سیفی سرونجی سے متین ندوی کی طویل گفتگو

تعارف و تبصرہ:  وصیل خان

زیر نظرکتاب اردو کے معروف شاعر و ادیب اور سرونج سے شائع ہونے والے ادبی جریدے ’انتساب‘ کے مدیرسیفی سرونجی سے متین ندوی کی ایک طویل گفتگو پر مشتمل ہے۔ متین ندوی ادبی حوالے سے محتاج تعارف نہیں وہ ایک عرصہ سے انتساب سے منسلک ہیں اور محتلف الموضوع ادبی مضامین اور کتابوں کے بے لاگ تبصرو ں کے ذریعے  اپنی ایک علیحدہ شناخت بناچکے ہیں۔ اس سے قبل موصوف کی ایک  اورکتاب تنقیدی اور تجزیاتی مضامین پر شائع ہوچکی ہے جس پر گذشتہ دنوں اسی کالم میں تبصرہ کیا جاچکا ہے یہ دوسری کتاب ہے جو انٹرویو کی شکل میں ہے، ایک طرح سے اسے سوانحی کتاب کہہ سکتے ہیں جس میں مصنف نے سیفی سرونجی کی عائلی زندگی اور ادبی تحریکات کا احاطہ کیا ہے۔

 سیفی صاحب کے حالات پڑھنے کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں رہ جاتا کہ انہوں نے نامساعد حالات اور غیر ادبی ماحول میں رہتے ہوئے کس قدر جفاکشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیائے ادب میں اپنا نام روشن کیا اور کہاں سے کہاں پہنچ گئے۔ مصنف کے لفظوں میں ’’ سیفی سرونجی کی شخصیت اور ان کے ادبی کارنامے جگ ظاہر ہیں کوئی بھی ادبی شخصیت ایسی نہیں ملے گی جو ان کے ادبی کارناموں سے واقف نہ ہو جہاں وہ ایک طرف جدید شعراکی صف اول میں شما ر ہوتے ہیں وہیں تنقید کے میدان میں بھی کامیابی نے ان کے قدم چومے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ادبی دنیا کے ہر قابل ذکر شاعر ادیب و نقاد نے ان کی ادبی خدمات کا اعتراف کیا ہے ۶۷؍کتابوں کے مصنف اور ۳۶سال سے انتساب جیسا عالمی ادبی رسالہ پابندی کے ساتھ نکالنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔

سیفی سرونجی وہ وہ مجادہ اردو ہیں جنہوں نے ناموافق حالات کے باوجو د ادبی دنیا میں وہ مقام حاصل کرکے دکھادیا جس کی تمنا تو بہتوں نے کی ہوگی لیکن ایسی کامیابی اور ہردلعزیزی ہر ایک کی قسمت میں کہا ں ؟ان کے گھر میں ادب ہی نہیں بلکہ لکھنے پڑھنے کا ماحول بھی نہیں تھا نہ ہی گھر میں کوئی پڑھا لکھا تھا نہ خود ہی کسی اسکول میں تعلیم حاصل کی اس کے باوجود آج وہ اس مقام پر ہیں کہ سرونج انہی کے نام سے ادبی دنیا میں جانا جاتا ہے۔ ‘‘

یہ کتاب جدوجہد اور صحیح رخ پر کام کرنے والوں کیلئے بہر حال ایک مشعل راہ ہے جس کے مطالعے سے ایک حرکی قوت بیدار ہوتی ہے اور بہت کچھ کرگزرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ مصنف نے بڑی دل جمعی کے ساتھ قارئین میں حوصلہ مندانہ تحریک ابھارنے کی غرض سے یہ کتاب تحریر کی ہے جس میں وہ بہر حال کامیاب ہیں۔ زبان صاف، شستہ اور سہل تر ہےجو قاری کو کتاب سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ہوتی ہے۔  زندگی کی دوڑ میں کچھ کرگزرنےوالوں کیلئےیہ کتاب ایک راہ نما بھی ہے۔ ۲۰۰؍روپئے میں یہ کتاب سیفی لائبریری سرونج ( ایم پی ) سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ موبائل : 9425641777/9926438319

تبصرے بند ہیں۔