رحمان کے مہمان: حج کا یادگار سفر نامہ

مبصر :  مفتی رفیع الدین حنیف قاسمی

مصنف: مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی(ایم اے)

رفیقِ تصنیف دار الدعو والارشاد، یوسف گوڑہ، حیدرآباد

ناشر :  انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم حیدرآباد،تلنگانہ، انڈیا9849611686

صفحات: 170، قیمت:  100

حج ایک والہانہ وعاشقانہ عبادت ہے، جس کے ہر ہر عمل میں عشق ووارفتگی فنائیت عبدیت اور بندگی کا اظہار ہے، احرام سے لے کر خانہ کعبہ کے طواف، صفا مروہ کی سعی، زمزم کا پینا، عرفات کا قیام، منی کی راتیں گذانا، مزدلفہ میں ٹھہرنا، شیطان کو کنکریاں مارنا قربانی کے عمل تک سارے کے سارے امور عشق وارفتگی کی داستان اپنے اندر لئے ہوئے ہیں، واقعتا بندہ اپنی فنائیت اور عبودیت کا کامل ومکمل اظہار کرتا ہے، کفن کا سا کپڑا زیب تن کئے ہوئے دیوانہ وار مکہ کی سرزمین او راس کے سنگلاخ اور سخت وتیز ترین اور شدید دھو پ کی لو اور تمازت میں اپنے سارے اعمال کو دیوانہ وار انجام دیا جاتا ہے، اس لئے اللہ عزوجل نے نبی کریم کی زبانی فرمایا ہے، حج مبرور کا بدلہ سوائے جنت کے کچھ نہیں، حاجی گناہوں سے ایسے پاک صاف ہوجاتا ہیجیسیاس کیوالدین نے اس کو آج ہی جنا ہو۔

میرے پیش نظر مکرم ومحترم دار العلوم دیوبند میں میرے سینئر، معلم الحجاج، عظیم حج ٹرینرجناب مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ( ایم اے ) جن کو اللہ عزوجل نے کئی مرتبہ خانہ کعبہ کے حج اور اس کے اعمال کی ادائیگی اور وہاں کے مقامات ومناسک پر خوب تر عبور عطا کیا ہے، وہاں کے ذرے ذرے کو اپنے نہاں خانوں میں چھپایاہے، خاک بکہ اور طیبہ کو اپنے آنکھوں کا سرمہ بنایا ہے، آں محترم کی خدمات کا دائرہ صرف حجاج اور بحیثیت معلم حجاج کے ہی نہیں ؛ بلکہ عربی اور انگریزی کے ماہر اور نابغہ روزگارٹرینرس میں ہوتا ہے، ندویت اور قاسمیت کی جامعیت نے ان کے اندر واقعتا قدیم صالح جدید نافع کی خوبی ان کے رگ وپے میں بسا اور رچادی ہے، ویسے ان کے حجاج کی رہنمائی سے متعلق دیگر کتابیں منظر عام پر آئیں، جیسے تربیت عازمین حج عمرہ  MY HAJJ & UMRAH COMPANION   ، حج وعمرہ کی خصوصی دعائیں جس کو لوگوں نے آنکھوں کا سرمہ اور حج کے اعمال ومناسک کے سمجھنے میں نہایت مفید ممد اور معاون بنایا.

ابھی میرے پیش نظر صاحب ذوق حضرات، اردو کے دلدادہ اور اس کی مٹھاس اور شیرینی اور اردو ادب کاجامعیت کی حامل، اچھوتے اور البیلے انداز میں سفر حج کی ساری روداد اور سرگذشت کو بیان کرتا آن محترم کا سفرنامہ حج  بنام (رحمان کے مہمان) میرے پیش نظر ہے، جب میں نے کتاب کی ورق گرانی کی اور ابتدائی سطور پر نظر پڑی تو اردو کی مٹھاس اور جاذبیت اور ادبیت کی چاشنی اورلذت نے مجھ پر ایسی کیفیت طاری کردی اور خود میں نے بھی ابھی عمرہ سے فراغت حاصل کی ہے، جس کی وجہ سے آن محترم کے سفر نامہ حج کو جو نہایت اچھوتے انداز میں گھر سے نکلنے، ایرپورٹ پر پہنچنے اور وہاں سے مکہ کے قیام اور اعمال حج کی ادائیگی اور مدینہ منورہ کے سفر اور وہاں کے تمام احوال اور مدینہ منورہ کے مقامات مقدسہ کا تعارف،یہ سفر نامہ واقعی لذت بخش، سلاست و روانی، برجستگی اور واقعات پر واقعات اور ہر جگہ کا ایساتعارف اور تجزیہ ہر عمل کی ادائیگی کی طرف رہنمائی کرنے والا عمل اور درمیان درمیان میں مختلف لوگوں اور مزاجوں کے حامل لوگوں سے ملنے پر ان کی طرف سے ہونے والے اچھے اور تلخ تجربات کا احاطہ کرتا ہوا یہ سفر نامہ یقینا یہ حجاج کرا م کے لئے سفر حج کے لئے بالکل گائید اور رہنمائی کا کام انجام دے گا، اس دلچسپ سفر نامہ اور قدم قدم پر ایسی منظر کشی کہ بذات خود حاجی اس جگہ پر اپنے آپ کو پاتا ہے، میں نے اس کا مطالعہ شروع کیا تو صرف ایک دیڑھ گھنٹے میں اس کو ختم کردیا اور رات کے تین بجے شروع کیا اور فجر کی اذان بھی ہوگئی اور پتہ ہی نہیں چلا، اتنی اچھی حقیقی اور واقعی منظر کشی اور اس میں ادبیت کا پوراپورا لحاظ واقعی قابل فخر کارنامہ ہے،  اس کے ساتھ ساتھ اخیر میں تمام امور حج مختصر انداز میں نقل کیا ہے۔

نہایت خوب تر سفر نامہ ہے، اسے ہر حاحی اپنی آنکھوں کا سرمہ بنانا چاہئے اور اس کتاب کو حجاج دوران حج اپنے مطالعہ میں رکھتے ہیں تو حرمین شریفین کے حوالہ سے نہایت دلچسپ اور باریک معلومات اور مفید چیزیں ان کے ہاتھ آئیں گی، جس سے ان کو حج اور عمرہ میں رہنمائی حاصل ہوگی، ان میں چند ایک عنوان جیسے وائی فائی کے فائدے، حرم کے کبوتر حرم کے اساتذہ، حرم میں نئی دریافتیں، چپل چور، حج کا پہلا دن : ٹینٹوں والے شہر میں، رحمتوں کی سرزمین میں، شیطانوں سے مقابلہ، حج کے پانچ دن، محفل نعت یا بزم عقیدت، مکہ کی میوزیم کی سیر، کسوہ کعبہ وعالمی رابطہ اسلامی، ٹاپ ٹن سے خریداری، نکاسہ مارکٹ کیا ہے، طواف کی کیفیات، تربیت نا ہونے کے نتائج، حرم شریف کے مقامات، ساری دنیا کے ذہین لوگ، مسجد نبوی کی پہلی فجر، مسجد نبوی کی برکتیں، مسجد نبوی کی لائبریری اور میوزیمس کا تعارف، مخطوطات ونادرات کا شعبہ، محبوب کی نگر ی، ایک عاشق کا بیان، مسجد نبوی کی پہلی منزل، کھجور مارکٹ، شاپنگ کی دنیا تجارتی منڈی، مدینہ کے روڈوں کے نام، حج الصبر الصبر، بہر حال اس طرح کے مختلف عناوین ؛ بلکہ ہر عنوان نہایت دلچسپ، معلومات افزا اور قابل قدرہے اور حاجی کے لئے ہر ہر قدم پر رہنما ورہبر ثابت ہوگا، اسی طرح یہ ایک معلوماتی سفرنامہ ہے جس کو علما وطلبہ ضرور پڑھیں، اور تحریکی بھی ہے کہ پڑھنے والا ایک جذبہ سے سرشار ہوتا ہے۔ اللہ عزوجل سے دعا ہیکہ آن محترم کے اس عمل کو دنیا وآخرت میں ان کی کامیابی وکامرانی کا ذریعہ اور حجاج کی رہنمائی اور بیت اللہ کے شیدایوں کا ہمدم، ہمسفر اور دلیل ورہنما بنائے۔ آمین

تبصرے بند ہیں۔