ہولی ملن کل ہند مشاعرہ

24 مارچ 2019 میران پور کٹرہ ضلع شاہجہاں پور سید حامد علی ویلفیئر اینڈ ایجوکیشنل سوسائٹی رجسٹرڈ کے زیر اہتمام شان میریج ہال میں ہولی ملن کل ہند مشاعرے’جشن شفق طاہری‘ کا انعقاد کیا گیا جس کی نظامت دہلی سے تشریف لائے معروف ناظم مشاعرہ اعجاز انصاری کی جبکہ صدارت بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر و ادیب ڈاکٹر تابش مہدی نے فرمائی۔ ثاقب حسین فلاحی اور دہلی کے سینئر پولیس افسر صہیب احمد فاروقی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جلوہ افروز ہوئے۔

اس موقع پر کنوینر سید راشد حامدی نے مشاعرے کی اہمیت اور معاشرے اور سماج پر اس کے اثرات پر گفتگو کی اس موقع پر کچھ خاص لوگوں کو ان کی سماجی، تعلیمی اور رفاہی خدمات کے اعتراف میں مولانا سید حامد علی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ان میں حلیم الشان خاں (گڈو بھائی)، مرزا فرقان بیگ، شوکت کریمی، ثاقب حسین فلاحی، ڈاکٹر شکیل احمد خان، زاہد حسین، ہری شنکر سینی اور انوبھو گپتا کے نام قابل ذکر ہیں۔

پیش خدمت ہیں وہ اشعار جنھیں لوگوں نے کافی پسند کیا:

میاں یہ موت بھی اللہ کا انعام ہے ورنہ

مسلسل زندگی سے آدمی اکتا گیا ہوتا

ڈاکٹر تابش مہدی

عجیب حال ہے اس دور کی سیاست کا

یہاں چراغ زیادہ ہیں روشنی کم ہے

اعجاز انصاری، دہلی

بزرگوں سے سنا تھا جیت سچائی کی ہوتی ہے

مگر اس دور میں ہر بار راون جیت جاتا ہے

راشد حامدی

اس لئے آپ کو پانے سے میں کرتا ہوں گریز

قیمتی چیز کے کھوجانے کا ڈر رہتا ہے

راجیو ریاض، پرتاپ گڑھی

جو مزاج اپنا فقیرانہ بنالیتے ہیں

اپنے قدموں میں وہ شاہوں کو جھکا لیتے ہیں

فضل الرحمن انجم، ہاپوڑ

چند سکوں کے عوض بیچ دیا جس نے وطن

ایسے ہندو کی، مسلمان کی ایسی تیسی 

اس کے علاوہ جن شعراء کا کلام زیادہ پسند کیا گیا ان میں ساغر وارثی شاہجہانپور، صہیب احمد فاروقی، دہلی، سرفراز بزمی راجستھان، اوم پرکاش ساہو اور صاحب اعزاز شاعر جناب شفق طاہری صاحب کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

آخر میں مشاعرے کے کنوینر اور سوسائٹی کے سکریٹری سید راشد حامدی نے تمام مہمان شعراء اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرے بند ہیں۔