بزم صدف کی ایک شام نوشابہ خاتون کے نام

 معروف اردو فکشن رائٹرنوشابہ خاتون کے اعزاز میںگزشتہ دنوں دوحہ قطر کے ایک شہر واکرہ میں بزم صدف نے  ایک پر تکلف عشائیہ کا اھتمام کیا اس موقع سے دوحہ کی بیشتر تنظیموں کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا جس میں حال ہی لندن سے قطر منتقل ہونے معروف شاعر و ادیب جناب ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش کو بھی بطور خاص دعوت دی گئی اس مختصر شعری و ادبی نششت کی صدارت ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش نے کی اور مہمان خصوصی کی حیثیت ہندوستان کے صوبہ بہار سے تعلق رکھنے والی فکشن نویس محترمہ نوشابہ خاتون کی رہی جن کی خدمت میں بزم صدف کی جانب سے لوح سپاس عطا کر کے انکی ادبی خدمات کا اعتراف کیا گیا اس کے بعد بزم صدف کی نائب سکریٹری  معروف کالم نویس  اور تنقید نگا رمحترمہ فردوس شیخ نے محترمہ نوشابہ خاتون کی ادبی خدمات پر مختصرا روشنی ڈالی جسے بے حد سراہا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ قطر کی قدیم ترین تنطیم بزم اردو قطر کے ادبی اجلاس میں محترمہ فردوس شیخ نے محترمہ نوشابہ خاتون کے فکر و فن پر ایک مفصل تنقیدی مضمون پیش کیا تھا جس میں  مصنفہ کی تصانیف اور ان کے ادبی سفر پر بھرپور روشنی ڈالی تھی اور مشاہیر دوحہ، منتظمین و شعراء و ادبا نے فردوس شیخ کو ایک معتبر ادیبہ کے طور پر تسلیم کر لیا تھا یوں تو محترمہ فردوس شیخ ایک عرصہ سے کالم اور تنقیدی مضامین لکھتی رہی ہین لیکن یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے اسٹیج پر آکر اپنا مضمون پیش کیا اور اپنی گوں نا گوں صلاحیتوں کا اعتراف کروایا تھا۔

منفرد لب ولھجہ کے شاعر احمد اشفاق (پروگرام دائرکٹر)نے شرکا ء کا استقبال کیا اور مہمانان کا تعارف کراتے ہوئے صدر تقریب کے تعلق سے بتایا کہ داکٹر ندیم جیلانی دانش مے میڈیکل کی تعلیم علی گڑھ سے ھاصل کی اور کئی حیثیتوں سے وہاں کی ادبی سرگرمیوں سے منسلک رہے، علامہ اقبال ہال اور راس مسعود ہال کے سالانہ میگزین کے مدیر اعلی اور بیت بازی کے چیمپیئن رہے، علی گڑھ جونیر ڈاکٹر کی تنظیم کے جنرل سکریٹری اور علی گڑھ میڈیکل ایسوسی ایشن انگلینڈ کے سکریٹری کی حیثیت سے کئی کامیاب مشاعروں کی نظامت بھی کر چکے ہیں، مانچسٹر کی معروف ادبی تنظیم علم و ادبی فورم کے روح رواں ہیں، انگلینڈ میں پیڈیاٹرک کے سینئر کنسلٹنٹ رہنے کے بعد دوحہ کے سدرہ ہاسپٹل میں چائلڈ پروٹکشن کے شعبہ میں میڈیکل ڈائرکٹر کی حیثیت سے جوائن کیا ہے، کئی انگریزی نظموں کا اردو میں منظوم ترجمہ بھی کیا ہے،صدر تقریب کے اس تعارف کے بعد بزم صدف کے چئیرمین شہاب الدین احمد نے بزم کی گزشتہ سرگرمیوں سے حاضرین کوآگاہ کیا جسمیں دسمبر ۲۰۱۷میں ہندوستان میں ہوئے بزم صدف انٹرنیشنل ایوارڈ تقریب کا مفصل ذکر تھا، واضح رہے کہ گزشتہ سال کا ایوارڈ معروف مزاح نگار مجتبی حسین اور جرمنی میں مقیم پاکستانی رائٹر عشرت معین سیما کو دیا گیا تھا، بزم کی گزشتہ کارروایئوں اور کامیابیوں پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردو کی ترویج و ترقی اور اسکی اہمیت و افادیت کا ابلاغ ہی بزم کا مقصد اور مشن ہے، بزم کے متوقع تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے آخر میں بزم صدف کی تقریبات ہندوستان کے مختلف شہروں میں ہوگی جسمیں ُاردو کے اہم مرکز پٹنہ کے علاوہ بتیا اور  عروس البلاد ممبئی ہیں اور ماہ اپریل میں اعلان کے مطابق حیدر آباد یونیورسٹی میں دوحہ کی ایک عظیم شخصیت جناب عظیم عباس میں ایوارڈ برائے اردو تحریک پیش کیا جائے گا واضح رہے کہ اس سے قبل یہ ایوارڈ قطر کی معروف شخصیت جناب حسن عبد الکریم چوگلے اور  جدہ کے معروف شاعرجناب مہتاب قدر کو پیش کیا گیا تھا۔حیدر آباد کے علاوہ ماہ اپریل میں وجے واڑہ اور جے پور میں منعقد ہونے والی تقریبات کی تفصیلات بھی پیش کیں اور اس خوشی کا اظہار بھی کیا متذکرہ علاقوں نے بزم صدف کے مشن کا اعتراف کیا اور بھر پور تعاون سے نوازا۔

پرتکلف عشائیہ کے بعد ایک مختصر اور خوبصورت شعری نشست کا اہتمام ہوا جسکی نظامت احمد اشفاق نے بڑے سلیقے سے کی گرچہ شعراء کی تعداد مختصر تھی مگر باذوق سامعین نے بہتر ماحول بنایا اور شعر فہمی کا عمدہ مظاہرہ کیا، شعراء نے اپنے معیاری کلام سے نوازا اور نشست کا معیار بلند کیا۔

شعراء کے منتخب اشعار مندرجہ ذیل ہیں:

مقصود انور مقصود

گلوں کی سمت بھنوروں سے زیادہ کون دیکھے گا

رخ گلنار پر الفت کا غازہ کون دیکھے گا

نظر کے سامنے جو ہے اسے سب دیکھ لیتے ہیں

کسی کے دل کے حجرے کا تماشا کون دیکھے گا

احمد اشفاق

  شہر احساس پہ چھایا ہوا کہرا دیکھوں 

میں بھلا کیسے کوئی خواب سنہرا دیکھوں

پھر کسی لمبے سفر پر مجھے ہونا ہے رواں

خواب میں اڑتا ہوا روز بگولا دیکھوں

افتخار راغب

 ہر بات میری رد کرو اور خوش رہو

  مجھ پر ستم کی حد کرو اور خوش رہو 

  احسان غیروں کا نہیں لینا مجھے

اونچا تم اپنا قد کرو اور خوش رہو

ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش

  زہر کے تاجر ترے آنے سے اتنا تو ہوا 

سانپ تھے جتنے پرانے بے ضرر لگنے لگے

وقت کی رفتار ہوتی جارہی ہے تیز تر

 تقریب کے اختتام پر بزم صدف کے بے حد متحرک اور فعال چیئرمین شہاب الدین احمد نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور انکی آمد پر مسرت کا اظہار کیا۔

تبصرے بند ہیں۔