ہے ؟

جواب: بوئلر مرغی کھانا حلال ہے، اس میں شک نہیں کرنا چاہئے، دل نہ مانے تو نہ کھائیں مگر حلال چیز کو حرام نہ کہیں اور دوسروں کو نہ بہکائیں۔ رسول اللہ ﷺ کوگوہ پسند نہیں تھا،  آپ نے کبھی نہیں کھایا مگر آپ نے دوسروں کو کھانے سے منع بھی نہیں فرمایا۔

تبصرے بند ہیں۔