ممتاز صحافی سہیل انجم پر منظوم خراج تحسین

ڈاکٹر احمد علی برقیؔ اعظمی

ہے یہ اعزازِ صحافت جو سہیل انجم کے نام

اُس سے ظاہر ہے صحافت میں ہے کیا ان کا مقام

کام سے ہے اُن کے روشن آج بستی کا بھی نام

ان کا ہے عصری ادب میں بھی نمایاں اک مقام

سب کے ہیں وردِ زباں اُن کے سیاسی تجزئے

عہدِ حاضر میں ہیں معیاری صحافت کے امام

اُن کے اسلوبِ بیاں میں ہے جو ادبی چاشنی

اہلِ دانش کے لئے ہے بادۂ عشرت کا جام

دیدنی ہیں اُن کے رخشِ فکر کی جولانیاں

ہیں وہ میدانِ صحافت میں نہایت تیزگام

بیس سے زائد کُتُب ہیں اُن کی منظورِ نظر

اپنے رشحاتِ قلم سے ہیں جہاں میں نیک نام

رہتے ہیں دہلی کی ادبی محفلوں میں پیش پیش

ہیں وہ دنیائے ادب میں قابلِ صد احترام

اپنے متوازن رویئے کے لئے معروف ہیں

سستی شہرت کے لئے کرتے نہیں وہ کوئی کام

نبض دوراں پر نہایت سخت ہے اُن کی گرفت

امن و صلح و آشتی کا سب کو دیتے ہیں پیام

گونجتی ہے ریڈیو امریکا سے اُن کی صدا

سنتے ہیں جس کو بگوشِ ہوش ہر سو خاص وعام

باعثِ عزوشرف ہے ان کا یہ جوہر ایوارڈ

عمر بھر مِلتے رہیں اُن کو یونہی ایسے انعام

ہیں وہ اردو کی گورننگ کونسل کے رکن بھی

پیش کرتا ہے اُنہیں احمد علی برقیؔ سلام

تبصرے بند ہیں۔