سگریٹ کی انکہی کہانی

 وقاص چودھری

 آپ جانتے ہیں کہ سگریٹ  کس نے ایجاد کی؟  اور کیا آپ کے ذہن میں بھی یہ سوال ہے کہ  تمباکو نوشی کی  وجہ سے ہونے والی اموات کے لیے کیا اس شخص کو  ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے؟

موجود شکل کا سگریٹ پہلی دفعہ "جیمز بکانن ڈیوک” نے بنایا تھا۔ جیمز بکانن ڈیوک نہ صرف سگریٹ کو اس کی موجودہ شکل دینے کے ذمہ دار ہیں بلکہ انہوں نے سگریٹ کی مارکیٹنگ اور ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کیا جس سے ساری دنیا میں اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔

سنہ 1880 میں چوبیس سال کی عمر میں ڈیوک نے ہاتھ سے بنی سگریٹ کے کاروبار میں قدم رکھا جو اس وقت بہت وسیع کاروبار نہیں تھا۔ شمالی كیرولائنا کے شہر ڈرہم میں کچھ لوگوں نے مل کر ’ ڈیوک آف ڈرہم‘ کے نام سے سگریٹ بنانے کی شروعات کی جس کے دونوں کونوں کو موڑ کر بند کیا جاتا تھا۔

دو سال بعد ڈیوک نے  جیمز بونسیك نامی نوجوان مكینك کے ساتھ کام کرنا شروع کیا جس کا کہنا تھا کہ وہ  مشین سے سگریٹ بنا سکتا ہے۔ ڈیوک کو بونسیك کی اس بات میں کاروبار کا ایک اچھا موقع دکھائی دیا۔ انہیں یقین تھا کہ ہاتھ سے بنی چھوٹے یا بڑے سائز کی سگریٹ کی جگہ لوگ مشین سے بنی، ایک ہی شکل کی سگریٹ پینا پسند کریں گے۔

ساتھ ہی اس وقت ڈیوک کے کارخانے میں جہاں لڑکیاں ایک شفٹ میں ہاتھ سے تقریباً دو سو سگریٹ بناتی تھیں، وہیں اس نئی مشین سے ایک دن میں ایک لاکھ بیس ہزار سگریٹ تیار ہونے لگے۔۔ جبکہ اس وقت امریکہ میں صرف #_چوبیس_ہزار_سگریٹ کی ہی کھپت ہوتی تھی۔ اردن گڈمین کہتے ہیں ’مسئلہ یہ تھا کہ سگریٹ کی پیداوار زیادہ تھی لیکن فروخت کم۔ اس لیے ڈیوک کو اب سگریٹ فروخت کرنے کے نئے طریقے تلاش کرنے تھے‘۔

وہ طریقہ تھا اشتہارات اور مارکیٹنگ۔ جیمز ڈیوک نے گھڑ دوڑ کو سپانسر کرنا، مقابلۂ حسن میں مفت سگریٹ تقسیم کرنا اور جرائد میں اشتہار دینا شروع کیا۔

سنہ 1889 میں ہی سگریٹ کی مارکیٹنگ پر انہوں نے آٹھ لاکھ ڈالر خرچ کیے جو آج تقریباً دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کے برابر ہے۔
صفائی سے بنی سگریٹ اور ان کے صحیح تشہیر، جیمز ڈیوک کی ابتدائی کامیابی کی یہی دو وجوہات تھیں۔ ایک اشتہار میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہاتھ سے اور تھوک کے استعمال سے بنائی جانے والی سگار کے مقابلے میں مشین سے بنائی سگریٹ زیادہ صفائی سے بنائی جاتی ہے اور جیمز ڈیوک کی امید کے عین مطابق لوگوں کو مشین سے بنی سگریٹ ہی زیادہ پسند آئی۔

امریکہ میں پاؤں جمانے کے بعد جیمز ڈیوک نے برطانیہ کا رخ کیا۔ سنہ 1902 میں انہوں نے برطانیہ کی امپيريل ٹوبیكو کمپنی کے ساتھ مل کر برٹش امریکن ٹوبیكو نامی کمپنی قائم کی۔

کمپنی کی طرف سے فروخت کی جانے والی سگریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی تھی۔، صرف مختلف صارفین کے حساب سے ان کی پیکیجنگ اور مارکیٹنگ حکمت عملی بدلی جاتی تھی۔ مصنف اردن گڈمین کہتے ہیں۔۔’ میكڈانلڈز اور سٹار بكس کے طور پر ہم آج جسے  گلوبلائزیشن کہتے ہیں، اس کے بانی ڈیوک اور ان کی سگریٹ تھے‘۔

دنیا بھر میں آج بھی سگریٹ نوشی بڑھ رہی ہے اور ترقی پذیر ممالک میں سگریٹ کی طلب میں ہر سال تین اعشاریہ چار فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر سگریٹ نوشی کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے گئے تو اگلے تیس سال میں دس کروڑ افراد تمباکو سے متعلقہ بیماریوں کی وجہ سے موت کا شکار ہو جائیں گے۔ یہ تعداد ایڈز، ٹی بی، کار حادثوں اور خودکشی سے ہونے والی کل اموات سے زیادہ ہے۔

لیکن کیا اس سب کے لیے  جیمز بکانن ڈیوک کو ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ شائد یہ بات کم لوگوں کو معلوما ہو کہ 1930 تک سگریٹ بطور دوا استعمال ہوتا تھا۔ پھیپھڑے کے کینسر اور سگریٹ پینے کے درمیان تعلق کا پتہ 1930 کی دہائی تک نہیں چلا تھا جبکہ جیمز ڈیوک کی موت 1925 میں ہوئی۔ یہاں تک کہ اس وقت سگریٹ کو صحت کے لیے فائدہ مند بتا کر تشہیر کی گئی۔
سنہ 1906 تک سگریٹ،  ادویات کے انسائیكلوپيڈيا میں شامل تھی۔

 ٹوبیكو کنٹرول میگزین کے ایک حالیہ مضمون میں رابرٹ پروكٹر لکھتے ہیں کہ تمباکو کی صنعت کے کئی لوگ اس کے ذمہ دار ہیں جن میں انہیں فروخت کرنے والی دکانیں، اشتہاری کمپنیاں، سگریٹ پیکٹ ڈیزائن کرنے والے، اداکار اور سگریٹ کمپنیوں میں کام کرنے والے لوگ سب شامل ہیں۔

اردن گڈمین مانتے ہیں کہ جیمز ڈیوک ہیرو بھی ہیں اور ولن بھی۔  وہ کہتے ہیں ’بازار انسانی نفسیات اور اشتہارات کی دنیا کی سمجھ کے لحاظ سے وہ ہیرو ہیں لیکن سگریٹ اور تمباکو نوشی سے متعلق تنازعات سے یہ سب چھپ جاتا ہے‘۔گڈمین کہتے ہیں، ’جیمز ڈیوک نے دنیا کو سگریٹ دی اور یہی سگریٹ بیسویں صدی کا مسئلہ ہے‘۔

سگریٹ اس وقت دنیا بھر میں شاید سب سے زیادہ بدنام مصنوعات میں سے ایک ہے۔ سنہ 2000 تک کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں پھیپھڑوں کے کینسر سے ہر سال تقریباً دس لاکھ افراد ہلاک ہو رہے تھے اور ان میں سے تقریباً پچاسی فیصد لوگوں میں اس کینسر کی وجہ صرف تمباکو_نوشی تھی۔

امریکہ کی سٹینفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ” رابرٹ پركٹر "کہتے ہیں۔۔ ’انسانی تہذیب کی تاریخ میں سگریٹ سب سے خطرناک مصنوعات ہے۔ بیسویں صدی میں تمباکو نوشی کی وجہ سے تقریباً دس کروڑ لوگ مر چکے ہیں‘۔

’ ٹوبیكو ان ہسٹری‘ نامی کتاب کے مصنف اردن گڈمین کے خیال میں اگرچہ وہ ایسے کسی شخص خاص کا نام لینے سے اجتناب کریں گی لیکن ’امریکہ کے جیمز بکانن ڈیوک سگریٹ کے ایجاد کے ذمہ دار تھے‘۔

یہ مصنف کی ذاتی رائے ہے۔
(اس ویب سائٹ کے مضامین کوعام کرنے میں ہمارا تعاون کیجیے۔)
Disclaimer: The opinions expressed within this article/piece are personal views of the author; and do not reflect the views of the Mazameen.com. The Mazameen.com does not assume any responsibility or liability for the same.)


تبصرے بند ہیں۔