کتاب ‘سیرتِ صحابہ ؓ کوئیز’ کی تقریبِ رسم اجرا

مفتی محمد صادق حسین قاسمی

مجلس العلماء والحفاظ کریم نگر(تلنگانہ) کے اجلاس میں مفتی محمد صادق حسین قاسمی مدیر ماہنامہ’’ الاصلاح ‘‘کریم نگر وڈائرکٹر القلم ریسرچ اکیڈمی کریم نگرکی پانچویں تازہ تالیف ’’سیرتِ صحابہ ؓ  کوئیز‘‘کارسم ِ اجراعمل میں آیا۔ جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی خواہش پر یہ کتاب سوال وجواب کی شکل میں ترتیب دی گئی، تاکہ اسکولس کے طلباء وطالبات کے درمیان ’’سیرتِ صحابہ ؓ  ‘‘ پر معلوماتی ومسابقتی امتحان کے انعقاد میں شامل کی جاسکے۔

گزشتہ چند سالوں سے جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام عصری اسکولس کے طلباء وطالبات میں اردواور انگریزی زبان میں سیرت ِ صحابہ ؓ کے امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں، جس کے نتیجہ میں طلباء جہاں سیرتِ رسول ﷺ پر ہونے والے سیرت النبی معلوماتی ومسابقتی امتحان کے ذریعہ سیرت ِ رسول ﷺ سے واقفیت حاصل کررہے ہیں، وہیں نبی کریم ﷺ کے جانثار وفداکار صحابہ ؓ کی سیرت وسوانح سے بھی استفادہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

اسی ضمن میں اس کتاب کو ترتیب دیا گیا ہے جس میں ساڑھے تین سوسوالات وجوابات موجود ہیں، ابتدا میں ’’فضائل ِصحابہ‘‘سے متعلق چند سوالات ہیں، اس کے بعد ’’خلفائے راشدین‘‘بعد ازاں’’عشرہ ٔ مبشرہ ‘‘اور دیگر چند صحابہ کرام کے تذکرہ کے ساتھ ’’ازاوج مطہرات ‘‘پر بھی سوالات رکھے گئے ہیں۔ یہ کتاب سیرتِ صحابہ ؓ پر پہلا حصہ ہے، ان شاء اللہ آئندہ دیگر صحابہ کرام ؓ کے حالات وسوانح کو بھی سوال وجواب کی شکل میں تیار کیا جائے گاتاکہ ہمارے عصری اسکولس میں پڑھنے والے طلباء وطالبات اور دینی مدارس کے بچوں کو آسانی کے ساتھ سیرتِ صحابہ سے واقفیت ہوسکے۔

   کتاب میں درج تمام جوابات سیرت ِ صحابہ ؓ پر لکھی گئیںمعتبر کتابوں سے ماخوذ ہیں، زبان واسلوب عام فہم ہے، اسکولس کے طلباء کو پیش ِ نظر آسان اور ضروری سوالات ہی پراکتفا کیا گیاہے۔ دیدہ زیب طباعت اور خوش رنگ سرِ ورق سے کتاب مزین ہے۔ ان شاء اللہ اس کتاب انگریزی ایڈیشن بھی بہت جلد منظر ِ عام پر آنے والا ہے۔

    اس کتاب میں شہر ِ کریم نگر کے مؤقر علماء ِ کرام مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی، ناظم مدرسہ اسلامیہ احسن العلوم کریم نگر، مفتی محمد یونس القاسمی صاحب، صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر، مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب، صدر مجلس العلماء والحفاظ کریم نگر کی تقاریظ اورحافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب، صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ اور حافظ محمد وسیم الدین صاحب، جنرل سکریٹری جمعیۃ الحفاظ کے تاثرات بھی شامل ہیں۔ تقریب ِ رسم اجراکے موقع پر مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب نے کہا کہ موجودہ دور میں اس بات کی ضرورت ہے کہ نئی نسل کو سیرت ِ صحابہ ؓ سے واقف کروایاجائے، اس کے لئے یہ کتاب ان شاء اللہ مفید ثابت ہوگی۔

اب تک سیرتِ رسول ﷺ پر سوال وجواب کی شکل میں بہت سی کتابیں دیکھیں ہیں، لیکن سیرت ِ صحابہ ؓ پر کوئیز کی شکل میں یہ ایک قابل ِ قدر کام ہے۔ اس موقع پر مفتی محمد یونس القاسمی صاحب، صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر، مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی، ناظم مدرسہ اسلامیہ احسن العلوم، حافظ محمد احمدن منقبت شاہ خان صاحب، صدر جمعیۃ الحفاظ، حافظ محمد ضیاء اللہ خان صاحب، نائب صدر جمعیۃ الحفاظ، حافظ محمد وسیم الدین صاحب معتمدجمعیۃ الحفاظ، مولا نا محمد آصف الدین دبیر حسامی، مولانا خواجہ فرقان قاسمی، مفتی محمد عبدالحمید قاسمی، مفتی محمد نوید سیف حسامی، مولانا محمد مبشر مفتاحی، مفتی زید بن سعید قاسمی، حافظ سید خلیل الدین صاحب، حافظ محمد صادق علی صاحب، مفتی محمد شعیب  علی قاسمی کے علاوہ دیگرعلماء وحفاظ موجود تھے۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔