خدمت خلق:فضیلت،اہمیت اور ضرورت

عبد الرشید طلحہ نعمانی

کتاب : خدمت خلق ؛فضیلت،اہمیت،ضرورت

مولف : حافظ محمدعبدالمقتدر عمرانؔ (انچارج شعبہ نشر واشاعت صفا بیت المال انڈیا)
صفحات : 460
قیمت: 100 /ر وپئے
مبصر : عبدالرشید طلحہ نعمانی

خدمت خلق انسانی ضرورت بھی ہے اور اہم ترین عبادت بھی ،رب ذوالجلال کےنظامِ ربوبیت کا اعلان بھی ہے اور رحمۃ للعالمینﷺ کی رافت و رحمت کا مظہر بھی ۔
افراد انسانی کے درمیان تعاون و ہمدردی اور محبت و خیر خواہی کا جذبہ ،عصرحاضرمیں سماجی استحکام، معاشرتی امن و سکون، اور معاشی ترقی وخوش حالی کے لئے از حد ضروری ہے؛ اسی لئے اسلام نے باہمی اخوت و رواداری اوربےلوث ہمدردی و خیرخواہی کو اعلیٰ انسانی اوصاف کا جزو لاینفک قراردیانیز’’الخلق عیال اللہ ‘‘کے ذریعہ خدمت خلق کا ایسا جامع تصور پیش کیا کہ تلاش بسیار کے باوجود دنیا کے کسی مذہب میں اس کی نظیر نہیں مل سکتی ؛یہی وجہ ہے کہ شریعت اسلامیہ میں اس کی بہت زیادہ اہمیت و فضیلت بتلائی گئی اوراس اہم فریضے کی ادائیگی پر مسلمانوں کو مختلف انداز وطریقے سے ابھارا گیا ۔
کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہوگا عرش بریں پر.

یوں تو خدمت خلق کے بسیط موضوع پر متعددعلماء نے قلم اٹھایا،مختلف انداز سے خامہ فرسائی کی گئی،متنوع گوشوں کو اجاگر کیاگیا؛مگرزیر تبصرہ کتاب ’’خدمت خلق ؛فضیلت،اہمیت،ضرورت‘‘ جس جذب دروں اور سوزفزوں کے ساتھ لکھی گئی،ایسی مثالیں خال خال ہی دیکھنے میں آئیں۔
اس کتاب کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنے موضوع پرمدلل وجامع ہونے کے ساتھ ساتھ عام فہم اورآسان بھی ہے۔
دیدہ زیب ٹائیٹل ،عمدہ معیار طباعت و کتابت کے علاوہ اکابر واسلاف کی تقریظات سے آراستہ ومزین ہے۔
مولف کتاب، برادرعزیز حافظ محمد عبد المقتدر عمرانؔ،جہاں شعبہ نشر و اشاعت و شاخہائے صفا بیت المال انڈیاکےنگران وانچارج ہیں وہیں ایک اچھے مضمون نویس اورمراسلہ نگار بھی ہیں؛جن کے مضامین و مراسلات ملک وریاست کے متعدد روزناموں میں شائع ہوکردادتحسین حاصل کرتےرہتےہیں۔
۱۶۰؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب میں ۹ باب ہیں ، پہلے باب میں قرآن کریم کی وہ آیتیں لی گئیں ہے؛ جن سے خدمتِ خلق کی فضیلت و اہمیت اجاگرہوتی ہے ، دوسرے باب میں خدمتِ خلق کی فضیلت و اہمیت کو احادیث مبارکہ سے ثابت کیا گیاہے، بعد کے ابواب میں سیرتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے چند واقعات و حالات کو ایسے ہی حضراتِ خلفائے راشدین کے کارناموں اور دیگر صحابۂ کرام و بزرگانِ دین کی مثالی حکایات کو شامل کیا گیاہے؛ کتاب کو مزید جامع و نافع بنانے کی غرض سے خدمتِ خلق سے متعلق اولیاء کاملین و سلفِ صالحین کے اقوال و فرمودات کوبھی ذکر کیا گیاہے۔
خدا کرے کہ کتاب کو حقیقی مقبولیت نصیب ہو اور مولف کو مزید دینی وعلمی خدمات کی توفیق ملے۔

ایں دعاء از من واز جملہ جہاں آمین باد

تبصرے بند ہیں۔