فرہنگ اصطلاحات

مبصر: ڈاکٹرعزیز سہیل حیدرآباد

مرتب: محمدنعمان علی

(ریسرچ اسکالر مانو)

عصرحاضر میں جامعات میں زیرتعلیم تحقیق کار اورجامعات سے فارغ طلبہ اپنے تحقیقی کاموں کو کتابی شکل میں شائع کرنے کی روایات اب دن بہ دن عام ہوتی جارہی ہےں۔ مولانا آزاد نیشنل اردویونیورسٹی حیدرآبادکے شعبہ ترجمہ کے ایک ہونہار اور جواں سال محقق محمدنعمان علی نے بھی اپنے ایم فل کے مقالہ کو بعنوان ”فرہنگ اصطلاحات “کے عنوان سے حالیہ دنوں شائع کیا ہے یہ کتاب اردومیں رائج عام سائنسی اصطلاحات پر مشتمل ہے جو کہ انگریزی سے اردو میں ترجمہ کردہ ہے۔ اس کتاب کے ناشر اردو ٹرانسلیشن اکیڈیمی حیدرآباد ہے۔ 152صفحات پرمشتمل اس کتاب میں تین ہزارایک سوچھپن انگریزی اصطلاحات کا اردو ترجمہ پیش کیاگیاہے۔ محمدنعمان علی اردوکے ایک سنجیدہ طالب علم ہیں جن کا تعلق ضلع عادل آباد سے ہے۔

ان دنوں وہ مولانا آزاد نیشنل اردویونیورسٹی کے شعبہ ترجمہ سے پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ اس کتاب کا پیش لفظ ڈاکٹر محمد جنید ذاکر صدراردوٹرانسلیشن اکیڈیمی حیدرآباد واسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ ترجمہ مولانا آزاد نیشنل اردویونیورسٹی حیدرآباد نے رقم کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیش لفظ کو”حرف چند “کانام دیاہے جس میں یوروپ کی نشاط ثانیہ‘صنعتی انقلاب‘ سائنسی ایجادات ‘سائنسی نظریات اورسائنسی اصطلاحات پر سیرحاصل بحث کی گئی ہے۔ اس کتاب کی اہمیت اور صاحب کتاب سے متعلق اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ”دراصل یہ فرہنگ محمدنعمان علی کے ایم فل کے مقالہ کاایک حصہ ہے۔ ”آندھراپردیش کے اردومیڈیم نصابی کتابوں کی سائنسی اصطلاحات کا تجزیاتی مطالعہ“کے موضوع پر لکھے گئے مقالہ پر مولانا آزادنیشنل اردویونیورسٹی نے2016 میں انہیں مطالعات ترجمہ میں ایم فل (ماسٹرآف فلاسفی) کی ڈگری عطا کی۔ فرہنگ میں شامل تمام اصطلاحات سے اردومیڈیم کے فارغ التحصیل طلبہ تقریبا ساٹھ سالوں سے استفادہ کرتے رہے ہیں اوراساتذہ نے سائنسی مضامین کی درس وتدریس کے دوران انہیں استعمال کیاہے،اکثراصطلاحیں مقبول ومروج ہے۔ اردداں حضرات کاایک بڑا طبقہ ان اصطلاحات سے مانوس بھی ہے۔ چنانچہ ان کی اہمیت وافادیت اور ضرورت کے پیش نظر اسے زیور طباعت سے آراستہ کیاجارہاہے“۔

اس کتاب کے مرتب محمدنعمان علی نے اس کتاب میں اپنی بات کوپیش لفظ کا عنوان دیاہے۔ انہوں نے اپنی بات میں علم کی اہمیت کواجاگرکیاہے اور ساتھ ہی تحقیق ‘ترسیل اوراصطلاحات پر روشنی ڈالی ہے اوران اصطلاحات کوعلوم کی ترسیل کا ذریعہ بتایاہے۔ اپنے پیش لفظ میں وہ لکھتے ہیں کہ” پیش نظر فرہنگ، سائنسی اصطلاحات پرمشتمل ہے۔ اس فرہنگ میں جتنی بھی اصطلاحات مطالعہ کے لیے پیش کی گئی ہیں ان کا تعلق سائنسی علوم یعنی حیاتیات‘ حیوانات ‘ نباتیات ‘طبعیات وکیمیاءکی اردومیڈیم نصابی کتابوں سے ہے دراصل یہ اصطلاحات میرے ایم فل کے تحقیقی مقالہ ”آندھراپردیش کے اردومیڈیم نصابی کتابوں کی سائنسی اصطلاحات کا تجزیاتی مطالعہ“ کاتیسرا باب ہے جس میں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ آندھرا پردیش کے قیام سے لیکر تلنگانہ کی علحدگی تک مدارس میں پڑھائے جانے والے سائنس کی نصابی کتابوں میں موجود اصطلاحات کو یکجاکرکے ان کا تجزیاتی مطالعہ کیاجائے اورنصابی کتابوں کی ان اصطلاحات کو یکجا کرکے تشنگان علم کی خدمت میں ایک فرہنگ کی شکل میں پیش کیاجائے“۔

 زیرتبصرہ اس کتاب میں سائنسی علوم کی فرہنگ اصطلاحات کوپیش کیاگیاہے۔ انگریزی کے A to Zحرف تہجی کے اعتبار سے ان اصطلاحات کوکالم کی شکل میں پیش کیاگیاہے جس میں سلسلہ نمبر انگریزی اصطلاحات اور اردو متبادل الفاظ کو بیان کیاگیاہے۔ جیسا کہ Abdomenکا متبادل شکم ‘ پیٹ ‘ Beam کا متبادل شعاع‘ Cataract موتیا بند‘Cytogamy خلیہ ملاپ‘ Diversity تنوع، Ecology ماحولیات‘Fungi پھپھوند‘ Glaucoma سبزموتیا‘ Heredity توارث‘ Infraction قلبی انفساخ‘ Isotropicہم سمتی، Kinematicsمجرد حرکیات‘ Lithosphereزمینی کرہ‘ Macrophages کلاں خور‘ Neuro Fibrills عصبی ریشے‘ Obesityموٹاپا‘ Palaeozoic قدیم حیاتی دور‘ Quartzگار‘ Radioistopes تابکار ‘ ہمجا‘ Seedling تخمی پودا‘ Tarsalکعب‘ Ureterحالب‘ Vaccineٹیکہ‘ Wrinkledجھری دار‘ Xeropthaimia شب‘ چشمیہ‘ Yeast Cell ایسٹ کے خلیئے‘ Zodiac منطقہ البروج ‘ وغیرہ۔

زیر نظر کتاب کے مرتب نے سائنسی اصطلاحات کو محنت شاقہ سے جمع کیا اور ان کو مناسب و موضوع انداز میں ترتیب دیا ہے جو لائق تحسین کام ہے بہر حال اس کتاب کی ترتیب میں محمدنعمان علی نے آندھراپردیش کے اردومیڈیم نصابی کتابو ں کی سائنسی تین ہزار 156انگریزی اصطلاحات کو اردومیں متبادل مروجہ الفاظ کے ساتھ پیش کیاہے۔ یہ ایک کامیاب اوربہترین کوشش ہے جس کے لیے میں محمدنعمان علی کو خلوص دل کے ساتھ مبارکبا دپیش کرتا ہوں۔ اس کتاب کی ترتیب میں اصطلاحات کے ساتھ ساتھ ن کی تاریخی اہمیت ‘اس کی تفہیم اور تجزیاتی مطالعہ کوبھی پیش کیا جاتا تو ان کا یہ کارنامہ انوکھا قرار دیا جاسکتا تھا۔ جس طرح سے بھی انہوں نے اس کتاب کو ترتیب دیا ہے یہ ایک اہم کام ہے جس کی قدر کی جانی چاہیئے، بہرحال وہ ابھی کم عمر ہے ان کے سامنے زندگی کا کافی لمباسفر ہے۔ امید کہ وہ اردومیں ترجمہ نگاری سے متعلق اصطلاحات سازی اور ترجمہ نگاری کے موضوعات کو اپنی تحریروں کا حصہ بنائیں گے اور اس شعبہ میں کتاب بوں کی کمی کو پورا کریں گے اور اپنے تحقیقی کا م کو بہترسے بہتربنانے میں اپنا تن من قربان کریں گے۔

ضرورت بھی ہے کہ انگریزی کی سائنسی اصطلاحات جس سے اردو میڈیم کے طلبہ وطالبات بہت کم واقفیت رکھتے ہیں ان کوواقفیت کرائی جائے اورسائنسی علوم کے انگریزی سرمایہ کوترجمہ کے ذریعہ اردومیں پیش کیاجائے۔ 152صفحات پرمشتمل اس کتاب کی قیمت150روپئے رکھی گئی ہے جو ھدیٰ بک ڈپو پرانی حویلی حیدرآباد اور اردوٹرانسلیشن اکیڈیمی، ایودھیا نگر مہدی پٹنم حیدرآباد سے یا ترتیب کار محمدنعمان علی سے فو ن نمبر9704857188پر ربط کرتے ہوئے حاصل کی جاسکتی ہے۔

تبصرے بند ہیں۔