زمان و مکاں سے پہلے – اگر نہیں تھا خدا زمان و مکاں سے پہلے

امجد علی سرور

اگر نہیں تھا خدا زمان و مکاں سے پہلے
تو کون تھا پھر تمہیں کہو آسماں سے پہلے؟

بنایا کس نے ہے چاند سورج کو نور پیکر؟
یہ مسئلہ ہے تو حل کریں آسماں سے پہلے

لطافتوں ، خو شبوؤں سے اُسکو سجایا کس نے ؟
چلو یہ اسرار پوچھ لیں گلستاں سے پہلے

پہاڑ سے آبشار کس نے کئے ہیں جاری ؟
ہو فہم بستہ تو پوچھو آبِ رواں سے پہلے

ردائے فیروزی پر جڑے کس نے ماہ و اختر ؟
پتہ نہ ہو تو پتہ کرو کہکشاں سے پہلے

جمال و صوت و شعور بخشا اسی نے ورنہ
حقیر قطرے تھے سب نمودِ نہاں سے پہلے

قسم ہے رب کی وہی ہے اوّل ، وہی ہے آخر
وہی ہے سرورؔ ہر اک زماں ہر جہاں سے پہلے

تبصرے بند ہیں۔