ڈاکٹر فیضان شاہد کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض!

ڈاکٹر خالد مبشر

شعبۂ اردو ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ،نئی دہلی کی جانب سے ڈاکٹر فیضان شاہد کوپی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ انہوں نے منفرد لب ولہجہ کے معروف شاعر پروفیسر شہپر رسول کی نگرانی میں ’’اردو کی ادبی تاریخ نگاری‘‘ کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ مکمل کیا۔ ان کے ممتحن معروف نقاد پروفیسر عتیق اللہ نے زبانی امتحان کے موقع پرانہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ ’شعر و ادب کی تاریخ نگاری میں بہت سی الجھنیں اور بہت سے مسائل درپیش ہیں جس میں معروضیت، تاریخی استناداور تحقیق و تنقید کا متوازن امتزاج مختلف تحریکات و رجحانات ، ادوار ،اصناف اور نقطۂ نظر کو پیش نگاہ رکھنا ایک مشکل امر ہے، فیضان شاہد نے ادبی مورخین کی تاریخوں کا نہایت محتاط انداز میں تحقیقی وتجزیاتی مطالعہ کیاہے۔‘‘

ڈاکٹر فیضان شاہد نے اپنے اس مقالے میں ادبی تاریخ نگاری کے ارتقا، اس کے اصول اور تقاضے اور ادبی تاریخ نگاری کو مستشرقین کے حوالے سے دیکھنے کی کوشش کی ہے، نیز مشہور ادبی مورخین اور ان کی تاریخوں کا جائزہ بھی لیا ہے۔

ڈاکٹر فیضان شاہد نے اپنی ابتدائی تعلیم الجامعۃ الاسلامیہ تلکہنا سے حاصل کی، ثانوی تعلیم جامعۃ الفلاح بلریا گنج سے مکمل کرنے  کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے تاریخ میں بی، اے۔ ایم، اے۔ بی، ایڈ اور ایم، فل کے ساتھ ساتھ ایم۔ اے اردو اور ماس میڈیا کی بھی تعلیم حاصل کی۔فی الحال محکمۂ تعلیم حکومت دہلی میں بحیثیت استاد تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔زبانی امتحان کے دوران موجود اساتذہ ، ریسرچ اسکالر اور طلبا نے انہیں اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

تبصرے بند ہیں۔