پروفیسر تسنیم فاطمہ کے لیے اعزازی تقریب کا انعقاد

فورم فور انٹلکچوئل ڈسکورس کے زیرِ اہتمام ممتاز سائنس داں پروفیسر تسنیم فاطمہ کے لیے اعزازی تقریب کا انعقاد

سابق پرو وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ ممتاز نباتاتی سائنس داں پروفیسر تسنیم فاطمہ کی سادہ زندگی اور مذہبی و تہذیبی اقدار کی پاسداری کے ساتھ اعلیٰ سائنسی تحقیقات ہندوستانی مسلم خواتین کے لیے مثالی نمونہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف دانشور پروفیسر اخترالواسع نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کے اعزاز میں فورم فور انٹلکچوئل ڈسکورس کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی باوقار تقریب میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر تسنیم فاطمہ عہدِ حاضر میں ہندوستانی مسلم خواتین کے لیے مثالی نمونہ ہیں: پروفیسر اخترالواسع

 صدر شعبۂ بایو سائنسز جامعہ ملیہ اسلامیہ مشہور ماہرِنباتیات پروفیسر قاضی محمد رضوان الحق نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کے اعلیٰ سائنسی انکشافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا ماحولیاتی بحران اور آکسیجن کے فقدان جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔ اس پرآشوب صورتِ حال سے نجات دلانے کے لیے انھوںنے بایو پلاسٹک تیار کیا، سائٹو پلازمک اسٹریمنگ ویلوسٹی پر مبنی نئی آبی پالیوشن مونیٹرنگ تکنیک دریافت کی اور ایلگی کے ذریعے آکسیجن کو فروغ دینے کی سمت بیش بہا تحقیقی خدمات انجام دیں۔ نیز سائنو بیکٹیریا سے انسولین برآمد کیا۔ پروفیسر خالد محمود نے جذباتی کیفیت میں کہا کہ بحیثیت شریکِ حیات پروفیسر تسنیم فاطمہ کے بغیر میں اپنے وجود کو ناقص تصور کرتا ہوں۔ انھوں نے اپنے تمام اعلیٰ سائنسی کارناموں میں معراجِ کمال حاصل کرنے کے باوجود خود کو میری نگہداشت کے لیے مکمل طور پر وقف کررکھا ہے۔

آکسیجن کے فروغ میں پروفیسر تسنیم فاطمہ کی سائنسی تحقیقات غیر معمولی ہیں: پروفیسر قاضی محمد رضوان الحق

معتبر شاعر و ترجمہ نگار ڈاکٹر احمد نصیب خان نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کے حوالے سے کہا کہ وہ صرف ایک عظیم ماہرِ نباتیات ہی نہیں بلکہ اعلیٰ درجے کی منتظم بھی ہیں۔ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بحیثیت صدرِ شعبہ اور بحیثیت پرو وائس چانسلر اپنی غیرمعمولی انتظامی استعداد کا ثبوت پیش کیا ہے۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر خالد مبشر نے کرتے ہوئے کہا کہ خدا ہر کس و ناکس کو فاطمہ جیسا مقدس نام عطا نہیں کرتا۔ پروفیسر تسنیم فاطمہ بھی اسی پاکیزہ نسبت کے زیرِ اثر بیک علم اور سادگی دونوں کی معراج پر متمکن ہیں۔ فورم کے جنرل سکریٹری منظر امام نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کی خدمت میں سپاس نامے کی قرأت کرتے ہوئے اس کا خوبصورت طغرہ پیش کیا۔ نئی نسل کی ابھرتی ہوئی سائنس داں ڈاکٹر نیہا سمیع نے گلدستے سے ان کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر فیضان شاہد نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کا مفصل تعارف کرایا۔ سکریٹری جماعت اسلامی ابولفضل مقامی یونٹ ریحان فہمی نے مہمانان کی خدمت میں بطور تحفہ ڈائری پیش کی۔

 اس موقع پر ڈاکٹر عدیل احمد، فوزیہ آفرین، کامران واسع، نادیہ، ثانیہ، عبدالمنان، افتخار الزماں، ڈاکٹر نعمان قیصر، ارشاد احمد، ڈاکٹر نیہا سمیع، ڈاکٹر سنبل آفرین، ڈاکٹر نازیہ احمد، ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی، ڈاکٹر جاوید حسن اور ڈاکٹر انوارالحق نے پروفیسر تسنیم فاطمہ کی شخصیت، زندگی اور علمی خدمات کے حوالے سے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ تقریب کا آغاز ڈاکٹر قاری شاہنواز کی تلاوت اور اختتام سلمان فیصل کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔

تبصرے بند ہیں۔