کھل اٹھا نخلِ طبیعت شکریہ

افتخار راغبؔ

کھل اٹھا نخلِ طبیعت شکریہ

شکریہ ابرِ عنایت شکریہ

اب نمٹنے دیجیے دل سے مجھے

آپ نے کر دی نصیحت شکریہ

آپ کی تھوڑی توجہ ہے بہت

بڑھ گئی لفظوں کی ہمت شکریہ

اُس نے پہنچائی مجھے تکلیف اور

دل سے نکلا حسبِ عادت شکریہ

حال پوچھا اور دعائے خیر دی

آپ نے کی اتنی زحمت شکریہ

مسکراہٹ ہے کہ انجکشن کوئی

اب بہت اچھی ہے حالت شکریہ

قابلِ صد رشک تیرا التفات

کھُل گئی تقدیرِ الفت شکریہ

مت ہٹانا تم مرے سینے سے ہاتھ

مل رہی ہے دل کو راحت شکریہ

 تیری آنکھوں کی چمک ہی کے طفیل

شعر میں آتی ہے ندرت شکریہ

ہو کے راغبؔ آپ نے مانگا مجھے

بڑھ گئی میری بھی قیمت شکریہ

تبصرے بند ہیں۔