ندائے تربیت

محمد اسعد فلاحی

 عصر حاضر میں مسلمانوں کو مال و دولت کے کمانے اور ایک دوسرے کو اس میں سبقت لے جانے نے انہیں اخلاقی پستی کا شکار بنا دیا ہے۔ قرآن میں صراحتاً کہا گیا ہے :’’تم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ایک دوسرے سے بڑھ کر دنیا حاصل کرنے کی دھن نے غفلت میں ڈال دیا ہے ‘‘(التکاثر:۱)۔حدیث میں بھی اس طرف اشارہ کیا ہے۔ آپﷺ کا ارشاد ہے : ہر امت میں کوئی نہ کوئی چیز فتنہ رہی ہے اور میری امت کا فتنہ مال ہے۔ (حدیث)

 موجودہ دور  میں جہاں ایک طرف مسلمان اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے بہتر سے بہتر( اور آج کی اصطلاح میں کہا جائے تو اسٹینڈرڈ) اسکولوں میں داخل کرانے کو اپنا فرض سمجھتے ہیں وہیں دوسری طرف انہیں اپنی اولاد کی تربیت کے لیے وقت ہی میسر نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تربیت میں کوتاہی کی وجہ سے نئی نسل اپنا اسلامی اقدار اور ثقافت کھوتی جا رہی ہے۔

  انسان کی زندگی میں اخلاق و تربیت کی بہت اہمیت ہے۔ آپ ﷺ نے اس کی پرزور تائید ہی نہیں کی بلکہ اس کو عملی جامہ پہنا کر لوگوں کے سامنے پیش کیا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ تربیت ہی کا اثر ہے جو کسی کو ڈاکو اور چور بنا دیتا ہے اور وہیں کسی دوسرے کو سیرت و کردار کا پیکر بنا کر وقت کا امام بنا دیتا ہے۔ اگر بچپن ہی سے عادات و اطوار کو صحیح سمت میں ڈھالہ جائے تو اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

 زیر نظر کتاب ’ندائے تربیت‘ دراصل شیخ عبد الحمید جاسم البلالی کی عربی کتاب ’وقفات تربویۃ‘ کا اردو ترجمہ ہے۔ یہ کتاب باضابطہ کوئی تصنیف نہیں ہے بلکہ، ان مضامین کا مجموعہ ہے جو کویت سے نکلنے والے  ہفت روزہ میگزین المجتمع میں شائع ہوتے رہے ہیں۔

  اندازِ بیاں بہت سادہ، دلچسپ اور پر کشش ہے۔ مصنف نے تربیتی نقطۂ نظر سے قرآنی آیات، احادیث نبوی، صحابہ کرام اور اقوال علماء کو بھی بطور عبرت و نصیحت درج کیا ہے، جس نے مجموعہ کو اور زیادہ با رونق بنا دیا ہے۔ کتاب تقریباً ۳۲۰ (تین سو بیس ) پر مشتمل ہے۔ ہر مضمون تقریبا دیڑھ سے دو صفحات میں محیط ہے اور ہر ایک کو نہایت مئوثر اسلوب میں پیش کیا گیاہے۔

 شیخ البلالی عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ موصوف، خطیب و امام ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مربی کی حیثیت سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ موصوف کا یہ’ تربیتی مجموعہ‘عوام و خواص کے لیے بہترین تحفہ اور دینی تربیت کا ایک آسان اور بہتر ذریعہ ثابت ہوگا  اور بڑے پیمانے پر اس سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ و ہ، مصنف، مترجم اور اس میں مددگار، تمام ہی افراد کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین!

کتاب: ندائے تربیت , مصنف: عبد الحمید جاسم البلالی، مترجم :مفتی محمد ارشد فاروقی , صفحات : ۳۲۰، تاریخ اشاعت :اپریل ۲۰۱۵ ؁ء، قیمت:۲۰۰ روپیہ، ناشر:المنار پبلشنگ ہائوس N-27، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، نئی دہلی 110025

تبصرے بند ہیں۔