جناب عظیم عباس کو بزم صدف انٹرنیشنل اوارڈ برائے اردو تحریک 2017

ہندستان سے باہر کے ممالک مثلاََ قطر، سعودی عرب اوردیگرخلیجی ممالک میں مقیم ہندستانیوں نے 2015 میں بزم صدف کا قیام عمل میں لایا۔ بزم صدف ایک بین الاقوامی ادبی انجمن ہے جس کے زیر اہتمام اردو کا بین الاقوامی رسالہ ’’صدف‘‘بڑے تزک و احتشام کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ اس انجمن نے 2015، 2016 اور 2017 میں مختلف موضوعات پردوحہ، قطر کے علاوہ ہندستان کے مختلف شہروں اور علاقوں میں لکچرز، سے می نار اور سمپوزیم کا انعقاد بھی عمل میں لایا ہے جس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی مقتدر اور نامور شخصیات شریک ہو چکی ہیں۔ اس انجمن کی اولین کوشش خلیجی ممالک کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں ثقافتی، سماجی اور ادبی طور پر متحرک شخصیات اور انجمنوں کو متحدہ پلیٹ فارم فراہم کرانا اور اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کے لیے سب کو ساتھ لے کر ایک مضبوط اور متحد تحریک کی شکل میں دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

بزم صدف انٹرنیشنل کے چیئر مین جناب شہاب الدین احمد نے بزم کے’’ انعام برائے اردو تحریک 2017‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انعامی کمیٹی نے اس سال کا یہ انعام قطر میں مقیم’’ کاروان اردو‘‘ کے صدر اور مشہور تاجر جناب عظیم عباس کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ انعام محترم جناب عظیم عباس کو 2 اپریل 2018 کو حیدرآباد یونی ورسٹی، حیدرآباد، تلنگانہ، ہندستان میں منعقد ہونے والے بزم صدف کے بین الاقوامی جشن اردو میں پیش کیا جائے گا۔ اس انعام کے بہ طور جناب عظیم عباس کو ایک شال، توصیفی سند اور یادگاری تحفہ پیش کیا جائے گا۔

انعام کا اعلان کرتے ہوئے جناب شہاب الدین احمد نے بتایا کہ گزشہ سال یہ باوقار انعام جناب حسن عبد الکریم چوگلے (قطر)اور جناب مہتاب قدر (جدہ) کو دیا گیا تھا جس کا دنیا بھر کی اردو آبادی نے خیر مقدم کیا تھا۔ انھوں نے اس موقعے پر اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا کہ اس سال کے انعام کو بھی اردوحلقہ گرم جوشی سے قبول کرے گا اور دنیا بھر میں اس سال کے انعام کی پذیرائی ہوگی۔

جناب شہاب الدین نے انعام کا اعلان کرتے ہوئے اس سال کے صاحب انعام کے تعلق سے بتایا کہ محترم جناب عظیم عباس گزشتہ 34 برسوں سے قطر میں مقیم ہیں جہاں انھوں نے فروغ اردو کی شمع کو روشن کر رکھا ہے۔ جناب عظیم عباس ’’السلیمان جویلرس اینڈ واچز‘‘ کے مینیجنگ ڈائرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ انڈین اسپورٹس سینٹر، دوحہ کے چیرمین بھی ہیں ۔ اس کے علاوہ جناب عباس انڈین بزنس کاؤنسل، دوحہ کے سابق صدر اور ڈی۔پی۔ڈی اسکول دوحہ کے سابق ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
پروفیسر صفدر امام قادری، ڈائریکٹر بزم صدف انٹرنیشنل نے جناب عظیم عباس کو اس انعام کے لیے مبارک باد دی اور بتایا کہ اپریل 2018 میں منعقد ہونے والے ’’جشن اردو‘‘ میں آسٹریلیا، جرمنی، انگلینڈ، کناڈا، قطر، بنگلہ دیش، ماریشس وغیرہ ممالک کے شاعر، ادیب، نقاد اورریسرچ اسکالرز کو مدعو کیا گیا ہے۔ انھوں نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ اس سال کے جشن کو سال رواں کے ایک بڑے ادبی جشن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔

بزم صدف انٹرنیشنل کے سکریٹری(ہندستان) ڈاکٹرمحمد زاہد الحق، سکریٹری (بیرونی ممالک) جناب احمد اشفاق، میڈیا سکریٹری جناب طاہر جمیل کے ساتھ ساتھ مرکزی گورننگ کاؤنسل کے ممبران، ہندستان اور بیرونی ممالک مثلاََقطر، سعودی عرب، جرمنی، کناڈا، انگلینڈ، بنگلہ دیش کے تمام سرپرست و ممبران نے صاحب انعام جناب عظیم عباس کواردو تحریک کے ضمن میں ان کی وابستگی اور خدمات کے اعتراف میں حاصل ہونے والے اعلان شدہ انعام کی مبارک باد پیش کی۔

تبصرے بند ہیں۔