مومن اور اسلامی سال

’مومن اور اسلامی سال‘ پیشِ نظر کتاب کا نام ہے جس کے مؤلف ہیں عزیز القدر جناب مولانا ندیم احمد انصاری، بانی و ڈائریکٹر ’الفلاح اسلامک فائونڈیشن، ممبئی‘۔ کتاب کے مضامین اور مشمولات کا کسی حد تک اندازہ اس کے عنوانات سے بھی ہوجاتا ہے، مگر اس کی تفصیلی فہرست سے مکمل طور پر مضامین اور ان کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے۔دراصل یہ کتاب اسلامی ماہ و سال کی اہمیت اور اس کے فضائل پر مشتمل مقالات و بحوث کا صرف احاطہ نہیں بلکہ ایسے بیش بہا مضامین کا مجموعہ ہے جن میں دین کے مختلف شعبہ جات کی خصوصیات اور ان کی خوبیوں کا تذکرہ بھی ہے، اور دینِ اسلام کی جامعیت کا اظہار بھی، عبادات، معاملات، حقوق، فرائض و واجبات اور مسلمانوں پر عائد ذمہ داریوں اور ان کی ادائیگی کے مسنون طریقوں کا ذکر بھی اور مصنف کا طرزِ بیان اس کی مزید خوبی، خود مؤلف گرامی قدر نے کتاب کی تمہید میں اپنی محنت، جدوجہد اور لگن کا ذکر بڑی وضاحت سے کردیا ہے۔واضح رہے کہ مؤلف کی یہ پہلی کاوش نہیں ہے، اس سے پہلے ان کی مرتب کردہ کئی کتابیں منظر عام پر آکر اہلِ علم اور عام مسلمانوں میں مقبولیت حاصل کرچکی ہیں، اور کئی سال سے مسلسل اخبارات و رسائل میں ان کے دینی، علمی اور تاریخی مضامین شائع ہوتے رہے ہیں، راقم الحروف نے ان کے تقریباً تمام مضامین کا مطالعہ کیا ہے، بحمد اللہ انھوں نے ہر مضمون اور ہر تحریر یا کتاب میں اس بات کا التزام کیا ہے کہ بحث و تحقیق یا مسائل و فضائل، قرآنِ کریم کی مستند تفسیروں، حدیث کے صحیح مجموعوں اور فقہ و فتاویٰ کی معتمد و مقبول کتابوں سے ماخوذہوں، اور ان کی روشنی میں وضاحت ہو۔

چند سال پہلے موصوف سے ممبئی میں مسلم پرسنل لا بورڈ کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، ابھی وہ طلب ِ علم میں مشغول تھے اور اہل علم سے استفادے کے لیے شوق و رغبت کے مخلصانہ جذبات سے سرشار، دینی مسائل پر غوروخوض اور عام مسلمانوں تک دینی تعلیمات پہونچانے کی بے پناہ چاہت۔ اسی لیے بعض مختصر کتابوں کی تالیف کا سلسلہ شروع کردیا تھا، اسی ضمن میں ان کی کوششوں کا مجموعہ ’تعلیمِ اسلام‘‘ نامی کتاب کے مسوّدے کی شکل میں موجود تھا، جس کا میں نے بالاستیعاب مطالعہ بھی کیا تھا اور اپنے تأثرات بھی تحریر کیے تھے، اسی ملاقات میں راقم الحروف نے ملک کے بعض مشاہیر علماء و اہل فقہ و فتاویٰ سے مراجعت اور ان سے رابطے کا مشورہ دیا تھا، جس کو موصوف نے عملی شکل بڑی تندہی سے دے ڈالی، چناں چہ اب بھی جب وہ کسی دینی و علمی موضوع پر قلم اٹھاتے ہیں تو اکابر علماء سے ضروری مشورے بھی کرتے ہیں، اس لیے بلا تردّد یہ کہا جاسکتا ہے کہ ان کی تحریریں اور کتابیں نہ صرف مستند ہوتی ہیں بلکہ عوام الناس کے لیے بے حد مفید بھی، اب تو ماشاء اللہ انھوںنے تعلیم و تدریس اور تالیف و تصنیف کے ساتھ ساتھ دینی رہنمائی اور اصلاحِ معاشرہ کی راہ میں ایک نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ اللّٰہم زد فزد
پیشِ نظر کتاب ’مؤمن اور اسلامی سال‘ کے تعارف یا اس کی اہمیت و خصوصیت کے ذکر کی مزید ضرورت اس لیے بھی نہیں ہے کہ کتاب کی تفصیلی فہرست میں وہ تمام عنوانات موجود ہیں جو کسی مہینے کی فضیلت، اس میں انجام دیے جانے والی عبادت اور عوام الناس میں رائج رسوم و بدعات کا تذکرہ ضروری محسوس ہوتا ہے۔ اتنی تفصیل اور جامعیت شاید اردو زبان کی کسی کتاب میں پائی جاتی ہو، اسی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ یہ کتاب طلبۂ علومِ دینیہ، ائمہ و خطباء اور عام دین دار مسلمانوں کے پاس موجود رہے۔اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس کتاب کی مقبولیت و افادیت میں اضافہ فرمائے اور باصلاحیت نوجوان مؤلف کو مزید دینی خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (یہ کتابhttp://afif.in/سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے)۔

کتاب: مومن اور اسلامی سال
مصنف: مولانا ندیم احمد انصاری
قیمت: 270روپئے(354صفحات)
ناشر: الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، ممبئی، انڈیا
رابطہ نمبر: 09022278319
مبصر: مولانا محمد اسلام قاسمی (استاذِ حدیث دارالعلوم وقف دیوبند)

تبصرے بند ہیں۔