دعوہ گائیڈ

ڈاکٹر فضل الرحمن فریدی

دعوتی جد و جہد کی اہمیت اور تحریک اسلامی کی پیش رفت نے جہاں ایک بڑی تعداد کو متاثر کیا ہے اور جذبہ عمل کو مہمیز عطا کیا وہیں کچھ سوالات بھی پیدا کیے ہیں۔

  • دعوت کس طرح دی جائے؟
  • نکات دعوت کیا ہیں؟ کن چیزوں پر زور دیا جائے اور کن چیزوں کو مؤخر کیا جائے؟
  • دعوت کے مخاطبین کا انتخاب کرنا چاہیے یا ہر کس و ناکس کو دعوت پہنچانا چاہیے؟
  • دعوت اسلامی کا مقصد کیا صرف غلط فہمیاں دور کرنا، اور دین حق کا تعارف کرانا ہے یا دین حق کی قبولیت پر آمادہ کرنا ہے؟
  • دعوت کی موثر جد و جہد کے لیے کیا ہر داعی کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن و سنت کا براہ راست علم رکھتا ہو یا صرف بنیادی نکات کا اجمالی علم کافی ہے؟
  • داعی کے کردار کی کیا اہمیت ہے؟ کیا صرف قولی شہادت سے وہ مطلوبہ تبدیلی پیدا ہوسکتی ہے جو داعی کا نصب العین ہے؟

یہ اور اس طرح کے متعدد سوالات ہیں جن کے تفصیلی جوابات بھی دیے جاسکتے ہیں۔ لیکن عملی دنیا میں تحقیقی اور تفصیلی بحث سے زیادہ کارگر ان کے مختصر جواب ہیں جو ایک عام داعی کے لیے ہر قدم پر ضروری رہنمائی فراہم کرسکیں۔ اسی ضرورت کے پیش نظر مختلف گوشوں سے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان میں بعض کتابیں نہایت مفید ثابت ہوئی ہیں۔ لیکن دعوتی جدو جہد کا انداز ان حالات پر منحصر ہوتا ہے جن سے داعیان حق کو سابقہ پیش آتا ہے۔ دعوت حس کے بنیادی نکات اگرچہ ہر جگہ اور ہر زمانے میں یکساں ہوتے ہیں لیکن مخاطب کی فہم، اس کے حالات اور مسائل کے پیش نظر دعوت کی کیفیت اور کمیت متعین کی جاتی ہے ، بنا بریں ایسی گائیڈ بکس جو امریکہ یا یورپ کے ماحول میں لکھی گئی ہیں، ہندوستانی ماحول میں بعینہٖ اختیار کی جاسکتیں۔

عبدالسلام صاحب کی یہ کوشش لائق تحسین ہے کہ انھوںنے اس سمت میں ایک مفید قدم اٹھایا ہے۔ اس مختصر کتاب کے عنوانات پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک اچھی کوشش ہے اور دعوتی جد و جہد کے دوران ایک Ready reference کا کام دے سکتی ہے۔ اس گائیڈ بک میںجہاں اس امر کا اہتمام کیا گیا ہے کہ دعوت اسلامی کے رہنما اصول اجمالاً بیان کردیے گئے وہیں عملی میدان میں متعدد مفید ہدایات دی گئی ہیں۔ مثلاً جذباتیت سے احتراز، حسن سلوک کی اہمیت، انسانی تعلقات کی خوشگواری، داعی کی کردار سازی اور صبر و توکل جیسے اہم موضوعات پر بھی مختصر اور دلنشیں انداز میں رہنمائی کی گئی ہے۔

اس گائیڈ بک کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ دعوت کے لیے مخلصانہ جد و جہد کی ترغیب بھی دیتی ہے اور اس راہ میں اللہ تعالیٰ سے تعلق استوار کرنے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت کی اتباع کو اس جد و جہد کا جوہر قرار دیتی ہے، کتاب کی اس خصوصیت نے اس کو عام گائیڈ بکس کی طرح ایک گائیڈ نہیں بلکہ ایک دعوتی تحریر بنا دیا ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کتاب کے ذریعہ نوجوانوں کا حوصلہ بلند فرمائے اور اس راہ میں فطری ہچکچاہٹ کو دور کرنے کا وسیلہ بنائے، آمین۔

کتاب کا نام: دعوہ گائیڈ، مصنف: عبدالسلام پتیگے، صفحات: 160، قیمت: 120روپے، ناشر: ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس، نئی دہلی، ای میل: [email protected]، موبائیل: 09891051676

تبصرے بند ہیں۔