فیس بُک کی محفلیں اردو کی ہیں خدمت گذار: ایک منظوم تعارف

احمد علی برقیؔ اعظمی

فیس بُک پر ہیں جو ادبی محفلیں سرگرمِ کار
ہیں بقدرِ ظرف اردو کی سبھی خدمتگذار

ہیں عمر جاوید خاں کے تین معیاری گروپ
جن کی ہیں خدمات اقصائے جہاں میں آشکار

’’ ایک انیک ‘‘ ’’ اردو کلاسک ‘‘ ’’ اک زمیں شاعر کئی ‘‘
کارناموں سے ہیں اپنے فیس بک پر ذی وقار

کاوشوں سے اپنی ہے ممتاز بزمِ ’’ انحراف ‘‘
فیس بُک پر یہ بھی ہے شعر و ادب کی پاسدار

’’ فیس بُک ٹائمز ‘‘کی بزمِ سخن ہے منفرد
بزم آرائی ہے جس کی روح پرور ہفتہ وار

ہے ’’دیا ‘‘ بھی ضوفگن شمعِ فروزاں کی طرح
بعد ازآں ’’ قوسِ قزح ‘‘ کا کام بھی ہے شاندار

اک طرف ’’ موجِ سخن ‘‘ ہے اک طرف ’’ موجِ غزل ‘‘
اَن کی ادبی محفلیں بھی ہیں نہایت جاندار

کرتے ہیں اس میں بھی ہفتہ وار سب مشقِ سخن
محفلیں ’’ گُلکاریاں ‘‘ کی بھی ہیں بیحد باوقار

ہے عزیزالدین خاں خضری کی بھی اک انجمن
خاندانِ جوشؔ سے ہے جن کا رشتہ استوار

ہیں بہت فعال ’’ اردو شاعری ‘‘ اور ’’ سائباں ‘‘
جن کی بزم آرائیاں ہیں باعثِ صد افتخار

ہے نہایت دلنشیں ’’ صبحِ سخن ‘‘ کی پیشکش
اس کو بھی حاصل ہے اربابِ نظر کا اعتبار

ابنِ مفتی کی کی بھی ہے اپنی الگ اک انجمن
اُن کے والد کی ہے جو خدمات کی آئینہ دار

مُنعقد کرتے ہیں اُن کے نام سے طرحی نشست
اس کی بھی موجودگی ہے باعثِ صد افتخار

نعت گوئی کے لئے مختص کئی ہیں انجمن
نام گنواؤں کہاں تک محفلیں ہیں بیشمار

ہیں ’’ سخندان ‘‘ اور ’’ سخنور ‘‘ کی بھی عمدہ کاوشیں
اُن کے جو مُشتاق ہیں کرتے ہیں اُن کا انتظار

فیس بُک ترویجِ اردو کے لئے ہے فالِ نیک
استفادہ کررہا ہے جس سے بیحد خاکسار

ہیں فروغِ اردو میں یہ محفلیں بیحد مفید
ہے دعا یونہی رہیں اردو کی یہ خدمتگذار

رابطے کا ہے بہت اچھا وسیلہ فیس بُک
دوستی کی یہ فضا برقیؔ ہو یونہی سازگار

تبصرے بند ہیں۔