کاروان اردو قطر کے زیر اہتمام دوحہ میں ” عید ملن مشاعرہ "

کاروان اردو قطر کے زیر اہتمام 9 /جولائی 2016 کی رات لائٹوال ہوٹل، مطار قدیم دوحہ میں ” عید ملن مشاعرہ ” کے عنوان سے ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا مقصد اس کے عنوان سے ہی ظاہر ہے۔ ہند و پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو نوازوں اور ادب دوستوں کی ایک بڑی تعداد شریک ِمحفل رہی۔ تقریب کی نظامت کاروان اردو قطر کے جنرل سکریٹری جناب شاہد خاں صاحب نے کی، کارروائی کا آغاز جناب رمیض احمد تقی کی پرکشش تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ناظم مشاعرہ نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے جناب عتیق انظر صاحب کو بطور صدر، جناب عظیم عباس صاحب کو بطور مہمان خصوصی اور ڈاکٹر محمد علیم صاحب کو بطور مہمان اعزازی اسٹیج پرآنے کی دعوت دی۔ مشاعرہ میں دوحہ کے معروف اور نامور شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ قطر کی تقریبا تمام ادبی تنظیموں کی نمائندگی رہی اورحاضرین نے شعرو شاعری کا بھرپور لطف اٹھایا۔
آج کی تقریب کے مہمان اعزازی (قطر میں ہندوستانی سفارتخانہ کے تھرڈ سکریٹری) جناب ڈاکٹر محمد علیم نے اپنی تاثراتی گفتگو شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکی ایک نظم سے شروع کی۔ انہوں نے کاروان اردو قطر کی اس پہل کا خیر مقدم کیا کہ ادبی گروہ بندیوں سے بالاتر ہوکر اردو کی خدمت کے لئے ایک ساتھ مل جل کر کام کیا جائے۔ انہوں نے کاروان کے ذمہ داروں اور آج کے مشاعرہ کے منتظمین کا شکریہ اداکیا اور کاروان کے روشن ادبی مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مہمان خصوصی جناب عظیم عباس صاحب نے کاروان اردو قطر کے صدر جناب عتیق انظر صاحب کے ساتھ اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر عتیق انظر جیسے شخص نے اس تنظیم کو چلانے کا بیڑہ اٹھایا ہے تو ضرور یہ تنظیم کامیابی کی بلندیوں کو چھوئے گی، میں پوری طرح اس تنظیم کے ساتھ ہوں اور ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت حاضر۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ آج کا مشاعرہ ایک کامیاب مشاعرہ تھا اور اس میں موجود حاضرین کا تنوع یہ بتانے کے لئے کافی ہے کہ لوگ عتیق انظر صاحب اور ان کی ٹیم سے کتنی محبت کرتے ہیں۔
آج کی تقریب کے صدر عتیق انظر صاحب تھے جو کا روان اردو قطر کے بھی صدر ہیں۔ آپ نے اپنی صدارتی گفتگو میں فرمایا کہ ہم لوگوں نے یہ کاروان ایک کھلے ذہن کے ساتھ بنایا ہے،اور یہاں ہم تمام شعراء اور ادب دوستوں کا کھلے دل کے ساتھ استقبال کریں گے، قطر میں موجود تمام ادبی شخصیات اور تنظیموں کے ساتھ باہمی احترام و تعاون کا رویہ قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
صدرمجلس کی گفتگو کے بعد ناظم مشاعرہ نے اظہار تشکر کے لئے کا روان اردو قطرکے نائب صدر اور آج کی تقریب کے میزبان جناب حسیب الرحمن صاحب کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی، آپ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔

تبصرے بند ہیں۔