ذکر ہے کون و مکاں میں آمدِ رمضان کا

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

خوانِ نعمت بچھ گیا اللہ کے فیضان کا

ذکر ہے کون و مکاں میں آمدِ رمضان کا

دائرہ خود بھی بڑھائیں اپنے دسترخوان کا

خوانِ نعمت باز ہے سب کے لئے رحمٰن کا

کیجئے بے خوف حقِ بندگی اپنا ادا

بند ہے فضلِ خدا سے ناطقہ شیطان کا

خدمتِ خلقِ خدا بھی اشغل الاشغال ہے

امتحاں اس ماہ میں ہے آپ کے ایمان کا

دیتی ہیں آیات جس کی دعوتِ فکر و عمل

کیجئے دل سے سمجھ کر وِرد اُس قرآن کا

نعتِ محبوبِ خدا ہے ایک روحانی غذا

کیجئے اس میں تتبع حضرتِ حسان کا

کیجئے اپنے عمل کا آپ پہلے احتساب

دیکھئے اعجاز برقیؔ پھر خدا کی شان کا

تبصرے بند ہیں۔