ایک شام غضنفر کے نام

 بزم صدف

 بتاریخ ۵ جون دوحہ قطر کے شہر واکرہ میں بزم صدف نے معروف فکشن نگار، شاعر و ادیب اور ناقد جناب پروفیسر غضنفر علی کے نام ایک شام کا انعقاد کیا  اس موقع سے دوحہ کی ادب نواز شخصیات کو  مدعو کیا گیا جس میں بطور خاص ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش ( لندن) اور ڈاکٹر فرحان نے  شرکت کی۔

اس خالص مختصر ادبی نششت میں پروفیسر غضنفر نے شعری مجموعہ دسترس کے خالق معروف شا عرو ادیب احمد اشفاق کی شخصیت اور شاعری پر ایک خاکہ پیش کیا جس میں احمد اشفاق کی شاعری کو مہجری ادب میں ایک اہم اضافہ قرار دیا۔ پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری مضامین ڈاٹ کوم کے ذمہ دار خالد سیف اللہ نے بحسن و خوبی ادا کی۔

 بزم صدف کے پروگرام ڈائرکٹر احمد اشفاق نے پروفیسر غضنفر کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی شاہکار تصانیف  پانی، مکان اور مانجھی وغیرہ کا ذکر کیا  ساتھ ہی ان کی ادبی سرگرمیوں کی بھر پور ستائش کی جسے حاضرین نے سراہا اور انکی بیش بہا ادبی خدمات کا اعتراف کیا  آخر میں سال رواں کے پروگرام کے تعلق سے کہا کہ سنٹرل کمیٹی جلد ہی انعامات کا فیصلہ کرنے والی ہے جس میں  ہندوستان، پاکستان، امریکہ، آسٹریلیا، جرمنی، کناڈا  بنگلہ دیش و ماریشش سے  شعراء و ادبا کی آمد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پروفیسر مجتبی حسین اور عشرت معین سیما کے حصہ میں انعامات آئے تھے اور اس سے قبل جاوید دانش و واحد نظیر کو یہ انعامات دئے گئے تھے۔

 بزم صدف کے چئیرمین (میزبان) شہاب الدین احمد نے بزم صدف کی گزشتہ سال کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور سال رواں کا پروگرام دوحہ قطر میں کرنے کا اعلان کیا، بزم کی گزشتہ کارروایئوں اور کامیابیوں پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردو کی ترویج و ترقی اور اسکی اہمیت و افادیت کا ابلاغ ہی بزم کا مقصد اور مشن ہے، بزم کے متوقع تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بزم صدف کی تقریبات سال رواں میں بھی اپنے معیار و مزاج کے مطابق ہوگی، مہمان خصوصی پروفیسر غضنفر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بزم صدف کے مشن کے تعلق سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت قلیل عرصہ میں بزم نے اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور بزم صدف کے چئر مین شہاب الدین احمد کی کاوشوں کو سراہا۔

پروگرام کے آخر میں اردو ادب میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں بزم صدف کی جانب سے پروفیسر غضنفر کی خدمت میں شال اور لوح سپاس پیش کیا گیا۔

 بزم صدف ( دوحہ)کے صدر عمران اسد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ساتھ ہی بزم صدف کے اراکین کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔

تبصرے بند ہیں۔