عظیم اردو افسانہ نگار سعادت حسن منٹو

  آصف علی

سعادت حسن منٹو,بیسویں صدی کے عظیم الشان افسانہ نگارتھے,جنہوں نےاپنےافسانوں میں وقت کےبےرحم اورظالم سماج کوبالکل ننگاکرکےرکھ دیا,ان کےاندرمنافقت نہیں تھی وہ بدصورتی کوخوب صورت بناکرپیش کرنےکےقائل نہیں تھے,بغیرلاگ لپیٹ کےاپنی بات کہہ دیناان کاخاصہ تھا,انہوں نےسماج میں پھیلی ہوئی غلاظتوں کونہایت سچائی کےساتھ منظرعام پرلاناشروع کیا ان کےاوپرفحش نگاری کےالزامات بھی لگےمقدمہ بھی ہوالیکن ا نہوں نےکسی بھی الزام کی پرواہ نہ کی,نہ وہ مقدمہ سےہراساں ہوئے بلکہ بہت بےباکی کےساتھ اور دیوانہ وارسلگتےمسائل کواپنےافسانےکاموضوع بناتےرہے.ان کےافسانےلافانی اہمیت کےحامل ہیں ,ان کےسحرطرازافسانوں نےعالم گیرشہرت حاصل کی .

سعادت حسن منٹو اردو کا واحد کبیر افسانہ نگار ہیں جن کی تحریریں آج بھی ذوق و شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔ وہ ایک صاحب اسلوب نثر نگار تھے جس کے افسانے, مضامین اور خاکے اردو ادب میں بے مثال حیثیت کے مالک ہیں۔ منٹو ایک معمار افسانہ نویس تھے جنہوں نے اردو افسانہ کو ایک نئی راہ دکھائی-,,افسانہ مجھے لکھتا ہے,, منٹو نے یہ بہت بڑی بات کہی تھی۔ منٹو کی زندگی بذات خود ناداری، انسانی جدوجہد، بیماری اور ناقدری کی ایک المیہ کہانی تھی جسے اردو افسانے نے لکھا۔ منٹو نے دیکھی پہچانی دنیا میں سے ایک ایسی دنیا دریافت کی جسے لوگ قابل اعتنا نہیں سمجھتے تھے یہ دنیا گمراہ لوگوں کی تھی۔ جو مروجہ اخلاقی نظام سے اپنی بنائی ہوئی دنیا کے اصولوں پر چلتے تھے ان میں اچھے لوگ بھی تھے اور برے بھی۔ یہ لوگ منٹو کا موضوع تھے اردو افسانے میں یہ ایک بہت بڑی موضوعاتی تبدیلی تھی جو معمار افسانہ نویس کی پہلی اینٹ تھی۔ اس کے افسانے محض واقعاتی نہیں ہیں ان کے بطن میں تیسری دنیا کے پس ماندہ معاشرے کے تضادات کی داستان موجود ہے۔

پیدائش وتعلیم

منٹوکااصل نام سعادت حسن تھا. سعادت حسن منٹو کے والد غلام حسن منٹو قوم اور ذات کے کشمیری امرتسر کے ایک محلے کوچہ وکیلاں میں ایک بڑے خاندان کے ساتھ رہتے تھے۔

منٹو 11 مئی 1912کو موضع سمبرالہ، ضلع لدھیانہ میں پیدا ہو ئے۔ ان کے والد لدھیانہ کی کسی تحصیل میں تعینات تھے- دوست انہیں ٹامی کے نام سے پکارتے تھے۔ منٹو اپنے گھر میں ایک سہما ہوا بچہ تھا۔ جوکہ سوتیلے بہن بھائیوں کی موجودگی اور والد کی سختی کی وجہ سے اپنا آپ ظاہر نہ کر سکتا تھا۔ ان کی والدہ ان کی طرف دار تھیں۔ وہ ابتدا ہی سے اسکول کی تعلیم کی طرف مائل نہیں تھے۔ ان کی ابتدائی تعلیم گھر میں ہوئی۔1921ء میں اسے ایم اے او مڈل اسکول میں چوتھی جماعت میں داخل کرایا گيا۔ ان کا تعلیمی کریئر حوصلہ ا‌فزا نہیں تھا۔ میٹرک کے امتحان میں تین مرتبہ فیل ہونے کےبعد انہوں نے 1931میں یہ امتحان پاس کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے ہندو سبھا کالج میں ایف اے میں داخلہ لیا لیکن اسے چھوڑ کر، ایم او کالج میں سال دوم میں داخلہ لے لیا- انہوں نے انسانی نفسیات کو اپنا موضوع بنایا۔پاکستان بننے کے بعد انہوں نے بہترین افسانے تخلیق کیے۔ جن میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں، بو شامل ہیں۔ ان کے کئی افسانوی مجموعے اور خاکے اور ڈرامے شائع ہو چکے ہیں۔ کثرتِ شراب نوشی کی وجہ سے 18 جنوری 1955ء ان کا انتقال ہوا۔

سعادت حسن منٹو نے اپنے بارے میں لکھا ہے :

’’میَں جانتا ہوں سعادت حسن ایک دن مر جائے گا، مگر منٹو کبھی نہیں مر سکتا‘‘۔

یہ ایک حقیقت ہے کہ سعادت حسن 18جنوری 1955ء کو مر گیا اور اسے لاہو رمیں دفن کر دیا گیا، لیکن منٹو نہ اس تاریخ کو مرا تھا اور نہ آئندہ کبھی مرے گا۔ وہ مر بھی کیسے سکتا ہے؟ منٹو کی تحریں آج بھی سماج کو اپنے مسائل کا احساس دلاتی ہیں، اس کے رو برو آئینہ رکھتی ہیں، جس میں وہ اپنی مکروہ شکل دیکھ سکتا ہے،انسان کے ذہن کو جھنجھوڑتی ہیں اور اس کے جسم و جاں میں ارتعاش پیدا کر دیتی ہیں۔ پورے وجود کو لغزش سے دوچار کر دیتی ہیں۔ ا س لیے کہ یہ زندگی کی حقیقتیں ہیں اور منٹو نے صرف حقیقت پیش نہیں کی بل کہ اس نے اپنی کہانیوں کے ذریعہ حقیقتوں کی حقیقت کی تلاش کی۔ نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ یہ تحریریں باسی ہوئی ہیں، نہ ان پر میل آیا ہے، نہ ان کی چمک ماند ہوئی ہے، تو پھر ایسی کہانیوں کو فراموش کیوں کر کیا جا سکتا ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ جتنا عرصہ گزرتا جا رہا ہے، اتنا ہی ان کی معنویت میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ منٹو کی کہانیاں روح میں ارتعاش کیوں پیدا کر دیتی ہیں ؟ کیا صرف اس لیے کہ وہ انسانوں کے ساتھ سفر کرتی ہیں یا اس لیے کہ سماج کے متوازی راستے پر سفر کرتی ہیں۔ سماج نے تلخیوں اور کلفتوں کی شکل میں منٹو کو جو کچھ دیا تھا، اُس نے اسی شکل بل کہ اس سے کہیں زیادہ خوبصورت شکل دے کر سماج کو واپس لوٹا دیا۔منٹو نے سماج کو کیا دیا؟ وہ محض 42 برسوں میں موت کے منہ میں سما گیا۔ اس دوران اس نے سماج کو 250کہانیاں، ناول، ڈرامے، خاکے، افسانچے، کالم اور انشائیے دئیے۔ اتنے برسوں میں اس سے زیادہ کوئی کیا دے سکتا ہے؟ منٹو نے تو اپنی زندگی کا ہر لمحہ لکھنے پڑھنے میں ہی گزارا۔کچھ عرصہ قبل منٹو کا لکھا ہوا ایک مختصر سوانحی مضمون شائع ہوا ہے، یہ سوانحی مضمون ایک نادر تحریر ہے۔

اس مضمون کی شان ِنزول یہ ہے کہ ادارہ فیروز سنز، لاہو رکے ڈاکٹر عبد الوحید اپنے معروف طباعتی و اشاعتی ادارے فیروز سنز لمیٹڈ کی جانب سے شائع ہونے والے نثر نگارو ں اور شاعروں کے ایک انتخاب کے لیے متعدد صاحب ِ طرز اہل ِقلم سے اپنے خیالات لکھ بھیجنے، نیز اپنی تصویر عطا کیے جانے کی تحریک کی تھی۔ عبد الوحید کے کہنے پر تو منٹو نے کوئی توجہ نہیں دی، لیکن پھر شوکت تھانوی نے اس سلسلہ میں ایک سفارشی خط لکھا تھا اور منٹو سے فرمائش کی تھی کہ وہ اپنی سوانح اور تصویر بھیج دیں۔ اس کے جواب میں منٹو نے یہ سوانحی خاکہ لکھا تھا،لیکن دلچسپ بات ہے کہ یہ خاکہ ڈاکٹر عبد الوحید کی مرتب کردہ کسی کتاب یا انتخاب یا تذکرے میں شامل نہیں بل کہ 50 برسوں تک اُن کی اس تحریر کا کسی کو پتا ہی نہیں تھا، البتہ منٹو کی 50ویں برسی پر ڈاکٹر رشید امجد نے اسے اسلام آباد کی نمل یونی ورسٹی کے جریدے ’’دریافت‘‘ میں شامل کیا، یعنی لکھے جانے کے بعد اس کی اشاعت 62 برسوں بعد ہو سکی۔

منٹو کی وہ تحریر یہ ہے: ’’دوستو تم یہ سن کر شاید حیران ہو گے کہ میَں نے تا حال اپنی زندگی میں 31 بہاریں دیکھی ہیں۔ میری پیدائش پنجاب کے تجارتی مرکز امرتسر میں 11مئی 1912ء کو ہوئی۔کھاتے پیتے گھر میں بچوں کی تربیت بہت خوب ہو جاتی ہے، لیکن میَں نے اپنے گھریلو معاملات کی پیچیدگیوں میں کچھ اس بری طرح سے گھرا ہوا تھا کہ امرتسر میں بمشکل انٹرنس کا امتحان پاس کر سکا۔ میرا ابتدائی دَور اگر چہ خوش اثر تھا، لیکن والد ِماجد کا سایہ سر سے اُٹھ جانے کے بعد خاندانی حالات کے مد نظر چند دشواریاں آگئیں، جن سے بخوبی عہدہ برأہو نا، مجھ ایسے صغیر سن کے لیے حد سے زیادہ مشکل تھا۔ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ طبیعت میں آوارگی کی نمود ہو چکی تھی، لیکن سایہ پدری کا سر سے اُٹھ جانا، مجھے اپنی حیثیت جانچنے کا داعی ہوا۔ والدہ محترمہ سے اجازت حاصل کر کے اکناف، کشمیر میں بغرضِ بحالی ٔ صحت گیا۔ بنوت میں کچھ مدت قیام کیا۔ طبیعت میں رنگینیوں نے جھلک دکھائی، دل کو مضبوط کیاکہ کسی قیمت پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے دنیا اور دنیا والوں کو اپنی طرف جھکاؤں گا۔ گھر لوٹا تو والدہ ماجدہ سے حصول تعلیم کا ارادہ بیان کیا چناں چہ علی گڑھ میں بغرضِ استفادہ بھیجا گیا۔

 بچپن کی آزادیٔ طبع کچھ آب و ہوا کی ناموافقت نے بستر علالت پر لٹا دیا۔ چار ناچار تعلیم پانے سے اجتناب کیا۔ امرتسر واپس آنے پر کتاب بینی کا شوق بدستور بڑھتا گیاچناں چہ یہ بات کہہ دینے میں مجھے کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ میَں نے روسی ادب میں زیادہ دلچسپی لینا شروع کر دی۔اسی اثناء میں مجھے اکثر اُردو اخبارات میں خدمت زبان انجام دینے کا اتفاق ہوا۔ بسااوقات میرے مضامین کو سراہا گیا بل کہ بعض احباب نے میری حوصلہ بندی کے لیے تعریفی جملے بھی کہے، جن سے میری خواہش ِ انشاء پردازی میں معتدبہ اضافہ ہوا۔ میَں آج ان مضامین کو نیم جان محسوس کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ صاحب ِنظر احباب نے میری حوصلہ افزائی کے لیے میرے مضامین کو سراہا…مجھے محسوس ہو نے لگا کہ میَں اپنی تحاریر کے ساتھ کسی دوسرے شغل سے بھی مطمئن نہیں اور اگر اسے مبالغہ پر محمول نہ کیا جائے، تو آج بھی میَں کسی کوشش پر مطمئن نہیں ہوں : ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں ‘‘ اس میں کوئی کلام نہیں کہ میَں نے ہر اس پر زہ کاغذ تک سے فائدہ اُٹھایا، جس میں کسی بنیے نے بے کار دیکھ کر سودا باندھ کر مجھے دیا۔ مجھے مغربی اور مشرقی ادیبوں کی سیکڑوں کتابیں پڑھنے کا اتفاق ہوا، لیکن کوئی ایسی کتاب دستیاب نہ ہو سکی، جس سے میرے تشنہ مزاج کو طمانیت حاصل ہو تی۔ میَں نے کئی ایک کتابیں خود لکھ دیں، کئی افسانے، کئی ڈرامے اور متعدد مضامین ریڈیو کے ذریعہ سے نشر کیے گئے۔

اصحاب و عوام کی طرف سے مجھے پے در پے خطوط موصول ہوئے، میری تعریفوں کے انبار لگا دیے گئے۔ بعض عقیدت مندوں نے تو مجھے اوّل صف کے ادیبوں میں لاکھڑا کر دیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میَں آج بھی اپنے دل میں اطمینان نہیں پاتا۔ میر اخیال ہے کہ جس منزل کی مجھے تلاش ہے، ہنوز میری نظروں سے اوجھل ہے۔ میَں یہاں یہ بتانا بھول گیا ہوں کہ میَں نے اُردو زبان سے اسکول کے زمانے میں بے اعتنائی سے کام لیا تھا۔ مجھے اُس وقت اُردو کی اُن ہمہ گیریوں کا علم تک نہ تھا، جو ایک ہی صحبت میں صاحب ِدلوں کو گرویدہ بنا لیتی ہیں۔ میَں اُردو زبان کی اس مٹھاس سے نا آشنا تھا، جو ذائقہ کو مدتوں اپنی تلاش میں سر گرداں رکھتی ہے اور میَں اُردو کی ہر دلعزیزی سے بھی کورا تھا، جو اُس کی ایک تھوڑی سی مدت میں دنیا بھر میں تیسرے درجہ کی زبان بن کر عوام کو اپنی طرف متوجہ کر لیا تھا۔ ان سب کمزوریوں کے باعث میَں نے اپنے مطالعہ میں کوئی فروگزاشت نہ کی تھی۔

احباب نے مجھے سڑی، چھچھورا اور ضدی تک کہنے سے گریز نہ کیا، لیکن میَں نے اپنے مزاج کی تکمیل میں دوستوں کی سنی ان سنی کر دی اور اس وقت تک کرمکِ کتاب ہی بنا رہا، جس وقت تک اپنی دوڑ دھوپ پر رائے زنی کر کے ندامت کا شکار ہونے سے بچ جانے کے قابل نہ ہو سکا۔ میرے ارادوں میں یہ بات داخل ہے کہ مجھے معراج ترقی کی طوالت ناپنے میں اپنی ساری زندگی صرف کرنی ہو گی اور تا حیات اس کوشش میں رہنا ہو گا کہ طمانیت قلب کے حصول کے لیے کوئی راستہ تلاش کر سکوں ‘‘۔ منٹو کا یہ سوانحی خاکہ یہیں پر ختم ہو جاتا ہے اور اس کے بعد وہ عبد الوحید صاحب کے نام خط میں لکھتے ہیں : ’’علاوہ بریں معروض خدمت کہ فی الحال میرے پاس کوئی فوٹو موجود نہیں۔ میَں آج کل بمبئی کے ایک فلمی ادارے فلمستان میں معقول مشاہرے پر ملازم ہوں۔ اگر چہ دل کو اطمینان نصیب نہیں۔ مصروفیتوں کے مد نظر جلد تر تصویر نہ بھیج سکوں گا۔ لہٰذا فی الحال معذرت خواہ ہوں ‘‘۔

اب ہم مختصراًمنٹوکےافسانوں کی خصوصیات پرگفتگوکریں گےتاکہ منٹوکےفن کی عظمت آب وتاب کےساتھ منظرعام پرآسکے.

افسانہ کیا ہے؟

مختصر نثر پارہ جو ناول سے کم ہو اور جس میں معاملہ چند کردار وں کے درمیان ہو. ایک ایسی صنف ہے جس میں اہم پُر معنی مفہُوم میں بات کرنا مقصود ہو _ اس طرز تحریر میں اس بات کو فوقیت دی جاتی ہے کہ کفایت شعاری سے ماحول اور جامع کہانی کو قابو میں رکھا جائے اور الجھے ہو ئے پلاٹ سے اجتناب کیا جائے _ کردار کو ڈرامائی کاروائی اور عمل کے دوران کھولنا – افسانہ کی اساس, کہانی اور کردار کی بہترین ٹریٹمنٹ کی صلاحیت پر منحصر ہے _
انیسویں صدی سے پہلے افسانہ یا شارٹ اسٹور ی کو ادب میں کوئی خاص مقام حاصل نہیں تھا حالانکہ یہ تکنیک اور موضوع کے لِحاظ سے، جدید اور منفرد انداز تحریر تھا _ جب کہ مختصر نثر کے باب میں تخیل یا خیالی کہانی، من گھڑت قصہ اتنا ہی پرانا ہے جتنی کہ زبان _

تاریخ میں انسان صدیوں سے مختلف قسم کے قصے، کہانیوں، حکا یات، رومانوی تمثیلی قصے، نصیت آموز پریوں کی داستان، اساطیری قصے، تاریخی داستانوں سے لطف اندوز ہوتا رہا ہے _ لیکن ان میں سے کوئی بھی شارٹ اسٹوری (افسانہ) کی تشکیل کو اس طرح واضح نہیں کرتا جیسا کہ انیسویں صدی میں اس کی مکمل تعریف و تشکیل کی گئی _ لیکن یہ تمام اس ماحول کو بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں جس سے گذرنے کے بعد جدید افسانے کی بنیاد رکھی گئی _

میرے نزدیک افسانے میں یہ آواز اور احساس کا آہنگ ہی ہمیں جذبوں کی شدت، لہجے کے اتار چڑھاؤ اور چہرے کے تاثرات کو کردار میں ڈھالنے میں مددگار ہوتا ہے _تخیل کے بنا لکھنا ایسے ہی ہے جیسے آپ میتھ کی تھیوری حل کر رہے ہوں _ آپ کے تخیل کی پرواز، آسمانوں، پہاڑوں، کائنات سے پرے ہونی چاہیے، دیوار کے اس پار دیکھنے کی صلاحیت، ہواؤں میں پرواز، دریاؤں کے اس پار بسی دنیا کی خبر، پانی کی روانی، سمندر کا تلاطم۔ افسانے کا آغاز _ افسانہ ہمیشہ وہاں سے شروع کرنا چاہیے جہاں کوئی عمل ہو رہا ہو ” وہ حلق پھاڑ کر چلا رہا تھا ” اب اس جملے کو لکھنے کے بعد پوری کہانی کو بیان کیا جائے گا کہ وہ کون ہے ؟ اور کیوں چلا رہا ہے ؟

اصل میں واقعہ کیا ہے ؟

افسانہ ایک ایسی حکایت یا روایت ہے جس میں ایک کڑی میں پروے گئے واقعہ کا تصادم اور منطقی انجام پیش کیاجائے.

تبصرے بند ہیں۔