اردو افسانے کے فروغ میں نظام آباد کا اہم کردار!

ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی

مئی(راست) ضلع کاماریڈی کے ممتاز منی افسانہ نگار رحیم انور کے فن اور شخصیت پر مبنی رسالہ گونج کے خاص نمبر کی رسم اجراء ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد نے انجام دی۔ مدیر گونج جناب جمیل نظام آبادی نامور ادیب ‘شاعر و صحافی کے مکان پر منعقدہ اس تقریب میں نظام آباد کے شعرا اور ادیب جناب چکر نظام آبادی‘جناب جلال اکبر‘جناب تمیم نظام آبادی اور جناب فضل صاحب اور دیگر احباب شریک تھے۔

 تقریب رسم اجراء سے خطاب کرتے ہوئے مدیر گونج جناب جمیل نظام آبادی نے کہا کہ ادارہ گونج اس بات پر مسرت کا اظہار کرتا ہے کہ کاماریڈی سے وابستہ ممتاز افسانہ نگار رحیم انور کا گونج خاص نمبر شائع ہوا ہے جس میں رحیم انور کی تخلیقات کے علاوہ ان کے فن اور شخصیت پر ڈاکٹر محمد بہادر علی‘بی بالیا سابق ایم ایل اے کاماریڈی‘سید شجاعت علی‘واحد محسن‘ڈاکٹر فضل اللہ مکرم‘رفیق شاہی‘ڈاکٹر اشفاق احمد ناگپور‘شفیق ناظم جلگانوی‘ڈاکٹر محمد ناظم علی‘ڈاکٹر ضامن علی حسرت‘ڈاکٹر آمنہ آفرین‘عاجز ہنگنگجھاٹی‘محمد عبدالسلام‘محمد علیم الدین‘سکندر سلیم‘ڈاکٹر ناظم الدین منوراور ضیا جبلپوری کے تعارفی مضامین شامل ہیں ۔

جناب جمیل نظام آبادی نے کہا کہ گونج کی جانب سے خاص نمبروں کی اشاعت کا سلسلہ جاری ہے اور ادبی دنیا میں اس کی خاصی پذیرائی ہورہی ہے۔ انہوں نے گونج کے پرستاروں سے گونج کی سرپرستی میں آگے آنے کی خواہش کی۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ایک ایسے دور میں جب کہ مادہ پرستی عام ہے ایک قلمکار افسانے کے ذریعے سماجی مسائل کو اجاگر کر رہا ہے وقت کی کمی کے اس دور میں مختصر افسانے کے ذریعے دو تین جملوں میں سماج کی ایک کڑوی حقیقت کو اجاگر کیا جاتا ہے اور یہ کام رحیم انور خاموشی سے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اردو افسانے کے معروف رسائل کے بند ہوجانے کے بعدا ب ضرورت اس بات کی ہے کہ رحیم انور کو سوشیل میڈیا کے افسانہ گروپ کے ذریعے متعارف کرایا جائے اور ان کی کتابوں کو آن لائن کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ اردو ادب کے فروغ میں جناب جمیل نظام آبادی اور گونج کی چالیس سالہ خدمات ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی ضروت ہے۔ افسانہ نگار رحیم انور نے کہا کہ وہ اب تک دس افسانوی مجموعے پیش کرچکے ہیں ان کے پانچ سو افسانوں میں دوسو کے قریب افسانے گونج میں شائع ہوئے۔ انہوں نے خاص نمبر کی اشاعت پر مدیر گونج کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چکر نظام آبادی جلال اکبر اور تمیم نظام آبادی وفضل صاحب نے رحیم انور کو مبارک باد پیش کی۔

تبصرے بند ہیں۔