کیا ہم مسلمان کہلانے کے لائق ہیں؟

ریاض فردوسی

شاہ است حسین، بادشاہ است حسین

دین است حسین، دین پناہ است حسین

سر داد، نداد دست درِ دست یزید

حقا کہ بنائے لا الہ است حسین

۔

شادی کی طرح  محرم کو منانے والے

غم  شہداء میں ناچنے، گانے والے

۔

بدعت و خرافات کا بازار لگاتے ہیں کہیں

ڈهول باجے سے بهی میت کو اٹهاتے ہیں ؟

فعل تیمور ہے یہ قول پیمبر تو نہیں

غم کا یہ رنگ شریعت کے برابر تو نہیں

۔

جھوٹی ہے ابن علی سے یہ محبت تیری

ساری دنیا سے نرالی ہے عقیدت تیری

۔

جان دے سکتا ہے ایمان نہیں دے سکتا 

جس کو کردار حسین ابن علی یاد رہے

دین اسلام فطری نطام زندگی اور زمانے کی لچک اور اس کےمختلف حالات ومراحل کی رعایت بھی ہے۔ اس لئے آج سے ساڑھے چودہ صدی پہلے نازل شدہ قرآن کی کوئی ایک آیت یا کوئی ایک فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے  زمانے کے مخالف یا انسانی فطرت سے متصادم نہیں ہے بلکہ اسلام اپنی اس بے مثال خوبی سے غیرمسلموں کو اپنے آغوش میں آنے کی دعوت دیتا رہااور ضلالت وگمراہی سےبے قرارومضطرب دل کلمہ شہادت پڑھ کر دامن اسلام میں محبت وخلوص، امن وراحت، اخوت وحلاوت، عدل ومروت، اخلاق ووفا  اور نوروہدایت سے لذت اندوز ہوتے رہیں ہیں۔

جب کہ نیا اسلامی اور ہجری سال شروع ہوچکا ہے۔نزول قرآن، بعثت نبوی، آمد خاتم الانبیاء والمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم اور دین اسلام پہ جان ودل قربان کرنے والے عظیم المرتبت شخصیت جن سے اللہ راضی ہوا اور وہ اللہ سے، کی عظیم تاریخی شہادت سامنے ہے۔جن کی شہادت قوم و ملت کا ایسا خسارہ ہے۔جس کی تلافی آج تک نہ ہوسکی۔

 اسلامی سال ایک ایسے مہینہ سے شروع ہوتا ہے جسے تخلیق کائنات سے اللہ تعالی نے حر مت وتقدس سے نوازا ہے، اس مہینہ کو نبی ﷺ نے شہراللہ یعنی اللہ کا مہینہ قرار دیا ہے۔ اس کی قدر ومنزلت کفارومشرکین بھی کیا کرتے تھے۔

ترجمہ: اللہ نے جب سے زمین وآسمان پیدا فرمائے ہیں اس وقت سے لے کر اسکے ہاں کتاب اللہ میں مہینوں کی کل تعداد بارہ ہے جن میں سے چار مہینے حرمت والے ہیں ‘ یہ دین قیم ہے ‘ لہذا تم ان میں اپنی جانوں پر ظلم نہ کرو اور تمام تر مشرکین سے قتال کرو جسطرح وہ تم سب سے قتال کرتے ہیں اور جان لو کہ یقینا اللہ تعالی پرہیز گاروں کے ساتھ ہے۔(التوبة: 36)

نئے ہجری سال کے آغاز سے ہمارے ذہن میں ہجرت نبوی کی یاد تازہ ہوجاتی ہے، یہ ہجرت کفر سے اسلام کی طرف تھی، یہ ہجرت اسلام کی سربلندی  اور اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے تھی۔ قربان جائیے ان پاک باز نفوس پرجنہوں نے اسلام کی حفاظت اور کلمہ کی سرفرازی کے لئے تن، من دھن کی بازی لگادی۔ نہ مال دیکھا، نے گھربار کی پرواہ کی، نہ آباء واجداد کی محبت اسلام پہ غالب آسکی، بس اللہ اور اس کے رسول کی محبت سے سرشار ہوکر اسلام کی سربلندی کے لئے سب کچھ چھوڑ کر ایک آواز محمدی  پہ لبیک کہتے ہوئے مکہ مکرمہ سے یعنی البلد الامین ترک کرکے مدینہ طیبہ کی طرف سفر ہجرت اختیار کیا۔ جب انصاریوں کا یہ قافلہ مدینہ پہنچا تو انصار ومہاجرین کی اخوت ومحبت قابل دید تھی، دنیا کی تاریخ میں کسی قوم میں انصاومہاجرین جیسی اخوت وبھائی چارگی کی ایسی مثال نہیں ملتی۔ انصاریوں میں اپنے مال وجائداد اور گھربار بلکہ زندگی کی ہرایک چیز میں مہاجرین کو شریک وشامل کیا۔ نئے اسلامی سال  کی آمد پہ کفر سے اسلام کی ہجرت کی یاد تازہ ہونے کے ساتھ انصاریوں کا اپنے مہاجرین  بھائیوں کی دل کھول کر مدد کرنا اور خود پہ انہیں ترجیح دینا بھی خوب  یاد آتا ہے۔ آج اگر مسلمان اسلام کی سربلندی کے لئے اسی طرح قربانی دینے پر آمادہ ہوجائے اور اپنے مظلوم ومجبور بھائیوں کی امداد کرے تو دنیا کے کسی خطہ میں مسلمان کمزور نہیں رہیں گے اور ان پرکبھی بھی کفارو مشرکین  ظلم نہیں کرسکتے۔ دشمنوں کے دل میں جیسے پہلے ہمارا رعب ودبدبہ قائم تھا پھر سے قائم ہوجائے گامگر افسوس مسلمان ہی مسلمانوں کو مٹانے،کمزور کرنے اور ٹکڑوں میں تقسیم کرنے پہ تلا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہم ہرجگہ پسپا اور کفار سےسہمے ہوئے ہیں اور کفار ہم پہ غلبہ پالیا ہے۔ اللہ ہمارے حال پہ رحم فرمائے اور آپس  میں اخوت ومحبت پھر سے بحال کردے۔

نیا اسلامی سال دستک دے چکا ہے، ہم نے نئے سال میں قدم رکھ کے حیات مستعار سے ایک سال کا قیمتی عرصہ کم کرلیا ہے۔ مسلمانوں میں موجود مختلف فرقوں کے حالات، زمانے کا پس منظر، دنیا میں انسانوں کے ہاتھوں انسانیت کی خوفناک تباہی ، ظلم وعدوان، شراب وکباب، عیاشی وزناکاری اور نیکی کی پستی اور برائیوں کا عروج ہماری نظروں کے سامنے ہے۔ ایسے حالات میں نئے سال میں قدم رکھتے ہوئے ہمیں کن باتوں کو دھیان میں رکھنا چاہئے یا نئے ہجری سال کا ہمیں کس انداز میں استقبال کرنا چاہئے ؟

احساس کم مائگی :

عام طور سے لوگوں میں خیال کیا جاتا ہے کہ نیا سال آنے سے وہ ایک سال بڑا ہوگیا،یہ بڑکپن لوگوں کے لئے دھوکہ کا سبب بناہواہے۔ ایک بڑا دھوکہ تو یہ ہے کہ ہرنئے سال کی آمد پہ اپنی پیدائش مناکر خود کو بڑا منانے اور بنانے کی  جھوٹی کوشش کرتا ہے جبکہ حقیقتا وہ ہرنئے سال کی آمد پہ ایک سال چھوٹا ہوا کرتا ہے۔ یہ احساس ہوجائے تو لوگ اپنی پیدائش مناناچھوڑ دے۔ کون اپنی موت کی خوشی منائے گا، آدمی زندگی کے جتنے سال گزارتا ہے وہ موت سے اتنا ہی قریب ہوجاتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں پیدائش منانا جائز نہیں ہے۔ جب حقیقت یہ ہے کہ نیا سال ہماری زندگی سے ایک سال کم کرتا ہے تو مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمیں بے بضاعتی کا احساس ہونا چاہئے۔ اس با ت کا احساس ہونا چاہئے کہ دنیا کی زندگی میں انجام دئے گئے عمل پہ آخرت کی کامیابی وناکامی کا انحصار ہے جبکہ ہم  سال کے بارہ مہینوں میں غفلت کی ردا اوڑھےرہے، کل کی ہمیشگی والی زندگی کے لئے کچھ نہیں کیا،ہمارا ماضی وحال بالکل تاریک ہے آخرت میں کیسے نجات پاؤں گا؟ دنیاوی زندگی کو ہم نے لہوولعب کا ذریعہ سمجھ لیا تھا حالانکہ یہی زندگی آخرت کو سنوار سکتی ہے، کل مجرم لوگ رب کے سامنے کہیں گے :

ترجمہ:اے ہمارے رب ہم نے دیکھ لیا اور سن لیا پس ہمیں دوبارہ دنیا میں بھیج دے تاکہ ہم نیک عمل کریں اب ہمیں یقین آ گیا ہے۔(السجدۃ:12)

رب کعبہ کی قسم اگر یہ احساس شدت سے پیدا ہوگیا، اپنے اعمال کی قلت کا اندازہ لگالیااور آخرت کے تئیں  فکر پیدا رلیا تو نیا سال کا استقبال نیکیوں کی راہ پہ چلنے کا عزم مصمم سے کریں گے۔

نفس کا محاسبہ :

مومن کے جو اوقات گزرتے ہیں ان کا  ہمیشہ محاسبہ کرتا رہتا ہے، یہی محاسبہ ہمارے ایمان کو تازہ رکھے، گا، خوف الہی پیدا کرتا رہےگا، فکرآخرت کی رمق ماند نہیں ہونے دے گا اور مسلسل عمل صالح پر گامزن رکھے گا۔ زندگی سے ایک سال کی کمی اور عمل صالح کی قلت کا احساس کرکے کل کی تیاری کے لئے پہلی زندگی سے آنے والی زندگی کو بہتر بنانے کی ہم بھرپورکوشش کریں گے۔

ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص کو دیکھنا چاہیے کہ اس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے، اور اللہ سے ڈرو، کیونکہ اللہ تمہارے کاموں سے خبردار ہے۔(الحشر:18)

مومن کا اس بات پر ایمان ہے کہ اللہ تعالی ہماری زندگی کا حساب لے گا اس لئے اللہ کے سامنے حساب  پیش ہونے سے پہلے خود ہم اپنااحتساب کرلیں، جہاں ہم سے  غفلت ہوئی،خطا سرزد ہوئی، گناہ کا ارتکاب ہوگیا، اللہ تعالی بہت معاف کرنے والا ہے اس سے معافی طلب کرلیں وہ یقینا معاف کردے گا۔ اگر گناہ کی پوٹری لیکر اس دنیا سے چلے گئے تو پھر وہاں توبہ کا موقع نہیں ملے گا۔ اس لئے ہوشیار وہ ہے جو اپنا محاسبہ دنیا میں ہی کرلے تاکہ کل قیامت میں حساب کے دن، رب اورسب کے سامنےشرمندہ نہ ہونا پڑے۔

وقت کی قدرومنزلت : نئے سال کے استقبال پہ ہمیں وقت کی قدر کرنا بھی سیکھنا ہوگا،ویسے مومن وقت کا پابند ہوتا ہے مگر کبھی کبھی زمانے کی چکاچوند اور اس کی دل فریبی کا شکار ہوکر عیش وعشرت اور رنگ رلیوں ہی کو زندگی سمجھ لیتا ہے۔ ایسے موقع سے ہمیں اپنے اندر یہ شعور پیدا کرنا ہے کہ زندگی کا ایک ایک لمحہ رب کی مرضی کے مطابق گزرنا چاہئے، دنیا فانی اور اس کی دل فریبی دھوکہ دینے والی ہے، یہاں ہم مسافر کی طرح زندگی گزاریں، ہر لمحہ آخرت کی طرف کوچ کرنے کے لئے تیار رہیں،یہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب ہمارا وقت اللہ کی رضا کے کام میں گزرتا رہاہوگا۔ نبی ﷺ کا فرمان عالی شان ہے۔

ترجمہ: تم دنیا میں اس طرح رہو گویا کہ تم مسافر ہو یا راہ گیر ہو، اور تم اپنا شمار ان لوگوں میں کرو جو دنیا سے گزر گئے ہیں۔(صحيح الترمذي:2333)

یہ حدیث ہماری آنکھ کھولنے کے لئے  کافی ہے، اس کے الفاظ "وعدنفسک فی اھل القبور ” یعنی خود کو مردوں میں شمار کروسے نصیحت حاصل کرتے ہوئے وقت کی قدر کریں اور اس کا استعمال جائز طریقے سے کریں۔ کھیل کود،موج مستی، لایعنی گھوم گھام اور فضول کاموں میں وقت کے ضیاع سے پرہیز کریں۔

محرم الحرام میں ہونے والی بدعات کا خاتمہ کریں: چونکہ اسلامی سال کا آغاز حرمت والے مہینہ سے ہورہاہے اس لئے اس کا احترام کرنا ہمارے اوپر واجب ہے مگر افسوس کہ مسلمانوں کے ایک بڑے طبقہ نے عظمت وتقدس والے مہینوں کو پامال کیا اور اس میں شیعہ کی مشابہت اختیار کرتے ہوئے طرح طرح کی بدعات وخرافات کو انجام دیا۔ شہادت حسین رضی اللہ عنہ کے نام پہ ماتم، تعزیہ، عزاداری، نوحہ وزاری،قوالی ومرثیہ، دیگیں اور سبیلیں، نحوست وعزا کا اظہار، شہداء کی نذرونیاز، جسم لہولہان کرنا، عورتوں ومردوں کا اختلاط اور ناچ گانے، ڈھول تماشے وغیرہ امت میں رواج دئے، یہ سارے کام نوایجاد اوربدعات کے قبیل سے ہیں ان سب کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو چاہئے کہ احترام والے مہینے کا احترام کرے جس طرح اہل زمانہ نے کیاہے۔ اللہ کے حدود کی پامالی عذاب کا پیش خیمہ ہے۔ اللہ تعالی امت مسلمہ کو دین کی صحیح سمجھ دے کہیں ایسا نہ ہوکہ ان بدعات کے ارتکاب سے اللہ امت پر عذاب عام کردے۔

نئے سال کا آغاز اورمحرم کے روزے سے کریں:روزہ شہوتوں کو توڑنے والا اور دل میں ایمان وعمل صالح  بیدار کرنے والا بہترین ذریعہ ہے۔ محرم الحرام یعنی سال کا پہلا مہینہ جہاں اس کی عظمت اپنی جگہ مسلم ہے وہیں فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم  سے اس کی عظمت مزید دوبالا ہوجاتی ہے۔ آپ ﷺ فرماتے ہیں:

ترجمہ: رمضان کے بعد سب سے افضل روزے ماہِ محرم کے روزے ہیں اور فرض نمازوں کے بعد سب سے افضل رات کی نماز (تہجد) ہے۔(صحيح مسلم:1163)

ہمیں محرم کا احترام کرنا چاہئے اوریہ حدیث ہمیں بتلاتی ہے کہ ہمیں اس ماہ مبارک میں کثرت سے روزہ رکھنا چاہئے، یہ روزے رمضان کے بعد افضل روزے ہیں۔ جو روزہ کے بجائے اس ماہ میں دیگیں چڑھاتے ہیں، سبیلیں تقسیم کرتے ہیں، قومہ اور بریانی سے پیٹ بھرتے ہیں ان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔اگر ہم اس ماہ مقدس میں کثرت سے روزہ نہیں رکھ سکتے تو کم ازکم عاشوراء محرم کا روزہ رکھیں جو سابقہ ایک سال کے گناہوں کا کفارہ ہے۔ شہید اعظم نواسہ رسول سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ سے اگر سچی عقیدت و محبت ہے تو ان کے نانا آقا مدنی صلی اللہ علیہ وسلم  کی سنت کی پیروی کریں اور ڈھول تماشہ، گانے باجے، رقص وسرود، مرغ مسلم اور موج ومستی کی بجائے عاشوراء( نو اور دس محرم) کا روزہ رکھیں۔ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے دین متین کے لئے اپنے جگر کا خون بہانے بہایا،اپنی جان  ومال عزت و آبرو کی پرواہ کئے بغیر حق کے لیے اپنی جان دی۔کیا ان کی بے مثال قربانیوں کا یہی صلہ ہے؟

 نئے سال کی شروعات عزم واستقلال سے :اسلام میں نوحہ اور عزاداری کی گنجائش نہیں ہے اور سال نوکا استقبال ماتم ونوحہ کی بجائےعزم واستقلال سے کریں۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرت سے پہاڑ جیسے عزم واستقلال کا پتہ چلتا ہے، ان کی شہادت جہاں مسلمانوں کے لئے  ماتم کی بجائے سربلندی کی علامت ہے وہاں کربلا کا سفر عزم مصمم کی ذریں تاریخ بھی ہے۔ اس تاریخ سے سبق لیتے ہوئے ہمیں آنے والا سال اسی طرح اسلام کی سربلندی کے لئے عزم وحوصلہ بیدار کرکے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

باطل کے آگے سر نہ جھکے اور پیغام کربلہ کیا ہے؟

نیا سال کا آخری پیغام : قوم مسلم کی الگ پہچان اور الگ شناخت ہے۔ ہمارے پاس اللہ کا قانون، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کی پاکیزہ  تعلیمات اور صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالی علیھم کی بیش قیمت سیرت پاک ہے، ہمیں کسی قوم کی،کسی شئے میں نقل کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم  نےہجرت اور اس کے اسباق بھلادئے، ہجری کلنڈر کا استعمال ترک کردیاجو اپنی مثال آپ ہےاور کلینڈر میں، طورطریقے میں غیروں کی نقالی شروع کردی۔ جب عیسوی سال آتا ہے تو” ہپی نیو ایر "مناتے ہیں، پکنک پہ جاتےہیں اور طرح طرح کے رسم ورواج انجام دیتے ہیں۔ معلوم ہونا چاہئے کہ ہمارا نیا سال عیسوی نہیں ہجری ہے اور اس کی مبارک باد دینا  اسلام میں جائز نہیں ہے ہاں نئے سال کی دعا آئی ہے اسے پڑھنا چاہئے۔

ترجمہ:اے اللہ ! اس مہینے یا سال کو ہمارے اوپرامن، ایمان، سلامتی اور اسلام کے ساتھ اور شیطان کی پناہ اور رحمن کی رضامندی کے ساتھ داخل فرما۔

معجم الصحابہ للبغوی  رقم :1539، طبرانی میں موجود  روایت ضعیف ہے مگر معجم الصحابہ کی یہ روایت موقوفا صحیح ہے جیساکہ حافظ ابن حجر نے الاصابہ میں ذکرکیا ہے۔

ہم  جس طرح دسویں  محرم، رمضان المبارک اور ایام حج میں ہجری تواریخ  کا خیال کرتے ہیں اسی طرح پورےمعمولات زندگی میں اسی پر عمل کرناچاہئے۔اس سے ہماری عبادت اور عبادتوں کے اوقات جڑے ہوئے ہیں۔ نیا سال خواہ ہجری ہو یا عیسوی اس کو منانے کا کوئی خاص طریقہ اسلام میں جائز نہیں ہے۔

اگر ہم نے اسلامی شعارکو نہیں اپنایا تو ایک وقت ایسا آئے گا کہ صرف کف افسوس ملنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوگا،اور ہم بھی یہی کہیں گے۔(نعوذ باللہ)

کہتے ہیں کہ اے کاش! میں بھی ان کے ساتھ ہوتا کہ ایک بڑی کامیابی حاصل کرتا۔(سورہ۔النساء۔آیت۔73)

اور اگر آپ اس وقت دیکھیں جب کہ یہ دوزخ کے پاس کھڑے کئے جائیں تو کہیں گے ہائے کیا اچھی بات ہو کہ ہم پھر واپس بھیج دیئے جائیں اور اگر ایسا ہو جائے تو ہم اپنے رب کی آیات کو جھوٹا نہ بتلائیں اور ہم ایمان والوں میں سے ہوجائیں۔(سورہ۔الانعام۔ آیت۔27)

 ہائے کاش! میں نے اپنے رب کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرایا ہوتا ( اور اپنے اوپر گھمنڈ نہ کیا ہوتا ) (سورہ۔کہف۔آیت۔42)

اور اس دن ظالم شخص اپنے ہاتھوں کو چبا چبا کر کہے گا ہائے کاش کہ میں نے رسول اللہ ( ﷺ ) کی راہ اختیار کی ہوتی۔ ہائے افسوس کاش کہ میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا۔(سورہ۔فرقان۔ آیت۔28-27)

( حسرت و افسوس سے ) کہیں گے کہ کاش ہم اللہ تعالٰی اور رسول کی اطاعت کرتے۔ (سورہ۔الاحزاب۔آیت۔66)

لیکن جسے اس ( کے اعمال ) کی کتاب اس کے بائیں ہاتھ میں دی جائے گی، وہ تو کہے گا کہ کاش مجھے میری کتاب دی ہی نہ جاتی۔(سورہ۔الحاقہ۔آیت۔25)

جس دن انسان اپنے ہاتھوں کی کمائی کو دیکھ لے گا اور کافر کہے گا کہ کاش! میں مٹی ہو جاتا۔(سورہ۔آیت۔40)

وہ کہے گا کہ کاش میں نے اپنی اس زندگی کے لئے کچھ پیشگی سامان کیا ہوتا۔(سورہ۔فجر۔آیت۔24)

(ماخوذ۔۔ .ترجمہ۔کنزالایمان، تذکیر القرآن،تفہیم القرآن۔ تفسیر فیوض الرحمان۔مضمون۔مقبول احمد سلفیاسلامک دعوۃ سنٹر،شمالی طائف، اور دیگر مضامین سے۔)

تبصرے بند ہیں۔