عقیدۃ التوحید: خصائص و حقائق

محمد تبریزعالم حلیمی قاسمی

ایمان و عقیدہ مومنانہ زندگی کا وہ بنیادی پتھر ہے جس پر اسلام کی عظیم الشان عمارت تعمیر ہوتی ہے، عقائد اسلام، بالخصوص عقیدۂ توحید کی صحیح معرفت کے بعد ہی فکروعمل میں وہ اعتدال پیدا ہوتا ہے جو امت وسط کی نمایاں خصوصیت ہے، دین بیزاری کے اس دور میں مسلمانوں کی بدعملی اور بے عملی کے محرکات تلاش کیجئے؛ تو اس کے پیچھے عقیدۂ توحید کی کمزوری ہی نظر آئے گی۔

قرآن و سنت کی اصطلاح میں اعمال صالحہ کی صحت و قبولیت کی بنیاد خالص اسلامی عقیدہ پر رکھی گئی ہے، ایمان کے ساتھ اعمال صالحہ کا امتزاج قرآن کا خاص پیغام ہے جو پوری امت مسلمہ سے مطلوب ہے، سورۃ العصر میں زمانے کی قسم کھا کر پوری انسانیت کو گھاٹے میں بتایا گیا ہے؛ البتہ خائب و خاسرانسان سے جن لوگوں کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے، ان کے استثناء کی بنیاد یہی عقیدہ اور اعمال صالحہ کی انجام دہی ہے۔

عقیدۂ توحید کی افہام و تفہیم اور نشرو اشاعت یقینا انسان کے لئے باعث شر ف و سعادت ہے، اس میدان میں خدمت انجام دینے والے خوش نصیب مصنفین اوران کی تصانیف کی ایک لمبی فہرست ہے، عقیدۂ توحید چونکہ ایک عالمی تحریک ہے؛ اس لیے ہر زبان وزمان میں اس پر کتابیں لکھی گئی ہیں :کتاب التوحید لابن خزیمۃ(م:۳۱۱ھ)،الاعتقادلابن ابی یعلی(م:۵۲۶ھ)،الاعتصام للشاطبی(م:۷۹۰ھ)، خلق افعال العباد للامام البخاري(م:۲۵۶ھ)، کتاب قواعد العقائد للغزالی(م:۵۰۵ھ)،کتاب الاقتصاد في الاعتقاد للغزالي(م:۵۰۵ھ)، لمعۃ الاعتقاد لابن قدامہ(م:۵۴۱ھ)، الملل والنحل للشہرستاني(م:۵۴۸ھ)،کتاب اصول الايمان لمحمد بن عبد الوہاب(م:۱۲۰۶ھ)،کتاب التحذير من البدع لابن باز(م:۱۴۲۰ھ)، یہ بطور مثال ہیں ، المکتبۃ الوقفیہ نے توحیدو عقیدہ کے موضوع پر دوسو چودہ کتابوں کی فہرست اپنی سائٹ پر پیش کی ہے ڈاون لوڈ کر کےان سے استفادہ کیا جاسکتا ہے،اردو زبان میں بھی اس موضوع پر کافی کتابیں دستیاب ہیں :انوار التوحید (حکیم محمد صادق سیالکوٹی)عقائد الاسلام(ابومحمد عبدالحق دہلوی) ارکان اسلام( ابوالکلام آزاد) ارکان اربعہ( علی میاں ندوی) ارکان ایمان (محمد اسحاق زاہد)ارکان ایمان(عبدالقیوم محمدشفیع)ارکان ایمان( عبد الرحمن عاجز سیالکوٹ )بنیادی عقائد(ترجمہ: عبداللہ ناصر رحمانی) ایمان کیاہے( ترجمہ: انظر شاہ کشمیری) اورتصحیح العقائد (محمدرئیس ندوی )بطور نظیر پیش کی جا سکتی ہیں ۔

” عقیدۃ التوحید  — خصائص و حقائق” عقائد پر لکھی گئی کتابوں کی فہرست میں ایک نیا اضافہ ہے، زیر نظر کتاب عقیدۂ توحید کے موضوع کا اختصار اور جامعیت کے ساتھ احاطہ کرتی ہے، یقینا عقیدۂ توحیدسسکتی انسانیت کی کامیابی و کامرانی کی بنیاد ہے،اس موضوع پر جب بھی جیسی بھی کتابیں معرض وجود میں آئیں گی وہ زندہ جاوید ہو جائیں گی، ان کتب کے مؤلفین و مصنفین بھی ان خوش نصیب لوگوں میں شمار کئے جائیں گے جو زندگی میں زندہ تو ہیں ہی ” پس مرگ ” بھی زندہ کا مصداق ہو جائیں گے اور یقینا روز محشر نیک نیتی اور اخلاص میں کمی بیشی کے ساتھ اعلی مقام پرفائزہوں گے۔

زیر تبصرہ کتاب کے مصنف (مولانامحمدنعمان الدین الندوی سابق صدر شعبۂ عربی ادب دارالعلوم حیدرآباد و مدیر معہد التعلیم والتربیۃ لکھنؤ)کی شہرت و مقبولیت ” کتاب وسنت  "اور” جنتی زبان ” زبان عربی سے ہے، ایک درجن سے زائد کتابیں زیور طبع سے آراستہ ہوکر ملک اور بیرون ملک منظر عام پر آچکی ہیں ، ملک کے چنیدہ مشہور اور مستند قلم کاروں میں مصنف کتاب کا نام بھی لیا جا سکتا ہے،حیدرآباد سے شائع ہونے والے عربی مجلہ” الصحوۃ الاسلامیہ” کی ادارت کی ذمہ داری بھی خوب نبھائی ہے، وہ سارے اہم مقالات ” صید القلم” کے نام سے شائع ہو چکے ہیں اور فی الحال ” معہد التعلیم والتربیۃ لکھنؤ” سے شائع ہونے والےعربی مجلہ” النصیحۃ” کے رئیس التحریر کی حیثیت سےزبان عربی کی نشر واشاعت میں مشغول ہیں ۔

 کتاب میں اختصار کے ساتھ عقیدۂ توحید سے متعلق مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی گئی ہے، یہ ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ عقیدۂ توحیدہی دنیا وآخرت میں کامیابی کی شاہ کلید ہے، عقیدہ اور رائے میں فرق کو بھی خوب واضح کیا گیا ہے، کچھ بحثیں خالص علمی ہیں ،انسان کہاں سے آیا، کہاں جائے گا اور دنیا میں کیوں آیا ہے ؟یہ وہ سوالات ہیں جن کوعقیدۂ توحید کی روشنی میں بخوبی حل کیا گیا ہے، ذیلی گفتگو میں امت وسط کے مصداق پر مثالوں کے ذریعے سیر حاصل بحث موجود ہے، علاوہ ازیں ” عقیدہ اور مفہوم وسطیت ” کی وضاحت کے ساتھ، سرمایہ دارانہ نظام اور سوشلزم سسٹم کے ظلم اورکھوکھلےپن کو واضح کرتے ہوئے اقتصاد اسلامی کی خوبیوں پرمدلل گفتگو کی گئی ہے، تاریخ اسلام میں علم وایمان کے درمیان اتحاد اور اس حوالے سے دیگر اقوام عالم کے فاسد نظریات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے، اسلام اور دیگر مذاہب کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے عقیدہ اور تقویٰ کی بنیادوں کو واضح کرنے کی کامیاب کوشش بھی کی گئی ہے، پیش نظر کتاب کے اخیر میں باب عقائد کے حوالے سے رسالت محمدی ﷺاور دیگر انبیاء و رسلؑ کی رسالت کے درمیان فرق کا ایک تقابلی مطالعہ پیش کیا گیا ہے، انبیاء کی دعوت توحید کے اثرات کی وضاحت کے ساتھ تاریخ دعوت و عزیمت کے نمایاں رجال کار کا تذکرہ بھی اس کتاب کی زینت میں اضافہ کا سبب ہے، دعوت توحید کے چند نمونے اور دعوت توحید کے طریقۂ کاراور مؤثراسلوب پر روشنی مسک الختام کا مصداق ہے،الغرض عقیدۂ توحید پرعربی زبان میں لکھی گئی یہ کتاب اپنے اندر اصل موضوع کے ساتھ دیگر کئی مفید عناوین سے مزین ہے،اور علم و فن کے اعتبار سے ایک با وزن کتاب کی مصداق ہے، جہاں تک ممکن ہو اس کتاب کا براہ راست یا بالواسطہ ایک بار ضرور مطالعہ کرنا چاہئے۔

کتاب کا ٹائٹل اور صفحات کی سیٹنگ اور کتابت قابل اطمینان اور دیدہ زیب ہے، عرب اہل علم و اہل قلم کی تحریروں سے خوب استفادہ کیا گیا ہے، عربوں کے ذوق کے مطابق حوالوں کا اہتمام کیا گیا ہے، زبان صاف ستھری ہے؛ تاہم تعبیرات ایسی استعمال کی گئی ہیں کہ ہندوستان کے مدارس اسلامیہ کے عام طلبہ کے لئے استفادہ آسان نہیں ہے؛ اس لئے فی الحال اس کتاب سے خواص ہی مستفید ہو سکیں گے، راقم کی دلی خواہش ہے کہ اگر اس کتاب کو اردو کے قالب میں بھی ڈھال دیا جائے تو اردوداں طبقہ کے وارے نیارے ہو جائیں گے خدا کرے یہ کام مؤلف کتاب کے حصےمیں آجائے۔

راقم الحروف دعاگو ہے کہ خداتعالی ا س کتاب کو مؤلف کتاب کے لئے دنیا وآخرت میں سرخ روئی کا ذریعہ بنائے، امت مسلمہ کے حق میں نافع بنائے اور کتاب کو شرف قبولیت سے نوازے۔ آمین

 کتاب: عقیدۃالتوحید خصائص و حقائق،  مصنف: مولانامحمدنعمان الدین الندوی(مدیر معہد التعلیم والتربیۃ لکھنؤ)، زبان :عربی، تعداد صفحات: ۵۲، قیمت : درج نہیں ہے، طبع اوّل: ۱۴۳۹ھ-۲۰۱۷ء، ناشر: معہدالتعلیم والتربیہ بالا گنج لکھنؤ، تبصرہ نگار: محمد تبریز عالم حلیمی قاسمی(خادم تدریس دارالعلوم حیدرآباد)

تبصرے بند ہیں۔