عالمی کتاب میلہ: منظوم تاثرات

احمد علی برقیؔ اعظمی

ہے کتابی میلہ اک آئینۂ نقد و نظر

اس حقیقت سے سبھی اہلِ نظر ہیں باخبر

ہیں کتابیں علم و فن کا ایک گنجِ شایگاں

سامنے جو جلوہ گر ہیں سب کے تاحدِ نظر

عمر کے ہر دور میں ہیں نوعِ انساں کی رفیق

کرتی ہیں ہر چیز سے ہم کو کتابیں باخبر

پرگتی میداں جیسے عالمی اک گاؤں ہو

ہرزباں میں ہیں کتابیں مرجعِ اہلِ نظر

فلسفہ، سائنس، تاریخِ ادب، جغرافیہ

دین و دنیا کا ہر اک عنوان ہے پیشِ نظر

جن کو ہے ذوقِ کُتُب بینی یہاں موجود ہیں

ہیں کتابیں ان کی نظروں میں بہ از لعل و گُہر

گرچہ انٹرنیٹ پہ ہیں برقی کتابیں دستیاب

اقتضائے وقت ہے لائیں کتابیں اپنے گھر

چاہتے ہیں گر ثقافت آپ کی محفوظ ہو

مَت کریں برقیؔ کتابوں سے کبھی قطعِ نظر

تبصرے بند ہیں۔