عید الفطر کے احکام ومسائل

مصنف: محمد اسلم مبارک پوری

مبصر: ناصر الدین

نام کتاب: عید الفطر کے احکام ومسائل

سن اشاعت:   ۲۰۱۶ء

صفحات: ۱۴۴

قیمت : اسی (۸۰) روپیے

ناشر: العزہ یونیورسل، پانڈے حویلی (مدن پورہ) بنارس

اسلام ایک فطری مذہب ہے جس کی تعلیم زندگی کے تمام شعبوں پر محیط ہے۔ جہاں اس نے انسانی زندگی کے ہر شعبہ کو ایک خاص رنگ میں ڈھالا ہے اسی طرح اس نے تہواروں کو بھی ایک نئی شکل دی ہے جو دنیا کے دیگر مذاہب کے تہواروں سے مختلف ہیں۔ تہوار ہماری زندگی کااٹوٹ حصہ ہے۔ یہ جائز خوشی اور مسرت کا دن ہے جو ہمیں سب سے پہلے خلاق عالم کی جناب اقدس میں اپنی جبین نیاز کو خم کر دینے کے حکم کے ساتھ آپس میں اتفاق اتحاد کادرس دیتا ہے۔  اجتماعیت کی تعلیم دیتا ہے۔  حقد وعداوت اور نفرت ونفور کو نہاں خانہ دل سے دور کرتا ہے۔  اسلامی تہوار کی اہم خا صیت یہ ہے کہ اس میں جاہلانہ معاشرت کی طرح شور شرابے، گانے بجانے اور دیگر لہو لعب سے اجتناب کرتے ہوئے نہایت سادگی سے منانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

زیر تبصرہ کتاب ’’عید الفطر کے احکام ومسائل ‘‘ اسی سلسلہ کی ایک اہم اور جامع کتاب ہے جسے مصنف نے متعدد مصادر ومراجع اور اسلامی شہ پاروں سے عمدہ اسلوب میں ترتیب دیا ہے۔ کتاب کی زبان سلیس اور شگفتہ ہے کہ قاری ایک ہی مجلس کتاب ختم کر دیتا ہے۔ کتاب میں عید الفطر کے احکام ومسائل کو متانت وسنجیدگی سے پیش کیا گیا ہے۔  عید کا معنی اور مطلب، زمانہ جاہلیت میں اور زمانہ اسلام میں عید کا تصور، اسلام میں تہوار کی شرعی حیثیت، عید کے آداب واستحباب، عید کی نماز کا طریقہ، عید میں لاوڈپیکر کا ستعمال، تہنیت عید کے الفاظ، عیدی کارڈ اور سڑکوں اور راستوں پر عید کی نماز کی ادائیگی ان جیسے مسائل کو زیر قلم کیا ہے اور کتاب وسنت کے دالائل کی روشنی میں بڑی وضاحت سے بیان کیا ہے۔ فقہی مسائل میں اعتدال کی راہ اپنائی گئی ہے۔ ان مسائل کوبھی جگہ دی ہے جو عید کے بارے میں اسلامی تعلیمات سے میل نہیں کھاتے ہیں اورمسلم معاشرہ میں پائے جانے والے ان غلط رسوم اور قبیح عادات کو بھی ذکر کیا ہے جن کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ اخیر کتاب میں صدقۃ الفطر کے متعلق مسائل اور طریقہ کار کو بھی اختصار سے پیش کیا ہے، کیونکہ ا س کا بھی عیدالفطر سے قوی رشتہ ہے۔ مختصر یہ کہ اس کتاب میں عید الفطر سے متعلق تمام مسائل واحکام کا سلجھے ہوئے انداز میں احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کتاب کی تقدیم مولانا عبد المتین صاحب مدنی مدیر ماہنامہ ’محدث‘ بنارس نے کی ہے۔

کتاب میں کمپوزنگ کی کم غلطیاں ہیں۔ ’’ فہرست مضامین‘‘ عام اردوکتابوں میں شروع میں ہوتی ہے مگر اس میں اخیر میں ہے۔  امید ہے کہ اگلی طباعت میں اس کا خیال کیا جائے گا اور غلطیوں کی اصلاح کرکے زیور طبع سے آراستہ کیا جائے گا۔

اس تصنیف پر مولانا محمد اسلم صاحب مبارک پوری ہمارے صد شکریہ کے مستحق ہیں ۔ اس کے ساتھ ناشر کتاب العزہ ہونیورسل کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے طباعت کے امتیازی وصف کو برقرار رکھتے ہوئے اردو داں طبقہ کے لیے قرآن اور صحیح سنت کے دلائل سے مزین کتاب افادہ عام کے لیے پیش کیا ہے۔

٭٭٭

تبصرے بند ہیں۔