فی البدیہہ گفتگوئے منظوم دوست مظفر احمد مظفر و احمد علی برقی اعظمی

قبلہ برقی بھائی تسلیمات!

بصد شوق!

نذر احمد علی برقی فی البدیہہ!

آپکا طرزِ تخَاطُب ہے طِلسمِ رنگ و بُو

گویا اک اعجازِ فطرت ہے ہمارے روبرو

معترف ہیں جس کے برقی، تابش و ضرار بھی

مٹ  گیا  ملنے  سے  جو تھا امتیازِ  من   و  تُو

میں کہ ہوں مشتاقِ لذت کیا کہوں کیسے کہوں

آرزو کو میں سمجھتا ہوں شکستِ آرزو

ناز ہو اپنے مصورپر جسے وہ نقشِ لوح!

آپ کے دستِ ہنر سے پائے گا اک دن نمو

شاعرِ فطرت تو رکھتے ہیں تبسُم زیرِ لب

یعنی خندہ زیرِ لب انکو ہے ازنِ گفتگو

لافِ تمکیں اور کمالِ فکر و فن کے باب میں

چشمِ ساقی کو سمجھتے ہیں  مثالِ آبجو

مظفر احمد مظفر ، لندن

جواب نامۂ منظوم احمد علی برقی اعظمی بحضور دوست ارجمند مظفر احمد مظفر مقیم لندن

آپ کی برقی نوازی کا نہایت شکریہ

باعثِ عزوشرف ہے آپ کی یہ گفتگو

آپ کا طرزِ بیاں ہے عہدِ نو میں لاجواب

آپ کے زیرِ نگیں ہے یہ جہان رنگ و بو

آپ کے طرزِ تخاطب سے یہ لگتا ہے مجھے

بیٹھے ہوں جیسے مظفر اور برقی روبرو

شہرِ دہلی میں ہوں میں اک شاعرِ گوشہ نشیں

آپ کی شہرت کا ڈنکا بج رہا ہے چارسو

آپ رخشِ فکر کی مہمیز ہیں میرے لئے

آپ کی تشویق ہے یہ باعث رشد و نمو

آپ لندن میں ہیں برقی اعظمی دہلی میں ہے

ایسا لگتا ہے مجھے ہیں آپ میرے روبرو

گلشن اردو ادب میں آپ ہیں مثلِ بہار

آپ کی تحریر سے باغِ ادب ہے مشکبو

احمدعلی برقی اعظمی

1 تبصرہ
  1. KHATEEB RAFATHULLAH RAFATH U.S.A کہتے ہیں

    NO DOUGHT THAT BARQI AAZMI IS USTAD POET AND BELONGS TO USTAD DAAGH AND BARQ AAZMI . NOWDAYS HIS ACTIVITY IN URDU WORLD IS APPRECIABLE AND HE CAN DO MORE AND MORE FOR URDU KIDMATH AND SHOE A WAY TO US LIKE ME URDU POETS . KHATEEB RAFATHULLAH RAFATH . NEW YORK U.S.A.

تبصرے بند ہیں۔