عورت: رسول اکرمﷺ کی نظر میں (قسط 1)

ڈاکٹر محمد واسع ظفر

اسلام کی صورت کو مسخ کرنے اور مسلمانوں کی شبیہ کو بگاڑنے کے لئے یہود و نصاریٰ کے سرمایہ کاروں کے ذریعہ کنٹرول شدہ مغربی ذرائع ابلاغ نے ایک عرصہ سے ایک مہم چلائی ہوئی ہے جس میں بدقسمتی سے اب ہندوستانی الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا سے منسلک ایک بڑا طبقہ بھی بدلے ہوئے سیاسی منظرنامہ کی مزاج شناسی کے نتیجہ میں اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے اپنے سیاسی آقائوں کی خوشنودی حاصل کرنے کی غرض سے شامل ہوچکا ہے۔ ان ذرائع ابلاغ نے اس سلسلہ میں جن موضوعات کو منتخب کیا ہوا ہے ان میں سے ایک’ اسلام اور اسلامی معاشرہ میں عورت کا مقام‘ بھی ہے۔ چنانچہ مسلم معاشرہ کے تعلق سے عورتوں کی جو تصویر پیش کی جارہی ہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ عورتوں کی مسلم معاشرہ میں کوئی عزت و وقعت نہیں ، نہ ہی انہیں کوئی حقوق حاصل ہیں اور نہ آزادی۔ عورتیں مسلم معاشرہ میں قید و بند کی زندگی گزاررہی ہیں اور انہیں ان کی شخصیت کی نشوونما کے مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ ہر لمحہ ان پر طلاق کی تلوار تنی رہتی ہے اور ان کو سماجی تحفظات کی فراہمی کا مسلم معاشرہ میں کوئی اندرونی و دستوری میکنزم  (Mechanism) نہیں ہے۔ افسوس کہ یہ الزام اس معاشرہ پر ہے جو ایسی شریعت کی حامل ہے جس کے شارع رسول خدا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

’’حُبِّبَ اِلَيَّ مِنَ الدُّنْیَا النِّسَائُ وَ الطِّیْبُ وَ جُعِلَ قُرَّۃُ عَیْنِيْ فِي الصَّلَاۃِ‘‘

’’مجھے دنیا کی سب چیزوں میں عورتیں اور خوشبو پسند ہے اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے‘‘۔ (سنن نسائی، کتابُ عِشْرَۃِ النِّسَائِ، باب حُبِّ النِّسَائِ، بروایت انسؓ )۔

جہاں تک راقم کی سمجھ ہے، ان پروپیگنڈوں کا اصل مقصد دوسری ملتوں کے افراد خصوصاً نوجوان لڑکے لڑکیوں اور عورتوں کواسلام کی طرف مائل ہونے سے روکنا ہے جو اپنے اندرونی حالات کی وجہ سے بڑی تیزی کے ساتھ اسلام کی طرف مائل ہو رہے ہیں لیکن مسلم معاشرہ کے جدید تعلیم یافتہ افراد خصوصاً عورتوں اور نوجوان لڑکیوں کے ذہنوں کو بگاڑنے میں بھی اس پروپیگنڈے نے اہم رول ادا کیا ہے۔ دوسری طرف مسلم معاشرے کے وہ اسلام سے نابلد اور غیر مہذب افراد ہیں جو اپنی مردانگی کے زعم میں بعض اوقات عورتوں پر ایسے مظالم ڈھاتے ہیں جس سے ایک غیرت مند مسلمان کا سر شرم سے جھک جاتا ہے اور یہی وہ افراد ہیں جو ذرائع ابلاغ کووہ مواد فراہم کر دیتے ہیں جسے وہ اسلام اور اسلامی معاشرہ کی شبیہ کوبگاڑنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ زیرنظرتحریر خصوصاً ان ہی دو طبقات کی نذر ہے جس میں راقم نے عورت کی مختلف حیثیت کے تعلق سے رسول پاکﷺ کے ارشادات کو ترتیب دینے کی کوشش کی ہے کہ شاید یہ حقیر سی کوشش تبدیلی فکرو عمل میں کچھ معاون ثابت ہو جو راقم کی مغفرت کا بھی ذریعہ بن جائے اور بہ روز جزا اس کا شمار اسلام اور پیغمبر اسلام کے دفاع کرنے والوں میں ہوجائے۔آئیے گفتگو کا آغاز ’ماں ‘سے کرتے ہیں۔

عورت بہ حیثیت ماں:

  ماں عورت کا سب سے حسین روپ ہے۔ ماں کی محبت، شفقت، ہمدردی، غمخواری اور قربانی کو بے مثل اور لاثانی تصور کیا جاتا ہے۔ بچہ کی پیدائش سے لے کر اس کی پرورش و پرداخت تک ایک ماں کو جن مشقتوں سے گزرنا پڑتا ہے اسے ایک ماں ہی سمجھ سکتی ہے۔ وہ حمل کا بوجھ اٹھاتی ہے، بچہ کی ولادت کی تکلیف و مشقت جھیلتی ہے، اس کو دودھ پلانے کی زحمت برداشت کرتی ہے، اس کی نجاستوں کو اپنے ہاتھوں سے دھوتی ہے، اس کے آرام اور دیگر ضروریات کے لئے اپنی راتوں کی نیند قربان کرتی ہے اور اس کی ہر تکلیف پر اپنی جان نچھاور کرنے میں اپنی سعادت سمجھتی ہے۔ یہ ایسی مشقتیں ہیں جن میں باپ کی کوئی شرکت نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ بچہ کی تعلیم و تربیت میں بھی ماں اہم رول ادا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مفکرین ماں کی گود کوبچہ کی پہلی درسگاہ کہتے ہیں اور کیوں نہ کہیں جبکہ بچہ کی زبان و بیان کی تعلیم، سماجی اقدار کی تعلیم، تہذیب وتمدن کی تعلیم، مذہب کی تعلیم، احساسات و جذبات کی تربیت اور کردار سازی میں ماں کا جو رول ہوتا ہے وہ کسی اہل علم سے پوشیدہ نہیں ۔ سچ تو یہ ہے کہ کوئی بھی باپ بچہ پر خواہ کتنا ہی شفیق اور مہربان کیوں نہ ہو، ماں کا بدل نہیں ہو سکتا۔ اس لئے انصاف کا تقاضہ یہی ہے کہ ایک انسان پر سب سے زیادہ حق اس کی ماں کا ہو اور یہی فیصلہ ہے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی۔ حضرت ابوہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ ایک صحابی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اورعرض کیا: ’’ یا رسول اللہ ﷺ ! سب سے زیادہ کس کا حق ہے(مجھ پر) کہ میں اس کے ساتھ حسن سلوک کروں ؟ آپؐ نے فرمایا: تیری ماں کا۔ انہوں نے پوچھا پھر کس کا؟ آپؐ نے فرمایا: تیری ماں کا، انہوں نے (تیسری بار) پوچھا پھر کس کا؟ آپؐ نے (پھر) فرمایا تیری ماں کا۔ انہوں نے پوچھا پھر کس کا؟ آپؐ نے فرمایا: پھرتیرے باپ کا۔ (صحیح بخاری، کتاب الأدب، بابُ مَنْ أَحَقُّ النَّاسِ بِحُسْنِ الصُّحْبَۃِ )۔

شارحین حدیث اس حدیث کے الفاظ سے یہ مسئلہ اخذ کرتے ہیں کہ کسی شخص پر والدین کے حسن سلوک اور بھلائی کرنے کہ جو حقوق عائد ہوتے ہیں ان میں ماں کا حصہ باپ سے تین گنا بڑھا ہوا ہے اور اگر ایسی صورتحال پیش آجائے جس میں بہ یک و قت دونوں کے حقوق کی ادائیگی دشوار ہوجائے تو ماں کے حق کو فوقیت دی جائے گی۔ ظاہر ہے اس فوقیت کی وجہ مذکورہ بالا وہ تکالیف ہیں جو ایک ماں اپنے بچہ کے لئے برداشت کرتی ہے اور یہ تکالیف ایسی ہیں کہ ایک آدمی اپنی ماں کی جتنی بھی خدمت کرلے ان میں سے کسی ایک تکلیف کا بھی حق ادا نہیں کرسکتا۔ حضرت بریدہؓ اپنے والد سے یہ روایت نقل کرتے ہیں کہ ایک آدمی طواف کے دوران اپنی والدہ کو اٹھائے ہوئے طواف کررہا تھا، اس نے نبی اکرمﷺ سے یہ سوال کیا کہ کیا میں نے (اپنے اس عمل سے) اپنی والدہ کا حق ادا کردیا؟ آپؐ نے فرمایا: ’’لا ولا بزفرۃ واحدۃ‘‘یعنی’’نہیں ، بلکہ اس کی ایک تکلیف کے بدلے بھی نہیں ‘‘۔(مسندالبزار، مکتبۃ العلوم و الحکم، المدینۃ المنورۃ، ۲۰۰۳ ؁ء، الجزء العاشر، ص ۲۷۶ ؍حدیث نمبر ۴۳۸۰)۔

امام طبرانیؒ نے اس حدیث کو دوسرے طرق سے روایت کیا ہے جس میں یہ ہے کہ ان صحابیؓ نے نبی کریم ﷺ سے کہا کہ میں نے اپنی والدہ کو اپنی گردن پر اتنی شدید گرمی میں دو فرسخ تک اٹھایا کہ اگر اس میں گوشت کا ایک ٹکڑا رکھ دیا جاتا تو وہ بھی بھون دیا جاتا تو کیا میں نے اس کا شکریہ ادا کردیا؟ آپؐ نے فرمایا:

’’لَعَلَّہُ أَنْ یکُونَ بِطَلْقَۃٍ وَاحِدَۃٍ‘‘

’’شاید یہ ایک مرتبہ کے درد زہ (Labour Pain) کے عوض میں ہوجائے‘‘۔(الروض الداني الیٰ المعجم الصغیر للطبراني، المکتب الاسلامی، بیروت، ۱۹۸۵ ؁ء، جلد ۱، صفحہ ۱۶۳، حدیث نمبر۲۵۵)۔

ایک اور روایت میں یہ ہے کہ ’’ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ میرے ماں باپ بوڑھے ہوگئے ہیں ، میرے لئے ان کی ادائیگی حقوق کا کوئی طریقہ ہے تاکہ میں اپنے بچپن کی تربیت کا حق ادا کرسکوں ؟ آپؐ نے فرمایا: تم ان کا کوئی حق نہیں ادا کرسکتے اس لئے کہ انہوں نے (تیری) تربیت تیری زندگی کی بقا کی خوشی میں کی تھی (جبکہ) تو ان کی خدمت ان کی موت کی خوشی (آرزو) میں کرے گا‘‘۔ (فیوض الرحمٰن اردو ترجمہ تفسیر روح البیان، مکتبہ اویسیہ رضویہ، بہاول پور، ۱۹۹۳ ؁ء، جلد ۶، پارہ ۱۵، ۱۶، ۱۷، ص ۱۲۳ )۔

ماں کے حق کو اسلامی شریعت میں اس درجہ تسلیم کیاگیا ہے کہ مشرک ماں کے ساتھ بھی حسن سلوک کی ہدایت دی گئی ہے حالا نکہ شرک اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ فعل ہے۔ حضرت اسماء بنت ابوبکرؓ سے روایت ہے کہ انھوں نے کہا کہ جس زمانہ میں رسول اللہ ﷺ نے قریش سے صلح (حدیبیہ)کر رکھی تھی، اسی مدت میں میری والدہ (قتیلہ) اپنے والد (حارث بن مدرک) کو ساتھ لے کر (مکہ سے مدینہ) میرے پاس آئیں جبکہ وہ اس وقت مشرکہ تھیں ۔چنانچہ میں نے ان کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے استفسار کیا اور کہاکہ یا رسول اللہ ﷺ! میری والدہ میرے پاس آئی ہیں اور وہ مجھ سے (کچھ مال و اسباب لینے کی ) رغبت رکھتی ہیں ، (تو) کیا میں ان کے ساتھ صلہ رحمی کروں ؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں ! ان کے ساتھ صلہ رحمی (یعنی نیکی اور احسان کا برتاؤ ) کرو۔ (صحیح بخاری، کتابُ الْجِزْیَۃِ وَ الْمُوَادَعَۃِِِِِ، باب ۱۸، حدیث نمبر ۳۱۸۳ )۔

یہی نہیں رسول پاک ﷺ نے ماں کی خدمت کے لئے جہاد جیسے اہم فریضہ سے بھی صحابہ کو رخصت دی ہے۔ معاویہ بن جاہمہ سلمیؓ سے روایت ہے کہ( میرے والد محترم) حضرت جاہمہؓ نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! میں نے جہاد میں شرکت کا ارادہ کرلیا ہے اور آپ کی خدمت میں مشورہ کرنے کے لئے حاضر ہوا ہوں ۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تیری ماں زندہ ہے؟ انہوں نے عرض کیا : جی ہاں ! آپؐ نے فرمایا:

’’فَالْزَمْھَا فَاِنَّ الْجَنَّۃَ تَحْتَ رِجْلَیْھَا‘‘

’’پھر تم انھیں کی خدمت میں رہو کیونکہ جنت ان کے قدمو ں تلے ہے‘‘۔ (سنن نسائی، کتاب الجہاد، باب الرُّخْصَۃُ فِي التَّخَلُّفِ لِمَن لَہٗ وَالِدَۃٌ)۔

غور کرنے کی بات یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ماں کی خدمت کے لئے نہ صرف جہاد سے رخصت دی بلکہ اس پر جنت کی بشارت بھی دی۔اسے یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ آپؐ نے ماں کی خدمت کو ہی جہاد قرار دیا۔

نبی کریم ﷺنے اس بات کو بالکل پسند نہیں فرمایا کہ کوئی ماں کی نا فرمانی کر کے اس کا دل دکھائے۔ حضرت مغیرہ بن شعبہؓ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا:

’’اِنَّ اللّٰہَ عَزَّ وَ جَلَّ حَرَّمَ عَلَیْکُمْ عُقُوْقَ الأُمَّھَاتِ، وَوَأْدَ الْبَنَاتِ وََمَنْعاً وَھَاتِ، وَ کَرِہَ لَکُمْ ثَلَاثاً: قِیْلَ وَ قَالَ، وَکَثْرَۃَ السُّؤَالِ، وَ اِضَاعَۃَ الْمَالِ‘‘

’’بلاشبہ اللہ عزوجل نے تم پر ماؤں کی نافرمانی کرنے، لڑکیوں کو زندہ در گور کر دینے، اور بخیلی و گدائی اختیار کرنے(یعنی قدرت کے باوجود دوسروں کا حق دبانے اور بغیر حق سوال کرنے) کو حرام کردیا ہے اورتین باتوں ؛ قیل وقال (بیہودہ بکواس کرنے)، کثرت سوال اور مال ضائع کرنے کو تمھارے لئے ناپسند کیاہے‘‘۔ ( صحیح مسلم، کتاب الأَقْضِیَۃِ، باب النَّھْيِ عَنْ کَثْرَۃِ الْمَسَائِلِ مِنْ غَیْرِ حَاجَۃٍ۔۔)۔

یہاں تک راقم نے صرف ان احادیث کا تذکرہ کیا ہے جن میں رسول اللہ ﷺ کی ہدایات صرف ماں کے حوالہ سے ملتی ہیں ، ان کے علاوہ متعدد وہ احادیث ہیں جن میں والدین یعنی ماں اور باپ دونوں کی نافرمانی سے روکا گیا ہے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ چنانچہ عبدالرحمٰن بن ابی بکرہؓ روایت کرتے ہیں ہے کہ ان سے ان کے والد نے یہ بیان کیا کہ ایک بار رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’أَلَا أُخْبِرُکُمْ بِأَکْبَرِالْکَبَائِرْ؟‘‘یعنی ’’ کیا میں تمھیں سب سے بڑے گناہ کی خبر نہ دوں ؟‘‘۔صحابہ نے عرض کیا کیوں نہیں اے اللہ کے رسول! تو آپؐ نے فرمایا: ’’الاِشْرَاکُ بِاللّٰہِ وَعُقُوْقُ الْوَالِدَیْنِ‘‘۔یعنی ’’اللہ کے ساتھ شرک کرنا اور والدین کی نافرمانی کرنا‘‘۔ ( صحیح بخاری، کتاب الاستئذان، باب مَنِ اتَّکَأَ  بَیْنَ یَدَیْ أَصْحَابِہِ)۔ اب ذرا غور تو کیجیے کہ نبی کریم ﷺ نے والدین کی نافرمانی کے گناہ کو شرک جیسے قبیح فعل جس کے بارے میں اللہ رب العزت کا ارشاد ہے : ’’إِنَّ الشِّرْکَ لَظُلْمٌ  عَظِیْمٌ‘‘ یعنی ’’ بیشک شرک بڑا بھاری ظلم ہے‘‘ (لقمان: ۱۳) کے گناہ کے ساتھ ذکر فرمایا گویا اس کے مدمقابل ٹھہرایا ہے تو اس گناہ کی شنیعت کا اندازہ ہی لگایا جاسکتا ہے۔ اور کیوں نہ ہو کہ خود اللہ رب العزت نے اپنی کتاب (جس کے پیش کردہ فلسفہ حیات کی رسول اللہ ﷺ نے پوری زندگی تبلیغ کی ہے) میں اپنی عبادت کی تلقین کے ساتھ ساتھ والدین کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی ہے۔

  ارشاد ربانی ہے:

وَقَضٰی رَبُّکَ أَلاَّ تَعْبُدُوْٓا إِلآَّ إِیَّاہُ وَبِالْوَالِدَیْْنِ إِحْسَاناً ط إِمَّا یَبْلُغَنَّ عِندَکَ الْکِبَرَ أَحَدُہُمَا أَوْ کِلٰہُمَا فَلاَ تَقُل لَّہُمَا أُفٍّ وَّلاَ تَنْہَرْہُمَا وَقُل لَّہُمَا قَوْلاً کَرِیْماً ہ وَاخْفِضْ لَہُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَۃِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْہُمَا کَمَا رَبَّیَانِیْ صَغِیْرًا۔

 ’’ اور تیرا رب صاف صاف حکم دے چکا ہے کہ تم اس کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرنااور ماں باپ کے ساتھ احسان کرنا۔ اگر تیری موجودگی میں ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان کے آگے اف تک نہ کہنا، نہ انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرنا (یا جھڑکنا) بلکہ ان کے ساتھ ادب و احترام سے بات کرنا۔ اور ان کے لئے عاجزی اورمہربانی کے ساتھ اپنے بازو جھکائے رکھنا اور دعا کرتے رہنا کہ اے میرے پروردگار ان پر ویسا ہی رحم کر جیسا کہ انہوں نے بچپن میں میری پرورش کی‘‘۔ (الإسراء: ۲۳-۲۴)۔

یعنی والدین کی نافرمانی کرنا تو دور کی بات ہے، کسی بات پر ناپسندیدگی کے اظہار کرنے کے لئے جو سب سے کم تر شدت کالفظ ہوسکتا ہے یعنی ’’اف‘‘، اللہ رب العزت نے والدین کے حق میں اس کے استعمال سے بھی روک دیا ہے۔ ساتھ ہی اپنے بندوں کو اس بات کی ہدایت بھی دی ہے کہ اپنے والدین کے بڑھاپے میں جب عقل و حواس اور علم و حکمت سب انسان کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں اور وہ بہکی بہکی باتیں کرنے لگتا ہے، بچوں جیسی ضدباندھنے لگتا ہے، غصہ اور جھلاہٹ کا شکار ہوجاتا ہے اور بعض اوقات بشری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے بھی کسی کا محتاج ہوجاتا ہے، نہ صرف ان کا ساتھ دیں بلکہ ان کے ساتھ احسان و سلوک اور عاجزی و مہربانی کا معاملہ کریں ۔ دل و جان سے ان کی خدمت کریں ، ان کی کڑوی کسیلی باتوں کو برداشت کریں، انہیں کسی بات پر نہ جھڑکیں اور ان کے ساتھ ادب و احترام سے پیش آئیں ۔ نیز اس خدمت کے دوران اپنے بچپنے کی محتاجی کو بھی یاد کریں کہ جب وہ اپنی ضرورتوں اور تکلیفوں کو بتانے سے بھی عاجز تھے تو کیسے ان کے والدین نے ان کی ضرورتوں کا خیال رکھا اور زمانہ کی تند و تیز ہوائوں سے بچاکر کتنی مشقتوں کے ساتھ ان کی پرورش کی تھی۔ کتنی بار اس نے ماں باپ کے جسموں کو اپنی غلاظتوں سے آلود ہ کیا ہوگا اور کتنی راتیں ان لوگوں نے اس کی راحت و آرام کی خاطر جاگ کر کاٹی ہوں گی۔ جب انسان ان باتوں کو یاد کرے گا تو نہ صرف بوڑھے والدین کی خدمت اسے آسان معلوم ہوگی بلکہ دل سے ان کے لئے دعا بھی نکلے گی کہ اے میرے رب ! میرے والدین کے بڑھاپے میں ان پر ویسے ہی رحم فرما جیسے انہوں نے میرے بچپنے میں مجھ پر رحم و شفقت کا معاملہ فرما کر میری پرورش کی تھی۔

رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کا حصہ یہ بھی ہے کہ انسان اپنے والدین کو بڑھاپے کی حالت میں پائے تو یہ سمجھے کہ اللہ رب العزت نے اسے ایک موقع عنایت کیا کہ وہ ان کی خدمت کرکے آخرت میں اپنی مغفرت اور جنت کے حصول کو یقینی بنالے۔ اگر کسی نے اس موقع کو گنوا دیا تو اس کے جیسا محروم کوئی نہیں۔ آپؐ کا جبرائیل علیہ السلام کی ان بددعائوں پر آمین کہنا حدیث کی کتابوں میں وارد ہوا ہے جن میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا:

’’وَ مَنْ أَدْرَکَ أَبَوَیْہِ أَوْ أَحَدَھُمَا فَلَمْ یَبَرَّھُمَا، فَمَاتَ فَدَخَلَ النَّارَ فَأَبْعَدَہُ اللّٰہُ‘‘

’’جو شخص اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کو پائے اور ان کے ساتھ اچھا سلوک نہ کرے اور مرنے کے بعد جہنم میں جائے تو اللہ تعالیٰ اسے (اپنی رحمت سے ) دور کرے‘‘۔ (صحیح ابن حبان، کتاب الرقائق، ذِکْرُ رَجَائِ دُخُوْلِ الْجِنَانِ الْمُصَلِّی عَلَی الْمُصْطَفٰی ﷺ عِنْدَ ذِکْرِہٖ مَعَ خَوْفِ  دُخُوْلِ النِّیْرَانِ عِنْدَ اِغضَائِہِ عَنْہُ کُلَّمَا ذَکَرَہُ، بروایت ابوہریرہؓ )۔

ایک تو جبرائیل علیہ السلام کی بددعا ہی کیا کم تھی اس پر رسول اللہ ﷺ کے آمین کہنے نے اسے جس قدر سخت بنادیا اسے قیاس ہی کیا جاسکتا ہے۔ بلکہ اس روایت میں تو جسے راقم نے نقل کیا ہے یہ ہے کہ جبرائیل ؑ نے انہیں آمین کہنے کے لئے کہا جب آپؐ نے آمین کہا جس سے اور بھی تاکید معلوم ہوتی ہے اور والدین کی بڑھاپے میں خدمت نہ کرنے والوں کی ہلاکت میں کوئی شبہہ نہیں رہ جاتا ہے۔

ایک دوسری روایت میں یہ ہے کہ آپؐ نے خود بھی یہ فرمایا: ’’رَغِمَ أَنْفُ رَجُلٍ  أَدْرَکَ عِنْدَہٗ أَبَوَاہُ الْکِبَرَ فَلَمْ یُدخِلَاہُ الْجَنَّۃَ ‘‘ (ترجمہ): ’’اس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس نے اپنے والدین کو ضعیفی کی حالت میں پایا اور وہ دونوں اس کو جنت میں داخل نہ کریں ‘‘۔ (سنن ترمذی، کتاب الدعوات، باب رَغِمَ أَنْفُ رَجُلٍ ذُکِرْتُ عِنْدَہٗ، بروایت ابوہریرہؓ)۔ اس حدیث کے ایک راوی عبدالرحمٰن نے یہ کہا کہ میرا گمان یہ ہے کہ آپؐ نے  أَبَوَاہُ الْکِبَرَ  کے بعد  أَوْ أَحَدُھُمَا بھی فرمایا تھا جس کا مطلب ہے ’’یا ان میں سے کوئی ایک‘‘ یعنی ماں یا باپ کسی ایک کو بھی بڑھاپے کی حالت میں پایا اور ان کی خدمت کرکے مستحق جنت نہ ہوا تو ایساشخص رسول اللہ ﷺ کے ان کلمات کا مستحق گردانا جائے گا۔

جس مذہب کی یہ تعلیمات ہوں اس کے ماننے والوں کو نہ ہی کسی Mother’s Day   یا Mom Day   کی ضرورت ہے نہ Father’s Day کی اور نہ ہی کسی دیگر فلسفہ حیات یا نام نہاد حقوق نسواں کے علمبرداروں سے متعلقہ اقدار کو مستعار لینے کی ضرورت۔ مغربی تہذیب نے تو ہمیں اپنے بوڑھے والدین سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی راہ سجھائی ہے کہ انہیں اولڈ ایج ہومس  (Old-age Homes) میں دوسروں کے رحم و کرم پر ڈال دو اور کبھی ہفتہ یا مہینہ میں ایک بار یا پھر سال میں ایک بار Mother’s Day  یا  Father’s Day  کے موقع پر پھولوں کا ایک گلدستہ لے کر اپنی مصنوعی اظہار ہمدردی کے لئے پہنچ جایا کرو۔ بس گویا تم نے ان کا حق ادا کردیا! افسوس کہ ہم ہندوستانیوں نے بھی اپنی تہذیب و ثقافت کو بھلا کر مغربی تہذیب کی اس روش کواپنا لیا اور اب یہاں بھی ضعیفوں کے لئے ایسی پناہ گاہیں وجود میں آچکی ہیں ۔ ایک ویب سائیٹ dadadadi.org کے مطابق اس وقت ہندوستان میں ایسی ۷۲۸ پناہ گاہیں ہیں جن میں ۱۲۴ تو فقط کیرل میں ہیں جو کسی صوبہ میں سب سے بڑی تعداد ہے۔ کیرل جو تعلیم کے معاملہ میں ملک میں سر فہرست ہے اسے تعلیم نے یہی تحفہ دیا ہے! کاش کہ ہماری نئی نسل کو یہ بات سمجھ میں آجائے اور اس سے پہلے کہ ہمارا خاندانی نظام پوری طرح ٹوٹ جائے اور سماجی تانا بانا بکھر جائے وہ ہوش کے ناخن لیں اور بجائے مغربی تہذیب کی نقالی کے اسلامی تہذیب کو اپنا کر اپنی دنیا و آخرت کو خوشگوار بنائیں۔

تبصرے بند ہیں۔