تعارف و تبصرہ – ریکس طبّی میگزین

ریکس طبّی میگزین اپنی زندگی کی تین بہاریں دیکھ چکا ہے اور چوتھے سال کا نصف اول سفر بھی مکمل کرچکا ہے۔ تازہ شمارہ جون 2016ء پر مشتمل ہے۔
ڈاکٹر حکیم اسلم جاوید جیسے بیباک اور صاف گو صحافی اس کے مدیر اعلیٰ ہیں اور ڈاکٹر میم ضاد فضلی مدیر اعزازی مجلس ادارت میں راقم الحروف کے علاوہ حکیم ایف، آر مصباحی، صبور احمد صدیقی، ڈاکٹر یا یا سمین رئیس اور ڈاکٹر افتخار احمد سیفی کے نام شامل ہیں۔ سرکولیشن منیجر مشہور سائنسداں محمد سلیم اختر ہیں جنہیں صحافت کا بھی معقول تحریر ہے۔ کہنہ مشق صحافی سالک دھامپوری کے رشحات قلم بھی اس میگزین کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
اس میگزین میں عام معلوماتی مضامین(Popular articles) کے علاوہ علمی و تحقیقی مضامین بھی شائع ہوتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں حکیم فضل الرحمن مصباحی، حکیم وسیم احمد اعظمی ڈاکٹر اشفاق احمد نیز رقم الحروف کے نام شامل ہیں۔
اداریہ ڈاکٹر حکیم اسلم جاوید کے قلم کا مرہونِ منت ہے جس کا عنوان ہے، ’’اسپتال صرف کمائی کا ذریعہ‘‘ ۔ اس اداریہ میں سرکا ری ہسپتالوں کی زبوں حالی کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے اس کے ماحول و فضا میں مرکزی حکومت کی طرف سے تین ہزار کروڑ روپے کے دیہی مشن منصوبہ گاؤں ۔ دیہات کے مریضوں کو کیسے صحتمندبنائے گا ۔ گرمی میں پیدا ہونے والی بیماریاں اور ان کا علاج بھی ڈاکٹر اسلم جاوید نے لکھا ہے جو عام معلوماتی طبّی مضامین لکھنے میں ید طولیٰ رکھتے ہیں۔ ان کی کتاب طبّی شہ پارے ، ارباب نظر سے خراج تحسین حاصل کرچکی ہے جس پر حکیم وسیم احمد اعظمی کا بھرپور والہانہ تبصرہ ریکس طبّی میگزین کے صفحات کی زینت بن چکا ہے۔
میم ضاد فضلی کی تحریریں نہ صرف ریکس کی تالیفات (REX Products)کا بھر پور تعارف پیش کرتی ہیں، بلکہ عصری مسائل کا بھی بھر پور اور آسان حل پیش کرتی ہیں۔ زیر نظر شمارہ میں ادویاتی خوبیوں سے مالا مال ہلدی، روزہ، تھکن اور بے خوابی کا قدرتی علاج کے علاوہ ریکس شر بت بیلگری اور شر بت صندل کا تعارف انہیں کے زور قلم کا نتیجہ ہیں۔
اس کے علاوہ ’کولیسٹرول کیسے کریں کنٹرول‘ میں ایس، اے ساگرر نے آسان تدابیر کا تذکرہ کیا ہے۔ سوء تغذیہ پر ڈاکٹر نذیر مشتاق نے سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ ماجد علی سید نے’ سحری، افطار، تازہ پھل اور سبزیاں مفید ہیں‘ کے زیر عنوان بڑی معلومات آفریں باتیں بتائی ہیں۔ اس میں ذیابیطس کے مریضوں کے لئے مفید معلومات درج ہیں۔
’طب یونانی کے لئے یہ موقع غنیمت ہے۔ فائدہ اٹھائیں‘ کے زیر عنوان حکیم اسلم جاوید نے بتایا ہے کہ آج طبّی ضابطۂ اخلاقیات پر زور دیا جارہا، جب کہ’ Medical Ethics ‘طب یونانی کا ہمیشہ سے جزوِ لاینفک رہا ہے۔ انہوں نے دواء الشفا (Rawalfia serpentina)کے سلسلے میں حکیم اجمل خاں اور ڈاکٹر سلیم الزماں کی بے عدیل تحقیقات کا تذکرہ کرتے ہوئے آج کے پرتعب دور میں جسم انسانی پر مختلف قشبی امراض (Viral Diseases) کے حملے کو قوت مناعت کی کمی بتاتے ہوئے لکھا ہے ہمیں وائرل امراض کی اصطلاح سے مرعوب نہیں ہونا چاہیے۔ بلکہ اخلاط، ارکان، مزاج اور سوء مزاج کے تناظر میں دیکھتے ہوئے اس کا حل دیسی جڑی بوٹیوں میں تلاش کرنا چاہیے، کیونکہ کل تک دیسی طریقۂ علاج اور اس کی جڑی بوٹیوں کو گھاس کوڑا کہنے والے آج اسی گھاس کوڑے کو ہربل میڈیسن کا نام دے کر اپنے گلے سے لگا چکے ہیں۔
باقی مضامین بھی معلوماتی ہیں، مثلاً پتہ (نفیسہ خاتون)، محکمۂ صحت ۔ چارہ گرنہ لے مری جان (راحت علی صدیقی قاسمی) ، صحت عامہ کی خدمات میں ہماری پسماندگی افسوسناک (عارف عزیز)۔ ہندی سیکشن بھی معلومات آفریں ہے، مثلاً گڑ کے دوائی فائدے، سرسوں کا تیل، گٹھیا کی آسان تدابیر ، ناک سے خون بہنا اور اس کی تدابیر، اسپغول ۔
علاوہ بریں طبّی نیوز اور سر گرمیوں کو رنگین تصاویر سے مزین کیاگیا ہے، جس کے لئے 8 صفحات مختص کئے گئے ہیں، جس میں ریکس ریمیڈیز کی سرگرمیوں کو بطورِ خاص مشتہر کیاگیا ہے۔
ریکس ریمیڈیز نے ریکس طبّی میگزین جاری کرکے اسے طب یونانی کا عالمی ترجمان بنادیا ہے۔ چونکہ ریکس کی سرپرستی کے سبب اسے بظاہر مالی بحران کا سا منا نہیں کرنا پڑے گا لہٰذا یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ ریکس طبّی میگزین مسلسل کامیابی کی منزلیں اسی شان سے سر کرتار ہے گا جب کہ دوسر ی طرف جواں سال ڈاکٹر اسلم جاوید کا بھر پور ادارتی تعاون بھی سرگرم عمل ہے۔
میگزین کا سالانہ تعاون 450 روپے اور فی شمارہ 40 روپے ہے۔ کتابت و طباعت معیاری،پر کشش، گیٹ اپ نہایت دیدہ زیب اور ریکس کی مصنوعات کے اشتہارات پر مبنی ہوتا ہے اور دوسرے ٹائٹل صفحہ پر دو ماہی کلینڈر بھی ہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں۔