گھریلو مسائل مرد کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیتے ہیں!

 علی اشہد اعظمی

 آج ہمارے معاشرے میں بیٹوں کی خواہش زیادہ رہتی ہے اور ہونہ بھی کیوں ، کیونکہ اس پیچھے کچھ نہ کچھ مقصد پوشیدہ رہتا ہے بیٹوں سے امیدیں وابستہ رہتی ہیں نسل پروان چڑھے اس غرض، گھر بار لے کر چلے اس کی غرض، بڑھاپے کی لاٹھی بنے اس کی غرض، حتی کہ پورے فیملی کی ذمہ داری اس پر ٹکی ہوتی ہے.

بچہ پیدا ہوتا ہے تو پورے گھر میں خوشیاں بکھر جاتی ہیں اور وراثت کا وارث مل جاتا ہے پھر سلسلہ آگے بڑھتا ہے اور بڑے لاڈ پیار سے پرورش ہوتی ہے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق اچھے اسکول میں داخلہ ہوتا ہے اور خاص کر والدین کے آنکھوں کا تارا ہوتا ہے پھر وقت تیزی سے گزرتا ہے اور والدین کو اس ازدواجی زندگی کی فکر ہونے لگتی ہے اور وقت و موقع دیکھ کر اس کی شادی کر دی جاتی ہے.

شادی کی تقریب میں باپ کا سینہ تان کر چلنا اور میزبان پر روب جھاڑنا اور شام کو بہو کی آمد مانو جیسے گھر میں روشنی آگئی ہو اور بھر ماں کا وہ الفاظ جسے ہر دلہن اپنی ساس سے سننا پسند کرتی ہے کہ چاند کا ٹکڑے جیسی ہے میری بہو، پھر خوب مان جان ہوتی ہے اور پھر دلہن کا پہلی بار باورچی خانے میں جانا ایک رسم سا ہے پھر کیا طرح طرح کے پکوان، یہاں سے شروع ہوتی اصلی کہانی کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ایک خوشحال گھرانے کی خوشیاں باورچی خانے کی سیاست لے ڈوبتی ہے دراصل جب لڑکیاں پرائے گھر سے آتی ہے اپنوں کو چھوڑ کر، جہاں اس نے اپنا بچپن گزارا جوان ہوئی اور اچانک ایک پل میں جھٹ سے سب کچھ چھوڑ کر ایک انجان گھر میں آنا اس کے کسے سنگ میل سے کم نہیں ہوتا، ظاہر ہے غلطیاں تو ہونی ہے کیونکہ جس لاڈ پیار سے آپ اپنے بیٹے کو پالتے ہیں اسی لاڈ پیار سے وہ بھی پلی بڑھی ہے اور اس کی مثال ایک ساس سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی کیونکہ وہ بھی کسی زمانے میں اپنوں کو چھوڑ کر آئی ہوئی ہوتی ہیں انہیں بھی بڑے لاڈ پیار سے پال کر کسی نے کلیجے پر پتھر رکھ کر وداع کیا ہے، پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ ایک عورت دوسرے عورت کو سمجھ نہیں پاتی، میں یہاں نہ تو ساس کی طرف سے بول رہا ہوں اور نہ ہی بہو کی طرف سے اور نہ ہی لڑکی والوں کی طرف سے اور نہ ہی لڑکوں والوں کی طرف سے، جیسا کہ میں کہا کہ باورچی خانے کی سیاست سے شروع ہوئی یہ کہانی بہت دور تک جاتی ہے اور روز روز کی کھٹ پٹ کی باتیں یکے بعد دیگرے لڑکیاں اپنی میکے میں زیرِ بحث کرتی ہیں اور کیا کریں کیوں کہ لڑکیوں کی دنیا میکے اور سسرال میں ہی سمٹ کر رہ جاتی ہے.

پھر کیا اپنی بیٹی کی ذرا سی پریشانی کو دیکھتے ہوئے اس کے والدین بات بات پر اپنی موجودگی کا اظہار کراتے ہیں کی بیٹی ڈرنا نہیں ہر بات کا جواب دینا اور اس پر سے بھائیوں کا یہ کہنا کہ بہنا ابھی تیرا بھائی زندہ ہے اور بھائی تبھی تک زندہ رہتا ہے جب کہ خود ایک بہو گھر میں نہ آجائے، اس سے بیٹی کا حوصلہ ساتویں آسمان پر چڑھ جاتا ہے اور پھر وہ نادان گڑیا جدھر سے ہمدردی زیادہ پاتی ہیں ادھر جھک جاتی ہے اور جب یہ سسرال کی تکرار حد سے زیادہ بڑھ جاتی ہے تو اکثر و بیشتر میکے سے ایک ہی دباؤ ہوتا ہے کہ میری بیٹی الگ ہوجائے روز کی کھچ کھچ سے نجات مل جائے اور والدین سب کچھ بھول کر اپنی بیٹی کی الگ دنیا بسانے پر زور دینے لگتے ہیں اور بیٹیاں اس بات کا ذکر اپنے شوہر سے کرتی ہیں اور اب شوہر بیچارا مجبور بے بس لاچار والدین کی سنے یا اپنے شریک حیات کی، اس کشمکش میں مبتلا شوہرذہنی دباؤ میں آجاتا ہے والدین کو اپنائے تو اہلیہ چھوٹ جاتی ہے اور اہلیہ کو اپنائے تو والدین چھوٹ جاتے ہیں اور پھر سسرال سے جو دباؤ آنا شروع ہوتا ہے کہ داماد جی ہم آپ کی مدد کریں گے آپ الگ ہو جائیں ورنہ میری بیٹی گھٹ گھٹ کر مر جائے گی.

اب یہاں پر ایک بڑا سوال یہ بنتا ہے کہ جو والدین اپنی بیٹی کو یہ تعلیم دیتے ہیں کہ تم اپنی الگ دنیا بسا کو اور ایک والدین کو اس کے بیٹے سے دور کرتے ہیں وہ یہ بھول جاتے ہیں کی کل آپ کا بھی بیٹا آپ کے ساتھ ایسا کرے تو، آپ بھی کسی بیٹے کے ماں باپ ہیں آپ اپنی بیٹی کا گھر بسانے کے لئے ایک والدین سے ان کی دنیا چھین رہے ہیں یہ بات ہمیشہ دونوں پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے سوچنا چاہیے کہ آج جو آپ دوسروں کے ساتھ کر رہے ہیں کل آپ کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے. اس لئے اس گھریلو مسائل میں دونوں فریقین کو مثبت پہلو کے ساتھ مل بیٹھ کر بات چیت سے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے اور لڑکے والوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ کسی نے اپنی بیٹی دی ہے تو اسے اپنی بیٹی سمجھیں کیونکہ بیٹیاں ان اپنے گھر میں بھی ہیں اور لڑکی والوں کو بھی یہ سوچنا چاہیے کہ اگر آپ کسی کا گھر اجاڑیں گے تو بیٹا آپ کے بھی گھر میں ہے اور کل بہو بھی آئے گی اور اگر وہی کہانی اس کے بھی سسرال والے شروع کر دیں تو آپ کہاں جائیں گے.

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


1 تبصرہ
  1. آصف علی کہتے ہیں

    ایک خاوند نے اپنی بیوی کو پہلی ملاقات میں یہ نصیحت کی۔ کہ چار باتوں کا خیال رکھنا:
    پہلی بات یہ کہ مجھے آپ سے بہت محبت ہے۔ اس لئے میں نے آپ کو بیوی کے طور پر پسند کیا۔ اگر آپ مجھے اچھی نہ لگتیں تو میں نکاح کے ذریعے آپ کو گھر ہی نہ لاتا۔ آپ کو بیوی بنا کر گھر لانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مجھے آپ سے محبت ہے تا ہم میں انسان ہوں فرشتہ نہیں ہوں اگر کسی وقت میں غلطی کر بیٹھوں تو تم اس سے چشم پوشی کر لینا۔ چھوٹی موٹی کوتاہیوں کو نظر انداز کر دینا۔
    اور دوسری بات یہ کہ مجھے ڈھول کی طرح نہ بجانا۔ بیوی نے کہا، کیا مطلب؟ اس نے کہا:
    بالفرض اگر میں غصے میں ہوں تو میرے سامنے اس وقت جواب نہ دینا۔ مرد غصے میں جب کچھ کہہ رہا ہو اور آگے سے عورت کی بھی زبان چل رہی ہو تو یہ چیز بہت خطرناک ہوتی ہے۔ اگر مرد غصے میں ہے۔ تو عورت اوائڈ یعنی نظراندازکر جائے اور بالفرض عورت غصے میں ہے تو مرد نظرانداز کر جائے۔ دونوں طرف سے ایک وقت میں غصہ آ جانا یوں ہے کہ:
    رسّی کو دونوں طرف سے کھینچنے والی بات ہے۔ ایک طرف سے رسّی کو کھینچیں اور دوسری طرف سے ڈھیلا چھوڑ دیں تو وہ نہیں ٹوٹتی اگر دونوں طرف سے کھینچیں تو پھر کھینچ پڑنے سے وہ رسی ٹوٹ جاتی ہے۔
    تیسری نصیحت یہ ہے کہ:
    دیکھنا مجھ سے راز و نیاز کی ہر بات کرنا مگر لوگوں کے شکوے اور شکائیتیں نہ کرنا۔ چونکہ اکثر اوقات میاں بیوی آپس میں تو بہت اچھا وقت گزار لیتے ہیں۔ مگر نند کی باتیں ساس کی باتیں فلاں کی باتیں، یہ زندگی کے اندر زہر گھول دیتی ہیں۔ اس لئے شکوے شکائتوں سے ممکنہ حد تک گریز کرنا.
    اور چوتھی بات کہ :
    دیکھنا دل ایک ہے یا تو اس میں محبت ہو سکتی ہے یا اس میں نفرت۔ ایک وقت میں دو چیزیں دل میں نہیں رہ سکتیں۔ اگر خلافِ اصول میری کوئی بات بری لگے تو دل میں نہ رکھنا، مجھے سے جائز طریقے سے بات کرنا، کیونکہ باتیں دل میں رکھنے سے انسان شیطان کے وسوسوں کا شکار ہو کر دل میں نفرتیں گھولتا ہے اور تعلقات خراب ہو کر زندگی کا رخ بدل دیتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں۔