اسلام کا تصور قربانی اور فلسفہ

محمد ریاض علیمی

قربانی عربی زبان کا لفظ ہے جو قرب سے مشتق ہے۔ قرب کس چیز کے نزدیک ہونے کو کہا جاتا ہے۔ قربانی ایسا عمل ہے جس کا مقصد قربِ الٰہی کا حصول ہے۔جانور کو ذبح کرنے کا عمل بندے کو اللہ تعالیٰ کے انتہائی قریب کردیتا ہے۔قربانی ان اسلامی شعائر میں سے ہے جن کی مشروعیت اس وقت سے ہے جب سے حضرت آدم علیہ السلام اس دنیا میں تشریف لائے اور دنیا آباد ہوئی اور پھر امتِ محمدصلی اللہ علیہ وسلم تک تقریباً ہر ملت و مذہب والے اس پر عمل پیرا رہے ۔ قرآن مجید میں بھی اسی طرف اشارہ کیا گیا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’ او ر ہم نے ہر امت کے لیے قربانی کا طریقہ مقرر کیا ہے تاکہ وہ اللہ کے دیے ہوئے بے زبان چوپایوں پر ذبح کے وقت اللہ کا نام لیں‘‘۔(سورۃ الحج: ۳۴)

اس آیت سے صاف ظاہر ہے کہ ہر امت میں قربانی کا تصور رہاہے ۔ البتہ سابقہ امتوں اور امتِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان قربانی میں فرق یہ ہے کہ سابقہ امتوں کی قربانی قبول ہونے کی علامت یہ تھی کہ آسمانی آگ اسے کھا جاتی تھی، قربانی کا گوشت کھانے کی اجازت نہیں تھی۔ جب کہ امتِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ خصوصی انعام حاصل ہے کہ ان کے لیے قربانی کا گوشت حلال کردیا گیا اور اس کے کھانے کی اجازت دے دی گئی۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ طیبہ میں دس سال قیام کے دوران ہر سال قربانی دی ہے اور صحابہ کرام کو بھی قربانی کرنے کا حکم دیاا ور اس کے احکام سکھائے۔انہیں احکام کے مطابق امت مسلمہ قربانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہزاروں سال گزرجانے کے باوجود آج بھی عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں منائی جاتی ہے جس میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل کرنے کے لیے اپنے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے لیے لے گئے تھے لیکن جب قربان کرنے لگے تو اللہ تعالیٰ کے حکم سے جنتی مینڈھا بھیج دیا گیااور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس مینڈھے کو ذبح کردیا۔

آج مسلمان اسی واقعہ کی یاد میں عید الاضحی کے موقع پر مخصوص جانور اللہ کی راہ میں قربان کرکے اللہ کی رضا و خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے دریافت کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! یہ قربانی کیا ہے؟ فرمایا:تمہارے باپ اِبراہیم علیہ السلام کا طریقہ (یعنی اُن کی سنت)ہے، صحابہ کرام نے عرض کیا : پھر اس میں ہمارے لیے کیا ثواب ملے گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جانور کے ہر بال کے بدلے ایک نیکی ملے گی ،صحابہ نے عرض کیا: (دُنبہ وَغیرہ اگر ذبح کریں تو اُن کی)اُون (میں کیا ثواب ہے؟)آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اُون کے ہربال کے بدلے ایک نیکی۔(ابن ماجہ: ۳۱۲۷)

اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں خوش دلی کے ساتھ قربانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ چنانچہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ابن آدم (اِنسان)نے قربانی کے دِن کوئی ایسا عمل نہیں کیا، جو اللہ کے نزدِیک خون بہانے (یعنی قربانی کرنے)سے زیادہ پسندیدہ ہو، اور قیامت کے دن وہ ذبح کیا ہوا جانور اپنے سینگوں، بالوں اور کھروں کے ساتھ آئے گا۔ قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ہاں قبول ہوجاتا ہے، لہذا خوش دلی سے قربانی کیا کرو۔ (ترمذی: ۱۴۹۳)ایک اور حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جو شخص خوش دِلی کے ساتھ اجر وثواب کی اُمید رکھتے ہوئے قربانی کرے گا تو وہ اس کے لیے جہنم کی آگ سے رُکاوَٹ بن جائے گی۔(المعجم الکبیر: ۲۷۳۶) اسی طرح حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے لوگو! تم قربانی کرو اور ان قربانیوں کے خون پر اجر وثواب کی اُمید رکھو،اِس لیے کہ (اُن کا) خون اگرچہ زمین پر گرتا ہے، لیکن وہ اللہ کے حفظ وامان میں چلاجاتاہے۔(المعجم الاوسط: ۸۳۱۹)

بے شک اللہ تعالیٰ کے ہر حکم کا کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے اور اس میں بے حد حکمتیں ، مصالح اور فوائد پوشیدہ ہوتے ہیں۔ قربانی میں بھی متعدد مصالح اور فوائدپوشیدہ ہیں۔ قربانی کا مقصد مسلمانوں کے اندر وہی روح اور وہی کیفیت بیدار کرنا ہے جس کا مظاہرہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی زندگی میں کیا تھا۔ عیدالاضحٰی میں جانوروں کی قربانی اس بات کو یاد دلانے کے لیے کی جاتی ہے کہ اللہ کے دیے ہوئے جانوروں کو جب اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں تو اپنے ایمان کو تازہ کر لیتے ہیں کہ ہماری جان ہمارا مال سب کچھ اللہ کا ہے۔ اور وقت آنے پر ہر چیز اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لیے تیار رہیں گے۔قربانی کے مقصد کو دو حصوں میں تقسیم کی جاسکتا ہے۔ ایک اجتماعی مقصداور دوسرا ذاتی مقصد۔ جہاں تک اجتماعی مقصد کا تعلق ہے تو اس ضمن میں سب سے اہم مقصد یہ ہے کہ معاشرے کے اہلِ ثروت اور مالدار لوگ اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں اور اس کا گوشت غرباء اور فقراء میں تقسیم کریں جو اپنی غربت اور فقر کی وجہ سے پورا سال گوشت سے محروم رہتے ہیں۔ اسی طرح قربانی کا ذاتی مقصد یہ ہے کہ اللہ کا قرب حاصل کیا جائے ۔ قربانی کا مطلب ہی قربِ الٰہی کا حصول ہے۔ جب کوئی شخص قربانی کرتا ہے تو اللہ کی بارگاہ میں اس کا تقویٰ دیکھ اجاتا ہے۔ اس مقصد کا حصول اسی وقت ممکن ہوگا جب خالص اللہ کی رضا کے لیے قربانی کی جائے ۔ اللہ تعالیٰ کی بابرکت ذات یہ نہیں دیکھتی کہ وہ جانور جو قربانی کے لیے پیش کیے گئے ان کی مالیت اور جسامت کیا ہے بلکہ وہ قربانی کرنے والے دلوں کی کیفیت پر نگاہ رکھتا ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ قربانی کرنے والے کی نیت کوئی مادی منفعت یا محض نمود و نمائش کا اظہار ہو ، اللہ رب العزت کو ایسی قربانی کی کوئی ضرورت نہیں۔ وہ اس قربانی کو قبول کرتا ہے جس کی اساس تقویٰ پر رکھی گئی ہو۔ اسی لیے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا گیا: ’’اللہ تعالیٰ کے پاس ان (جانوروں ) کا خون اور گوشت نہیں پہنچتا بلکہ اس کے پاس تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے‘‘۔ (سورۃ الحج: ۳۷)

اللہ تعالیٰ کو قربانی کے جانور کے گوشت ، پوست اور جسامت سے کوئی غرض نہیں ۔ اللہ تعالیٰ کی ذات یہ دیکھنا چاہتی ہے کہ قربانی کرنے والے میں خوف خدا اور پرہیزگاری کی کیا کیفیت ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: اللہ تو صرف ان کی قربانی قبول کرتا ہے جو متقی ہوتے ہیں۔ (سورۃ المائدۃ:۲۷)اسی طرح حضور نبی کریم علیہ السلام نے فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ تمہاری طرف اور تمہارے اموال کی طرف نہیں دیکھتا بلکہ وہ تو تمہارے دل کی نیت کو دیکھتا ہے۔ (ابن ماجہ: ۴۱۴۳)

الغرض در ج بالا آیاتِ مبارکہ اور احادیث سے واضح ہوتا ہے کہ جس طرح قربانی کا مقصد جانور قربان کرکے گوشت تقسیم کرنا ہے اسی طرح قربانی کی اصل روح اور فلسفہ حاصل کرنا بھی ضروری ہے ۔ وہ یہ ہے کہ قربانی کاجانور ذبح کرنے کے ساتھ ساتھ انسان کااپنی انا، خود غرضی، مطلب پرستی ، نفسانی خواہشات کو بھی ذبح کرناہے ۔ یہی وہ وجوہات ہیں جن کی بناء پر انسان غرو ر اور تکبر کا شکار ہے اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں اپنی زندگی کے شب و روز بسر کر رہاہے۔ اللہ رب العزت کے احکام کی حکمتوں پر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزوں کے ذریعے نفسانی خواہشات کو قابو کرنا تھا اور اب عید الاضحی کے موقع پران قابو کی گئی نفسانی خواہشات پر چھر ی پھیرنی ہے تاکہ انسان اپنے رب کی بارگاہ میں سرخرو ہو کر روحانیت کے مقام پر فائز ہوسکے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قربانی کا اصل مقصد سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

تبصرے بند ہیں۔