یہی تو وقت ہے سورج تیرے نکلنے کا

ایم شفیع میر

تھوڑی دیر کے لیے عالمی حالات سے صرف نظر کربھی لیجیے تو یہ سچ ہے کہ ملکی پیمانے پر ہم مسلمانوں کے لیے ماحول بظاہر بہت سازگار نہیں ہیں ۔ 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں سب کا ساتھ سب کا وکاس کے نعرے کے تحت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے اور بر سراقتدار آنے کے بعد آرایس ایس کے زیر رہمنائی چلنے والی بی جے پی کا رویہ مسلمانوں کے تئیں بہت جانبدارانہ رہا ہے۔ اس بیچ ملکی سطح پر عجیب وغریب تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، قانون کی بالادستی کمزور پڑ رہی ہے ۔اس کی ایثیک تازہ مثال جموں کے گول گجرال میں دیکھنے کو ملی جہاں گزشتہ روز ’’جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ‘‘نے تجاوزات مخالف مہم کے دوران ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ایک مدرسہ کو مسمار کر دیا گیا جس وجہ سے وہاں رکھے ہوئے قرآن پاک، احادیث اور دیگر اسلامی کتابوں کی بے حرمتی ہوگئی ۔گو کہ مسلم دشمنی کا یہ ناپاک کھیل کوئی نیا نہیں بلکہ اس طرح کے ناپاک کھیل ماضی میں بھی کھیلے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے،لیکن اُن مسلم قائدین کیلئے لمحۂ فکریہ اور اپنے ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے ایک تلخ اشارہ ہے جو اقتدار اور کرسی کی خاطر اپنا دین و ایمان فروخت کر چکے ہیں ۔

صاف طور سے ظاہر ہے کہ مسلم دشمنی کا یہ ننگا ناچ بند ہونے والا نہیں، ماضی کے اوراق اُلٹ کر دیکھئے۔22فروری 2016میں بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس طرح کی کاروائی انجام دی گئی ۔سانبہ کے قریب سرور گرجر بستی کے مکین جب رات کو اپنے آشیانوں میں سوئے تو اُن کے وہم و گمان میں بھی نہ تھاکہ اس بار ہم اپنے آشیانوں میں آخری بار آرام فرما رہے ہیں، انہیں کیا معلوم کہ اُنکی بستی پر صبح طوفان آنے والا ہے۔صبح ہوئی سورج کی کرنیں پھوٹنے لگی تو چند ہی لمحوں کے بعدجموں کی پولیس کی بربریت اورزعفرانی عفریت کی چنگاڑ نے تباہی کی ایک ایسی داستان ر قم کی جس سے ایک معصوم بچے سے لے کر 80سالہ بزرگ تک متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے۔آن کی آن میں اس بستی کے 60کے قریب کنبے نہ صرف اپنے آشیانے کھو چکے بلکہ گولیاں لگنے سے کئی ایک خون میں لت پت بھی ہوئے ۔

کہاں تک داستانِ الم سنائی جائیں، موجودہ دور میں بر سر اقتدار مرکزی و ریاستی حکومت نے مسلم دشمنی کا ایک ایسا مائنڈ سیٹ بنایا ہوا ہے کہ یکے بعد دیگرے مختلف بہانوں سے مسلمانوں کو زیر کیا جا رہا ہے ۔مسلمانوں کے تئیں کھلی دشمنی کے اظہار کا یہ سلسلہ اتنا ہی نہیں بلکہ اس کی ایک خوفناک مثال جو مسلمانانِ جموں کے لئے خطرے سے خالی نہیں ہے پیش کی جا رہی ہے ۔ گزشتہ ماہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میں فورسز نے اس طرح سے اپنی کامیابی کا بانڈا پھوڑاکر یہ دعویٰ کیا کہ فورسز نے ایک بڑی کامیابی کے طور ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی رحمان لکھوی کے بھتیجے سمیت لشکر طیبہ سے وابستہ 6 پاکستانی جنگجوؤں کو مار گرایا ہے ۔پولیس سربراہ کے مطابق مارے گئے جنگجوؤں میں ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی رحمان لکھوی کا بھتیجا بھی شامل تھا۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلح تصادم کے ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ’مسلح تصادم ختم ہوگیا ہے اوریہ ایک کامیاب آپریشن رہا۔ تصادم میں 6 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کئے گئے‘۔ انہوں نے کہا ’مارے گئے جنگجوؤں میں ذاکر رحمان مکی کابیٹا اور ذکی رحمان لکھوی (ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ماسٹر مائنڈ) کا بھتیجا اُوید بھی شامل ہے‘۔ ڈاکٹر شیش پال وید نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’لشکر طیبہ کمانڈروں ذرگام اور محمود کو بھی تصادم میں ہلاک کیا گیا۔ مارے گئے سبھی جنگجوؤں کا تعلق پاکستان سے ہے‘۔ انہوں نے مزید لکھا ’ یہ سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے‘۔پولیس سربراہ کے اس فاتحانہ بیان کوجموی مسلمانوں کی بد قسمتی سمجھا جا ئے یا پولیس سربراہ کے کا دیوالیہ پن کہ پولیس سربراہ نے جہاں اس آپریشن کو جنگجوؤں کیخلاف پولیس و فورسز کی ایک بہت بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ اس تصادم میں دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی رحمان لکھوی کے بھتیجے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا وہ سر اسر جھوٹ پر بھی مبنی ایک من گھڑت کہانی اُس وقت ثابت ہوئی جب اس آپریشن کے دوران ذکی رحمان لکھوی کے بھتیجے کی دکھائی جانے والی تصویر جموں ایک عام شہری و مزدور پیشہ شخص کی ہے ۔ فوج کی اس بڑی کامیابی کو فیس بک او ر واٹس ایپ کے بل بوتے پر چلنے والے کئی نام نہاد نیشنل چینلوں اور اخبارات نے بغیر تحقیق کے بڑھ چڑھ کر شائع کیا۔

جموں سے شائع ہونے والے دو ہندی اخبارات ’’ دینک جاگرن ‘‘ اور ’’ ’’ امر اجالا ‘‘ نے کھٹیکاں تالاب علاقہ میں کام کرنے والے ایک نوجوان مجید کھٹانہ کی تصویر تصادم میں مارے گئے جنگجو اوسامہ جھنگوی کے طور پر شائع کی جو لشکر کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کا بھتیجا تھا ۔ واضح رہے پولیس سربراہ نے جس آپریشن کو پولیس و فورسز کی ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے حقیقی معنوں میں وہ کچھ اور ہی کہانی ہے ۔

موجودہ دور میں جموی مسلمان جس طرح سے زعفرانی سازشوں کا شکار ہو رہے ہیں وہ مسلم قائدین کیلئے لمحۂ فکریہ ہیں ۔ایک منظم پلان کے تحت یہاں کے مسلم سماج کو عتاب کا شکار بنایا جا رہا ہے۔بے رحمی سے جہاں تہاں غلط سلط الزامات میں مسلمانوں کو پھنسایا جا رہا ہے، فضا میں ایک عجیب نفرت گھول دی گئی ہے۔ مسلم دشمنی کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب، تہذیب، زبان اور رنگ کے لوگ جیتے ہیں، کثرت میں وحدت اس کی خوبی مانی جاتی ہے، یہی اس کا حسن بھی ہے اور ترقی کا راز بھی۔ لیکن منظم کوشش کے تحت اس کثرت کو مٹانے کی کوشش ہورہی ہے۔ ملک کے بقیہ طبقات کے لیے بھی حالات ناخوشگوار ہیں لیکن بطور خاص مسلمانوں کے لیے صورت حال زیادہ ابتر کرنے کی کوسازش جاری ہے۔ ایسے میں بعض بہی خواہوں کی طرف سے جس طرح مسلمانوں کو سمجھانے کی کوشش ہورہی ہے اور بعض خود ڈرے ہوئے لوگ قوم کو جس طرح ڈرا رہے ہیں وہ حد درجہ افسوسناک ہے۔

اس لئے مسلم قائدین سے یہ گزارش ہے کہ وہ سیاست دانوں کی جی حضوری میں اپنی عافیت خراب نہ کریں اور وقتی طور کی ان گھنگور گھٹاؤں سے ڈرنا چھوڑ دیں یہ وقت ڈرنے کا نہیں کچھ کرگزرنے کا ہے۔ خوف موت ہے لیکن خوف کے مہیب سایوں کو امید کی نئی جوت بنالینا زندہ قوموں کا شعار ہے۔ ہم اس خوف کو دھتکاریں گے کہ ایمان کے ہوتے ہوئے خوف کی کوئی جگہ نہیں ۔ اور ویسے بھی بہت کوشش کرنے کے باوجود زہریلی قوتوں کو ہمیشہ ناکامیوں کا سامنا رہا ہے ۔ حق و باطل کی اس جنگ میں جیت ضرور حق کی ہوگی ۔یہ لوگ اپنے ناپاک مشن میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوپائیں گے اور ان شاء اللہ وہ کبھی کامیاب ہوں گے بھی نہیں ۔رات کے بعد صبح ضرور آتی ہے اور تاریکی کو چھٹنا ہی پڑتا ہے۔ مجھے شہریار کا ایک شعر یاد آرہا ہے۔

سیاہ رات نہیں لیتی نام ڈھلنے کا
یہی تو وقت ہے سورج تیرے نکلنے کا

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔