قرآنیات میں تحقیق، خواتین کے ذریعے

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

صفحات : 112 روپے (مجلد) 
قیمت : 120 روپے 
رابطہ نمبر :8285064809

کیا آپ کسی ایسی خاتون کا نام جانتے ہیں جس نے قرآن مجید کی مکمل یا جزئی تفسیر لکھی ہو؟ کیا آپ کو کسی ایسی خاتون کا علم ہے جس نے قرآنیات کے کسی موضوع پر کوئی کتاب تصنیف کی ہو؟ کیا آپ کسی ایسی خاتون سے واقف ہیں جس نے کسی یونی ورسٹی میں تعلیمِ حاصل کرتے ہوئے کسی قرآنی موضوع پر ایم اے، ایم فل یا پی ایچ ڈی کا مقالہ تحریر کیا ہو؟

ان سوالات کے جوابات دینے کے لیے ذہن پر زور دیا جائے تو گنتی کے چند نام ذہن پر آتے ہیں، حالاں کہ حقیقت یہ نہیں ہے۔ خاصی تعداد میں خواتین نے مختلف زبانوں میں مکمل تفسیریں لکھی ہیں، جزئی تفسیریں مختلف سورتوں کی تیار کی ہیں اور ان کے ذریعے لکھے جانے والے تحقیقی مقالات کی بھی طویل فہرست ہے۔

ڈاکٹر ندیم سحر عنبرین نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی سے اس موضوع پر پی ایچ ڈی کی تو بڑی دل چسپ معلومات سامنے آئیں۔ ان کا تحقیقی مقالہ(360 صفحات) ابھی منتظرِ اشاعت ہے۔ لیکن یہ مختصر کتاب بھی اہم معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس میں عالم عرب، پاکستان اور ہندوستان میں خواتین کے ذریعے لکھے جانے والے 700 تحقیقی مقالات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ ناقص فہرست ہے۔ مصنفہ کی جہاں تک رسائی ہو سکی، انھوں نے معلومات جمع کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن اب بھی ضرور بہت سے نام چھوٹ گئے ہوں گے۔

اس فہرست سے ظاہر ہے کہ عصری جامعات کی طالبات نے قرآنیات کے تمام میدانوں میں تحقیقی کام کیا ہے۔ انھوں نے کتبِ تفسیر کا تنقیدی جائزہ لیا ہے اور بعض کو ایڈٹ بھی کیا ہے، مفسرین کے مناہجِ تفسیر کا تعارف کرایا ہے، سورتوں اور آیات کی تفسیر لکھی ہے، سماجی، معاشی، سیاسی اور دیگر موضوعات و مسائل پر قرآن مجید کی روشنی میں بحث کی ہے۔

الغرض اسلامیات، بالخصوص قرآنیات کے میدان میں خواتین کا کام قابلِ قدر ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر انھیں مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کی سرپرستی کی جائے تو وہ اپنی علمی و فکری صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکتی ہیں اورامت اور انسانیت کو ان کی ذات سے فیض پہنچ سکتا ہے۔

امید ہے، مصنفہ کی اس کاوش کو علمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں۔