مادہ پرستی : رحمت یا زحمت ؟

مرتب: ڈاکٹر ضیاء الرحمن احمد ندوی

صفحات: 168

مبصر: محمد اسعد فلاحی

مادہ پرستی‘ کو روحانیت کی ’ضد‘ قرار دیا گیا ہے۔ یعنی ایک ایسا نظریہ جس کے مطابق دنیا میں صرف مادے کی کار فرمائی ہے۔ انسانی زندگی کی ابتدا بھی وہی ہے اور انتہا بھی۔ اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو یہ ایک بالکل غلط نظریہ ہے۔
انسانی وجود جسم اور روح سے مرکب ہے ۔ جسم ایک مادی حقیقت ہے اور اس کے مادی لوازم بھی ہیں ۔ مثلاً کھانا ، پینا، لباس،رہاش وغیرہ ۔ ان لوازم سے انسان کی جسمانی ضرورتیں پوری ہوتی ہیں اور وہ ایک مبمئن زندگی گزارتا ہے۔ مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ انسانی زندگی محض مادی اشیاء و لوازم سے کامل اطمینان اور سکون حاصل نہیں کر سکتی۔ کیوں کہ اس کے وجود کا ایک لازمی جزء اس کی روح ہے ، جو کہ حقیقت میں اس کے وجود کی حقیقی بنیاد ہے۔ اس کے بھی اپنے کچھ تقاضے ہیں، جن کی تکمیل کے بغیر اسے کامل اطمینان و سکون، میسر نہیں ہو سکتا اوراس کی زندگی میں ایک عظیم خلا پیدا ہو جاتا ہے جو اسے اندر سے کھوکھلا بنا دیتا ہے۔
مادہ پرستی نے انسانی زندگی کے کسی ایک گوشے کو متأثر نہیں کیا بلکہ وہ اس کے بہت سے گوشوں پر اثر انداز ہوئی ہے۔ چنانچہ جیسے جیسے اس کا نفوذ بڑھ رہا ہے، انسانی زندگی بھی متغیرہو رہی ہے۔انسان صرف مادی وسائل کے حسار میں گھر کر رہ گیا ہے۔اس نظریہ نے اس کی زندگی کا مقصدد صرف اور صرف خواہشات انسانی کی تکمیل تک محدود کر دیا ہے۔ خود غرضی کے گڈے میں گرتا جا رہا ہے۔مادہ پرستی ، مال و دولت کے کمارے کی حوس کی اندھی دوڑ ہے،جس کی وجہ سے سماج میں اخلاقی برائیاں جنم لیتی ، انتشار و اختلافات بڑھتے ہیں اور اس میں داخلی فساد برپا ہو جاتا ہے۔
مادہ پرستی کے نقصانات سے لوگوں کو بچانے اور متنبہ کرنے کی غرض سے ’الحکمۃ فاؤنڈیشن‘ نے اور انسانی زندگیوں کو اس سے پیش آنے والی تباہ کاریوں سے بچانے کی غرض سے ایک سمینار ’مادہ پرستی:رحمت یا زحمت‘کے عنوان سے منعقد کیا، جس میں سولہ (16) اہل علم اور اہل قلم نے اپنے پر مغز مقالات پیش کیے۔ بعد میں افادۂ عام کے پیش نظر اسے کتابی شکل دے دی گئی۔
زیر نظر کتاب میں سولہ (16) مقالات پر مشتمل ہے، جو کہ اپنے مرکزی موضوع (مادہ پرستی: رحت یا زحمت) کے مختلف گوشوں ، مثلاً مادہ پرستی کی تفہیم (محمد رئیس )، مادی ترقی کے بدلتے رجحانات (سید اطہر رضا بلگرامی)، مادہ پرستی اور ہندوستانی معاشرہ (ڈاکٹر ابو اللیث صدیقی ندوی)، مادہ پرستی قرآن کی نظر میں (پروفیسر سعود عالم قاسمی)، مادہ پرستی اور اسلام (ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی)، مادہ پرستی اور ہندوستانی معاشرہ (سلمان نسیم ندوی)، مادہ پرستی کے اثرات ہمارے اخلاق پر (محب اللہ قاسمی)،مادہ پرستی رحمت یا زحمت (محمد فرمان ندوی) وغیرہ، کا احاطہ کرتے ہیں۔
کتاب ہر پہلو سے قابل قدر اور لائق ستائش ہے، البتہ بعض جگہوں پر پروف کی غلطیاں رہ گئی ہیں۔ آیتوں پر اعراب نہیں لگائے گئے ہیں۔امید ہے کہ اس کتاب کا مطالعہ لوگوں کے لیے حقیقت کی طرف رہ نمائی اور غلط نظریوں سے بچنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اللہ تعالیٰ اس کتاب کے مرتبین اور معاونین کو اجر عطا فرمائے۔

تبصرے بند ہیں۔