یکساں سول کوڈ: ضد نہیں حکمت کی ضرورت ہے

ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی
ٓ

(نئے پیدا شدہ حالات میں حذف و اضافہ کے ساتھ گذشتہ  مضمون کی بازگشت)

 سپریم کورٹ آف انڈیانے اتراکھنڈ کی رہنے والی ایک مسلم خاتون کی پٹیشن پر سنوائی کرتے ہوئے حکومت ہند کو ڈیڑھ مہینے کا نوٹس دے کر یہ پوچھا تھاکہ وہ یکساں سول کوڈ کے نفاذکے لیے کیا اقدام کررہی ہے،اسی کے جواب میں وزارت قانون نے لاءکمیشن کو خط لکھ کر  اس جانب اقدام کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس پر عملدرامد کرتے ہوئے کمیشن نے 7 اکتوبر کو تمام عوامی حلقوں سے اس  معاملے پر رائے طلب کرنے کےلئے ڈیڑھ ماہ کا وقت دیتے ہوے ایک سوالنامہ جاری کردیا ہے۔ 16 سوالات پر مبنی اس  سوالنامے کے جواب آنے کے بعد الگ الگ اداروں سے کمیشن ان کی رائے پر بحث کرے گااور اس کے بعدکوئی مناسب جواب دیاجائے گا، لیکن اس سے قبل ہی مرکزی حکومت نے عدالت میں اپنا حلف نامہ ڈاخل کر کے اپنا عندیہ واضح کر دیا ہے۔ جو ہر اعتبار سے غلط ہے۔ جب لا کمیشن نے اس جانب اقدام کر ہی لیا تھا تو حکومت کو سپریم کورٹ میں جواب داخل کرنے سے قبل اس کی رائے کا انتظار کرنا چاہئے تھا۔اس واقعہ نے ملک میں یکساں سول کوڈ کی بحث کو پھر تازہ کردیاہے اور اس مرتبہ ہر بار سے زیادہ بڑے پیمانے پر اس معاملے پر بحث ہونے کی توقع ہے۔بھارتیہ جنتاپارٹی جوابھی سرکار میں ہے ،اس کی شروع سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ وہ ملک میں یکساں سول کوڈ قائم کرے،اس کے ہر انتخابی منشور میں اس کا وعدہ بھی کیاجاتارہاہے۔پچھلی باجپائی سرکار نے اس معاملے کو یہ کہہ کر چھوڑ دیاتھاکہ سرکار کے پاس واضح اکثریت موجود نہیں ہے ،لیکن اس مرتبہ پارٹی کے پاس یہ بہانا بھی نہیں ہے اور ایسامحسوس ہوتاہے کہ ارباب اقتدار یہ محسوس کررہے ہیں کہ یہی صحیح موقع جب یکساں سول کوڈ نامی اونٹ کو آگے دھکیلاجاسکتاہے۔ملک کا ماحول بھی سازگار ہے،سیاسی طور پر بھی اکثر جماعتیںکسی نہ کسی پس وپیش کے ساتھ اس کے حق میں ہے۔ہندواکثریت اور بہت سے دیگر مذہبی طبقات بھی اب اس معاملے میں زیادہ بحث کرنے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیتے۔ایسے میں موقع غنیمت جان کر پارٹی کے کچھ ارکان اپنی سطح پر عدالتوں سے رجوع کرکے سول کوڈ کی بحث کو تازہ کرنے کی کوشش میں مصروف رہے ہیں اور عدالتوں کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ یاتو خود اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کرے یاحکومت کو کوئی فیصلہ کرنے کے لیے جواز فراہم کرے۔مثال کے طور پر دہلی پردیش بی جے پی کے ایک ترجمان اشونی اپادھیائے جو سپریم کورٹ کے وکیل بھی ہیں،انھوںنے دسمبر2015میں سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک عرضی داخل کرکے یہ مطالبہ کیاتھاکہ ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کیاجائے۔اس عرضی کو خود چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی بینچ نے سناتھا اور خارج کردیاتھا،مگر خارج کرتے وقت چیف جسٹس نے یہ ضرورکہہ دیاکہ یہ ایک ایسامعاملہ ہے جس میں عدالتی حکم نامہ کارگر نہیں ہوسکتا،اس کے لیے حکومت اور پارلیمنٹ کو ہی فیصلہ کرناہوگا۔ہاں البتہ کچھ متا ثرین اگر عدالت سے رجوع کرتے ہیں تو اس پر غور کیاجاسکتاہے۔عدالت بہر حال پارلیمنٹ سے یکساں سول کوڈ لانے کا مطالبہ نہیں کرسکتی ،یہ قانون سازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپس میں بحث کریں اور کوئی مناسب فیصلہ لیں۔سپریم کورٹ کے اس تبصرے کے فورابعد اشونی اپادھیائے نے وزیر قانون کو خط لکھااور ان سے اس معاملے پر لاءکمیشن کی رائے لینے کا مطالبہ کیا۔اس کے بعد کچھ متا ثرین نے بھی عدالت سے رجوع کیا،جس میں سائرہ بانو کا کیس بھی شامل ہے ۔اس عرضی میں ایک نشست کی طلاق ثلاثہ اور تعدد ازدواج پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ کہاگیاہے کہ یہ طریقہ کار صنفی امتیاز کا مظہر ہے۔اسی عرضی کی سنوائی کرتے ہوئے ایک طرف عدالت نے حکومت کو نوٹس بھیج دیااور دوسری جانب ملک کی متعدد خواتین تنظیمیں جن میں کچھ آر ایس ایس سمیت کچھ مسلم خواتین کی تنظیمیں بھی شامل ہیں،کھڑی ہوگئیںاور طلاق ثلاثہ پر پابندی کی آڑ میں یکساں سول کوڈ پر بحث کا آغاز ہوگیا۔
حکومت کی جانب سے لاءکمیشن کو بھیجے گئے خط پر ملک کی اکثر سیاسی جماعتوں نے اس کا خیر مقدم بھی کیا لیکن یہ بھی کہاکہ سردست اترپردیش کے انتخابات کے پیش نظر یہ انتخاب جیتنے کی ایک حکمت عملی ہے،یہی جواز کچھ مسلم تنظیموں نے بھی دیاہے لیکن ان تمام حالات کے پس منظر میں اگر غور کریں تو معاملہ اتنا آسان نہیں ،انتخابات آتے جاتے رہتے ہیں ہوسکتاہے کہ اس حرکت سے حکومت کی منشاءبھی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی رہی ہو،لیکن اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتاکہ آزاد ی کے بعد سے اب تک یکساں سول کوڈ کا پرزور مطالبہ کرنے والی سیاسی جماعت اب حکمراں ہے اور پارلیمنٹ میں اسے واضح اکثریت حاصل ہے۔ایسے میں یکساں سول کوڈ کے لیے مناسب ماحول سازی کرنے میں بھی حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔درحقیقت ایسا ایک ماحول بنابھی دیاگیاہے،چنانچہ معاملہ بہت سنگین ہوجاتاہے اور اسے سیاسی جست وخیز کہہ کر نظر انداز نہیں کیاجاسکتا اور ملک کے تمام طبقات کو اس پر سنجیدگی سے غور کرناپڑے گا اور اگر بحث شروع ہوتی ہے تو بحث میں مضبوط دلائل کے ساتھ حصہ لینا پڑے گا۔یکساں سول کوڈ کے معاملے کو یکسر مسترد کردینا،یااسے ہندوقانون کے نفاذ کی سازش قراردینااب کام نہیں دے گاکیوںکہ اس سے قبل بھی ملک کی مختلف عدالتیںباصرار یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ اور سرزنش حکومت سے کرتے رہے ہیں۔2014میں اس حکومت کے قیام کے بعد عدالتوں کی یہ فہمائش بڑھتی چلی جارہی ہے ۔اکتوبر 2015میں بھی سپریم کورٹ نے کہاتھاکہ ملک میں مروج مختلف مذہبی عائلی نظاموں کی وجہ سے مکمل کنفیوژن کی صورت حال ہے۔اس کے دوہفتے بعد ہی اس وقت کے چیف جسٹس ایچ ایل دتوکی عدالت نے بھی حکومت سے صنفی امتیازات کے سلسلے میں جواب طلب کیاتھا اور اسے دستور کی د فعہ  14،15 اور 12کی مخالفت ماناتھا۔
حکومت ہند کے اس اقدام کے فورا بعد لاءکمیشن کے سابق چیرمین جسٹس لکشمن نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ انھوںنے تو 2014میں ہی اپنی رپورٹ نمبر 212میں میرج ایکٹ میں ترمیم کرکے یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی جانب ایک مثبت پیش قدمی کرنے کی تجویز سابقہ یوپی اے حکومت کو پیش کردی تھی لیکن حکومت نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی جس سے یہ اندازہ ہوتاہے کہ حکومتیں اس معاملے کو سیاسی بازیگری کی نذر کرنا چاہتی ہے۔یہ تمام حالات اس جانب واضح اشارہ کررہے ہیں کہ پورا ملک یکساں سول کوڈ کے نام پر اب کچھ نہ کچھ کرنے پر آمادہ دکھائی دیتاہے۔
دستور کے راہنما اصولوں کی شق 44حکومت ہند سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ملک میں ایک ایساماحول قائم کرنے کی کوشش کرتی رہے کہ بالآخر تمام طبقات یکساں سول کوڈ کو قبول کرنے پر آمادہ ہوجائیں،بظاہر گزشتہ حکومتوںنے اس سلسلے میں کوئی عملی اقدام نہیں کیالیکن 1950سے لے کر اب تک مختلف عدالتوںنے مختلف مواقع پر یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کرکے باربار اس بحث کوتازہ کیاہے،نیز ایسے بھی بہت سے فیصلے کیے گئے ہیں جس میں مختلف مذاہب کے عائلی نظاموں کی نفی اور تضحیک ہوتی ہے ۔حکومتوں نے ان فیصلوں کو قبول بھی کیاہے۔1985کے شاہ بانوکیس کے دوران بھی یہ بحث عدالتوں سے نکل کر سڑکوں تک اور سڑکوں سے پارلیمنٹ تک پہنچ گئی تھی اور بالآخر حکومت کو ایک قانون پاس کرکے چیف جسٹس کے فیصلے کو بدلنا پڑا تھا۔لیکن اس فیصلے کے منفی اثرات بھی پورے ملک نے محسوس کیے اور اس کے نتیجے میں ایک رد عمل کی سیاست کو بھی فروغ حاصل ہوا۔بابری مسجد کی تحریک سے لے کر اس کی شہادت تک کے واقعات اسی شاہ بانو کیس کے رد عمل کاسیاسی نتیجہ رہے ہیں۔اس معاملے پر جب بھی بحث کی جاتی ہے تو عام طور پر ملک کے مسلمان اس کے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیںاور فوری طور پر کسی بھی یکساں سول کوڈ کو قبول کرنے کا یکسر انکار کردیتے ہیں جس سے برادران وطن میں یہ پیغام جاتاہے کہ اس کی راہ میں صرف مسلمان ہی سد راہ ہیں جب کہ سچ یہ ہے کہ اس ملک کے عیسائی،سکھ،مختلف قبائل اور خود ہندووں کا بڑاطبقہ بھی یکساں سول کوڈ کا اتناہی مخالف ہے جتنا کہ مسلمان ہیں،لیکن انکار میں مسلمانوں کی پہل کی وجہ سے مسئلہ فرقہ وارانہ رنگ اختیار کرجاتاہے اور ملک کی کرپٹ سیاسی جماعتوں کو اس بہانے فرقہ وارانہ سیاست کا موقع بآسانی دستیاب ہوجاتاہے۔گزشتہ 70سال میں دفعہ 44کا یہی سیاسی استعمال مختلف سیاسی جماعتیں کرتی رہی ہیں اور مسلمان بھی اس نام پر ہمیشہ ہی چڑتے رہے ہیں،یہ مطالبہ کبھی کسی جانب سے نہیں کیاگیاکہ یکساں سول کوڈ کا نفاذ رائے عامہ ہموار کرنے کے بعد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،لہٰذا حکومت کا فرض ہے کہ وہ یکساں سول کوڈ کا نقشہ اور اس کے نفاذ کا طریقئہ کار مرتب کرکے ملک کے سامنے پیش کرے اور ملک کو یہ بتائے کہ یہ مشترکہ کوڈ کیاہوگا؟کس مذہب کے عائلی نظام کی بنیاد پر ہوگا؟اور دیگر مذاہب کے عائلی نظاموں کو اس مشترکہ نظام میں کیسے سمویاجاسکے گا؟ایساکوئی بھی نقشہ تیار کرنا کسی بھی حکومت کے بس کا روگ نہیں ہے۔اسی لیے حکومتیں اس معاملے کو ٹالتی رہی ہیں۔دستور اس معاملے میں بالکل واضح ہے کہ ایساکوئی بھی نظام عوامی رائے عامہ کی منظوری کے بغیر نافذ نہیں کیاجاسکتا۔مگر یہ طے نہیں ہے کہ وہ رائے عامہ کیسے حاصل کی جائے گی اور اس کے اظہار کا طریقہ کوئی ریفرنڈم ہوگا یا محض چند نمائندوں کی رائے کو ہی رائے عامہ سمجھ لیاجائے گا۔یہ بھی ایک دلچسپ تماشہ ہے کہ یکساں سول کوڈ کی بحث ۷۰سال پہلے جس انداز میں ہماری دستور ساز اسمبلی میں ہوئی تھی اس میں ابھی تک کوئی فرق نہیں آیاہے۔23 نومبر 1948 اس معاملے پر دستور ساز اسمبلی نے طویل بحث کی تھی جس میں مدراس کے مسٹر اسماعیل ،بنگال کے نظیر الدین احمد ، مدراس کے ہی محبوب علی بیگ،بہار کے حسین امام صاحب نے اپنی ترمیمات پیش کرتے ہوئے اسے پورے ملک کے لیے خطر ناک قرار دیاتھااور آئین کے بنیادی حقوق کی دفعہ 25سے متصاد م بھی قرار دیاتھا۔انھوںنے یہ دلیل دی تھی کہ 700سوسال مسلمانوں کی حکومت اور ڈیڑھ سوسال انگریزوں کی حکومت نے ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے عائلی نظام سے کبھی کسی چھیڑ خانی کی ضرورت محسوس نہیں کی،جب اتنے لمبے عرصے تک یہ تمام مختلف مذہبی طبقات اپنے اپنے عائلی نظام کو مانتے ہوئے ملک کو پرامن رکھ سکتے ہیں تو اب کسی یکساں عائلی نظام کی کیاضرور ت ہے۔اس بحث کا تفصیلی جواب کے ایم منشی اور ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر نے دیاتھا اور مذکورہ حضرات کی تمام دلیلوں کو خارج کرتے ہوئے اس دفعہ کو آئین کے رہنما اصولوں کے طورپر پاس کردیاگیاتھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی اس کی مخالفت میں صرف مسلمان کھڑے ہوئے تھے اور کسی غیر مسلم رکن اسمبلی نے اس کی مخالفت نہیں کی تھی اور آج بھی انھیں دلیلوں کے ساتھ صرف مسلمان ہی میدان میں ہیں،دیگر مذاہب کے لوگ یکساں سول کوڈ کو ناپسند کرنے کے باوجود خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں،ایسے میں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتہائی حکمت کا مظاہرہ کریں اور اپنے اوپر الزام نہ لیتے ہوئے ملک کے ان تمام طبقات جو اس کے حق میں نہیں ہیں،انھیں کو پہل کرنے کا موقع دیں۔حال ہی میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ نے بھی اس سلسلے میں اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے سخت الفاظ میں کہاہے کہ یکساں سول کوڈ کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گااور اسے نظام شریعت میں مداخلت تصور کیاجائے گا۔اس قسم کے بیانات قبل از وقت اور غیر ضروری محسوس ہوتے ہیں ،خصوصا ان حالات میں جب حکومت خود ہی یکساں سول کوڈ کا نقشہ کار پیش کرنے سے عاجز ہواور منطقی طور پر بھی یہ بات صحیح ہے کہ جو چیز ابھی تک عدم سے وجود میں نہیں آئی ہے اس کا انکار کیوں کر ممکن ہے۔اس کا نقشہ کار ہی ترتیب دینا ایک کار دارد ہے۔ہمیں حکومت کو یہ موقع دینا چاہیے کہ وہ پہلے اپنا کام مکمل کرلے اس کے بعد ظاہر ہے کہ اس کے نقشے پر بحث تو ہوگی ہی۔اس کے بعد اگر کوئی غیر شرعی چیزیں سامنے آتی ہیں تو اس پر بحث کرنے کا بھی موقع ہے ،احتجاج کرنے کا بھی موقع ہے اور واضح دلیلیں دینے کا بھی موقع مل جائے گا،تب اس کا انکار منطقی بنیادوں پر ہوگااور دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی اس پر اعتراضات کے مواقع مل جائیں گے ۔بہرحال!مسلمانان ہند کو اس سلسلے میں جلد بازی میںکوئی فیصلہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور ملک میںاس موضوع پر جو عام بحث چھڑی ہے منطقی دلائل کے ساتھ اس میں حصہ بھی لینا چاہیے اور متعلقہ سرکاری اداروں سے رابطے بھی کرنے چاہئیں۔ بورڈ کا یہ اعلان کہ وہ لا کمیشن کے سوالنامے پر رائی زنی نہیں کرے گا  سراسر خالف حکمت ہے۔اس دوران یہ بھی بہت ضروری ہے کہ مسلمانوں کے ارباب حل وعقد مسلم قانون کی تدوین کا کام جنگی پیمانے پر پوراکرلیں۔یکساں سول کوڈ سے قرار واقعی مقابلہ آرائی کے لیے ایک مدون مسلم قانون سے بڑا کوئی دوسراہتھیار نہیں ہوسکتا۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔