ہربل دوا کے نام پر ہندوستانیوں کو دھوکا

 ڈاکٹر ظفرالاسلام خان

ہندوستان کے بعض اردو اخبارات کے پہلے اور آخری صفحات پر 2 جولائی 2017کو بڑے بڑے رنگین اشتہارات شائع ہوئے ہیں۔ یہ اشتہارات مشترکہ طور پر دو کمپنیوں نے شائع کئے ہیں ۔ ایک ہے حکما ہربل ایل ایل سی جو خود کو شیکا گو ( امریکہ) کی کمپنی بتاتی ہے اور دوسری یونانی دوائیں بنانے والی کمپنی ریکس ریمیڈیز ہے۔ یہ اشتہار ایک ایسی دوا کا پرچار کررہا ہے جو ہندوستان کی متعدد یونانی ادویہ کی کمپنیاں دل کی بیماری کے علاج کے طور پر کئی سال سے مارکٹ میں بہت کم قیمت میں فروخت کررہی ہیں ۔ اب امریکی ہونے کا دعویٰ کرنے والی ایک کمپنی اسی دوا کو ایک ’’امریکی پروڈکٹ‘‘ کے دعوے کے ساتھ ’’ پروہارٹ فیوژن‘‘ کے برانڈ نام سے بیچ رہی ہے۔ مذکورہ اشتہارجھوٹے بیانات سے بھرپور ہے۔

اشتہار دعویٰ کرتا ہے کہ مذکورہ دواکو امریکی گورنمنٹ کی ایجنسی ایف ۔ڈی۔اے (FDA)کی منظور ی حاصل ہے،جوکہ صریح غلط بیانی ہے۔ یہی اشتہار نہایت باریک حروف میں ہم کو یہ بھی بتاتاہے کہ مذکورہ بالا کمپنی ایف۔ڈی۔اے میں ’’غذ اکی کمپنی ‘‘کے طور سے رجسٹرڈ ہے اور اس کے لئے یہ نمبر دیتا ہے:  177554516658۔ایف۔ڈی۔اے کی ویب سائٹ پر سرچ کرنے سے نہ مذکورہ دوا کا کہیں نام ملتا ہے اور نہ مذکورہ کمپنی کا کوئی ریکارڈ بلکہ نام تک نہیں ملتا ہے۔

اشتہار دعوی کرتا ہے یہ ’’اصلی فارمولہ، امریکہ میں تیار شدہ ‘‘ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ فارمولہ ہندوستان میں برسوں سے لوگوں کو معلوم ہے اور یہ دوا عرصے سے ہندوستان میں مختلف کمپنیاں اور حکیم حضرات وہی اجزاء استعمال کرکے اسی طرح کا دعویٰ کرکے بیچ رہے ہیں ۔

یہی ’’ امریکی کمپنی‘‘ امازون ڈاٹ کام پر اس دوا کو بیچ رہی ہے لیکن وہاں ایسا کوئی دعویٰ نہیں کیا گیا ہے کہ اسے امریکی ایف۔ڈی۔ اے کا اجازت نامہ ملا ہوا ہے۔ اس کے برعکس امازون ڈاٹ کام پر یہی کمپنی کہتی ہے: ’’ان بیانات کو ایف۔ڈی۔ اے نے نہیں پرکھا ہے‘‘۔ اس کے بعد ایک لائن آتی ہے جس کی انگریزی ہماری سمجھ سے باہر ہے۔ پھر اس کے نیچے کی لائن کہتی ہے: ’’ان بیانات کو ایف۔ڈی۔اے نے نہیں پرکھا ہے۔ اس پروڈکٹ کا مقصد کسی بیماری کیتشخیص یا علاج یا اسے روکنا نہیں ہے‘‘۔ امازون ڈاٹ کام پر انگریزی میں یہ اشتہار غلطیوں سے بھرا ہوا ہے جس کی امید یقیناًکسی عمدہ کمپنی سے نہیں کی جاسکتی ہے۔

اردو میں شائع ہونے والا اشتہار ’’حکما ہربل ایل۔ایل۔ سی‘‘ کو شیکا گو کی ایک امریکی کمپنی کے طور سے پیش کرتا ہے اور امریکی جھنڈا بھی اپنے اشتہار میں استعمال کرتا ہے جبکہ اس میں کمپنی کے نام میں استعمال شدہ لاحقہ’’ ایل۔ایل۔سی ‘‘  LLCبتارہا ہے کہ یہ کمپنی متحدہ عرب امارات میں رجسٹرڈ ہے۔

اردو اشتہار میں کمپنی کے ایف۔ڈی۔اے۔ میں بطور ’’غذائی کمپنی‘‘ رجسٹرڈ ہونے کا دعویٰ کیا گیاہے اور ایک رجسٹریشن نمبر بھی دیا گیاہے جو یقینی طور سے ،اگر صحیح بھی ہو، تو اسے کسی دوا کی مارکیٹنگ کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے۔

حکما ہربل کی اپنی ویب سائٹ ’’پروہارٹ فیوژن‘‘ کے بارے میں صرف یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ ایک رجسٹرڈ ٹریڈ مارک ہے۔ شہادتوں کے تحت اس بات کا کوئی ذکر نہیں ہے کہ مذکورہ دوا کو ایف۔ڈی۔اے کی منظوری حاصل ہے۔ ایف۔ڈی۔اے کی ویب سائٹ پر تلاش کرنے سے ’’حکمہ ہربل ایل۔ایل۔سی‘‘ یا اس کے رجسٹریشن نمبر کا کوئی ذکر نہیں ملا۔اشتہار میں مذکوررجسٹریشن نمبر کو بھی ایف ڈی اے کی ویب سائٹ پر ڈال کر تلاش کرنے سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

مذکورہ کمپنی اور اس کے ہندوستانی تقسیم کنندہ نے مذکورہ دوا کی قیمت طے کرنے میں بھی دھوکا دیا ہے۔ اردو اشتہار میں 500 ایم ایل بوتل کی قیمت 2999 روپئے بتایا گیا ہے ، پھر’’رعایت ‘‘کے ساتھ اس کا دام 2499 روپئے بتایاگیا ہے ، جبکہ وہی دوا امازون ڈاٹ کام پر 34  ڈالر 99 سنٹ کی مل رہی ہے جس میں ہندوستان بھیجنے کا چارج شامل ہے۔ڈالر میں یہ رقم ہندوستانی کرنسی میں 2274 روپئے موجود ہ شرح تبادلہ سے بنتی ہے۔دوسرے لفظوں میں اردو اشتہار میں مذکور’’رعایتی‘ ‘ قیمت چارج کرکے کمپنی اور اسکے ہندوستانی تقسیم کنندہ 500 ایم ایل کی ہر بوتل پر ہندوستانی صارف کو225 روپئے کا چونالگا رہے ہیں ۔ یہ ٹھگی یہیں نہیں ختم ہوتی بلکہ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اسی نسخے سے تیار شدہ اور یہی دعوی کرنے والی دوا آپ کو ہندوستان میں یونانی دوا بیچنے والوں سے تقریباً 500 روپئے میں مل جائے گی۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔