بزم جامعہ، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں الوداعیہ تقریب اختتام پذیر

’’زندگی کے ہر مرحلے میں وقت کی قدر کرتے ہوئے اور ہر طرح کے تعصبات سے بالا تر ہوکر ہی طلبہ کامیابی سے ہم کنار ہو سکتے ہیں، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ سے تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ خوش نصیب ہیں کیوں کہ ان کا شجرۂ اساتذہ نہایت با وقار اور عظیم ہے ‘‘ان خیالات کا اظہار، صدر شعبۂ اردو پروفیسر شہزاد انجم نے الوداعیہ تقریب میں کیا جو اس محفل کی صدارت کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ پروفیسر شہپر رسول، پروفیسرکوثر مظہری، ڈاکٹر خالد جاوید اور ڈاکٹر سرورلہدیٰ رونق اسٹیج تھے۔

بزم جامعہ، شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے 2018-19کے سیشن میں تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی اور رخصت ہونے تمام طلبہ کو دیدہ زیب مومینٹو اور القابات سے نوازا گیا۔

ہر طرح کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ہی طلبہ کامیابی سے ہم کنار ہو سکتے ہیں : پروفیسر شہزاد انجم

الوداعیہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی سابق صدر شعبۂ اردو اور دہلی اردو اکیڈمی کے وائس چیئر مین پروفیسر شہپر رسول نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب اردو کے طلبہ صرف ادب تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ان کی کارکردگی اب مختلف میدانوں تک پہنچ رہی ہے۔ یو پی ایس سی امتحان کے حالیہ نتیجہ سے اس بات کی توثیق ہو جاتی ہے جس میں اردو میڈیم طلبہ نے بھی نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

بزم جامعہ کے ایڈ وائزر پروفیسر کوثر مظہری نے اپنے تعارفی کلمات میں شعبے سے رخصت ہونے والے طلبہ کے لیے  اپنی نیک خواہشات کا ظہارکیا اور ساتھ ہی ان طلبہ کو زندگی کے ہر میدان میں جامعہ کی تہذیب اورتعلیمی وراثت کی پاسداری کا لحاظ رکھنے کی تلقین کی۔

محفل کا آغاز بی اے سال اول کے طالب علم عبد الرحمن عابد کی تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں محمد مہتاب عالم نے نعت نبی صلی ﷺ سے محفل میں تقدس و نورانیت کا رنگ بھر دیا۔ ایم اے، بی اے اور پی جی ڈپلوما اِن اردو ماس میڈیا کے طلبہ و طالبات کو خوب صورت اور معنی خیز القابات سے نوازا گیا۔

ایم اے کی جانب سے اہتمام الحق صادق، بی اے کی جانب سے عتیق الرحمن نے رخصت ہونے والے اپنے سینیئر ساتھیوں کی خدمت میں الوداعیہ کلمات پیش کیے اور ایم اے اور بی اے کی جانب سے محمد ارشاد اور محمد آزاد حسین نے ہدیۂ تشکر پیش کیا۔

محفل میں سامعین کی دلچسپی کا خیال رکھتے ہوئے بی اے سال دوم کے طالب علم سرور عالم نے مشتاق احمد یوسفی کے منتخب مزاحیہ اقوال کی قرأت کی جس سے سامعین نے خوب لطف اٹھایا۔

ساتھ ہی بزم جامعہ کی جانب سے منعقدہ انٹر فیکلٹی فی البدیہہ مضمون نویسی اور فی البدیہہ شاعری کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور پر کشش ٹرافیوں سے نوازا گیا۔ انعام حاصل کرنے والے طلبہ کے نام اس طرح ہیں : فی البدیہہ مضمون نویسی :اول عبدالعزیز،شعبۂ عربی، دوم محمد آزاد حسین، شعبۂ اردو،سوم عمیر احمد۔ فی البدیہہ شاعری :اول، محمدساجد، شعبۂ تعلیم، دوم، غلام محمد (سفیر صدیقی )،سوم، محمد فیض الرحمن، توصیفی انعام، آسیہ خان۔ پورے پروگرام میں  نظامت کے فرائض بزم جامعہ کے نائب صدر عامر مظفر بھٹ اور جنرل سیکریٹری وسیم احمد علیمی نے انجام دیے۔ پروگرام کے دوران وقفے وقفے سے محمد مہتاب عالم اورفیض الرحمن نے کلاسیکی غزلیں ترنم سے سنا کر محفل کے لطف کو دوبالا کر دیا۔ محفل کا اختتام بزم جامعہ کے رکن ڈاکٹر سرورالہدیٰ کے اظہار تشکر سے ہوا۔ اختتام کے بعد اردوڈراما سوسائٹی، شعبۂ اردوکے چند طلبہ نے الیکشن کے تناظر میں ایک مزاحیہ قوالی پیش کی۔

محفل میں طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے شعبہ کے تمام اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں۔